YouVersion Logo
تلاش

۱-سموئیل 4:13-17

۱-سموئیل 4:13-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

تمام اسرائیل میں خبر پھیل گئی، ”ساؤل نے جِبعہ کی فلستی چوکی کو تباہ کر دیا ہے، اور اب اسرائیل فلستیوں کی خاص نفرت کا نشانہ بن گیا ہے۔“ ساؤل نے تمام مردوں کو فلستیوں سے لڑنے کے لئے جِلجال میں بُلایا۔ فلستی بھی اسرائیلیوں سے لڑنے کے لئے جمع ہوئے۔ اُن کے 30,000 رتھ، 6,000 گھڑسوار اور ساحل کی ریت جیسے بےشمار پیادہ فوجی تھے۔ اُنہوں نے بیت آون کے مشرق میں مِکماس کے قریب اپنے خیمے لگائے۔ اسرائیلیوں نے دیکھا کہ ہم بڑے خطرے میں آ گئے ہیں، اور دشمن ہم پر بہت دباؤ ڈال رہا ہے تو پریشانی کے عالم میں کچھ غاروں اور دراڑوں میں اور کچھ پتھروں کے درمیان یا قبروں اور حوضوں میں چھپ گئے۔ کچھ اِتنے ڈر گئے کہ وہ دریائے یردن کو پار کر کے جد اور جِلعاد کے علاقے میں چلے گئے۔ ساؤل اب تک جِلجال میں تھا، لیکن جو آدمی اُس کے ساتھ رہے تھے وہ خوف کے مارے تھرتھرا رہے تھے۔ سموایل نے ساؤل کو ہدایت دی تھی کہ سات دن میرا انتظار کریں۔ لیکن سات دن گزر گئے، اور سموایل نہ آیا۔ ساؤل کے فوجی منتشر ہونے لگے تو ساؤل نے حکم دیا، ”بھسم ہونے والی اور سلامتی کی قربانیاں لے آؤ۔“ پھر اُس نے خود قربانیاں پیش کیں۔ وہ ابھی اِس کام سے فارغ ہی ہوا تھا کہ سموایل پہنچ گیا۔ ساؤل اُسے خوش آمدید کہنے کے لئے نکلا۔ لیکن سموایل نے پوچھا، ”آپ نے کیا کِیا؟“ ساؤل نے جواب دیا، ”لوگ منتشر ہو رہے تھے، اور آپ وقت پر نہ آئے۔ جب مَیں نے دیکھا کہ فلستی مِکماس کے قریب جمع ہو رہے ہیں تو مَیں نے سوچا، ’فلستی یہاں جِلجال میں آ کر مجھ پر حملہ کرنے کو ہیں، حالانکہ مَیں نے ابھی رب سے دعا نہیں کی کہ وہ ہم پر مہربانی کرے۔‘ اِس لئے مَیں نے جرأت کر کے خود قربانیاں پیش کیں۔“ سموایل بولا، ”یہ کیسی احمقانہ حرکت تھی! آپ نے رب اپنے خدا کا حکم نہ مانا۔ رب تو آپ اور آپ کی اولاد کو ہمیشہ کے لئے اسرائیل پر مقرر کرنا چاہتا تھا۔ لیکن اب آپ کی بادشاہت قائم نہیں رہے گی۔ چونکہ آپ نے اُس کی نہ سنی اِس لئے رب نے کسی اَور کو چن کر اپنی قوم کا راہنما مقرر کیا ہے، ایک ایسے آدمی کو جو اُس کی سوچ رکھے گا۔“ پھر سموایل جِلجال سے چلا گیا۔ بچے ہوئے اسرائیلی ساؤل کے پیچھے دشمن سے لڑنے گئے۔ وہ جِلجال سے روانہ ہو کر جِبعہ پہنچ گئے۔ جب ساؤل نے وہاں فوج کا جائزہ لیا تو بس 600 افراد رہ گئے تھے۔ ساؤل، یونتن اور اُن کی فوج بن یمین کے شہر جِبعہ میں ٹک گئے جبکہ فلستی مِکماس کے پاس خیمہ زن تھے۔ کچھ دیر کے بعد فلستیوں کے تین دستے ملک کو لُوٹنے کے لئے نکلے۔ ایک سوعال کے علاقے کے شہر عُفرہ کی طرف چل پڑا،

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سموئیل 13

۱-سموئیل 4:13-17 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور سارے اِسرائیلؔ نے یہ کہتے سُنا کہ ساؤُل نے فِلستِیوں کی چَوکی کے سِپاہی مار ڈالے اور یہ بھی کہ اِسرائیلؔ سے فلِستِیوں کو نفرت ہو گئی ہے۔ سو لوگ ساؤُل کے پِیچھے چل کر جِلجاؔل میں جمع ہو گئے۔ اور فِلستی اِسرائیلِیوں سے لڑنے کو اِکٹّھے ہُوئے یعنی تِیس ہزار رتھ اور چھ ہزار سوار اور ایک انبوہِ کثِیر جَیسے سمُندر کے کنارے کی ریت۔ سو وہ چڑھ آئے اور مِکماؔس میں بَیت آوؔن کے مشرِق کی طرف خَیمہ زن ہُوئے۔ جب بنی اِسرائیل نے دیکھا کہ وہ آفت میں مُبتلا ہو گئے کیونکہ لوگ پریشان تھے تو وہ غاروں اور جھاڑِیوں اور چٹانوں اور گڑھیوں اور گڑھوں میں جا چِھپے۔ اور بعض عِبرانی یَردؔن کے پار جد اور جِلعاد کے عِلاقہ کو چلے گئے پر ساؤُل جِلجاؔل ہی میں رہا اور سب لوگ کانپتے ہُوئے اُس کے پِیچھے پِیچھے رہے۔ اور وہ وہاں سات دِن سموئیل کے مُقرّرہ وقت کے مُطابِق ٹھہرا رہا پر سموئیل جِلجاؔل میں نہ آیا اور لوگ اُس کے پاس سے اِدھر اُدھر ہو گئے۔ تب ساؤُل نے کہا سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانِیوں کو میرے پاس لاؤ۔ سو اُس نے سوختنی قُربانی گُذرانی۔ اور جُوں ہی وہ سوختنی قُربانی گُذران چُکا تو کیا دیکھتا ہے کہ سموئیل آ پُہنچا اور ساؤُل اُس کے اِستِقبال کو نِکلا تاکہ اُسے سلام کرے۔ سموئیل نے پُوچھا کہ تُو نے کیا کِیا؟ ساؤُل نے جواب دِیا کہ جب مَیں نے دیکھا کہ لوگ میرے پاس سے اِدھر اُدھر ہو گئے اور تُو ٹھہرائے ہُوئے دِنوں کے اندر نہیں آیا اور فِلستی مِکماؔس میں جمع ہو گئے ہیں۔ تو مَیں نے سوچا کہ فِلستی جِلجاؔل میں مُجھ پر آ پڑیں گے اور مَیں نے خُداوند کے کرم کے لِئے اب تک دُعا بھی نہیں کی ہے اِس لِئے مَیں نے مجبُور ہو کر سوختنی قُربانی گُذرانی۔ سموئیل نے ساؤُل سے کہا تُو نے بیوقُوفی کی۔ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کو جو اُس نے تُجھے دِیا نہیں مانا ورنہ خُداوند تیری سلطنت بنی اِسرائیل میں ہمیشہ تک قائِم رکھتا۔ لیکن اب تیری سلطنت قائِم نہ رہے گی کیونکہ خُداوند نے ایک شخص کو جو اُس کے دِل کے مُطابِق ہے تلاش کر لِیا ہے اور خُداوند نے اُسے اپنی قَوم کا پیشوا ٹھہرایا ہے اِس لِئے کہ تُو نے وہ بات نہیں مانی جِس کا حُکم خُداوند نے تُجھے دِیا تھا۔ اور سموئیل اُٹھ کر جِلجاؔل سے بِنیمِین کے جِبعہ کو گیا۔ تب ساؤُل نے اُن لوگوں کو جو اُس کے ساتھ حاضِر تھے گِنا اور وہ قرِیباً چھ سَو تھے۔ اور ساؤُل اور اُس کا بیٹا یُونتن اور اُن کے ساتھ کے لوگ بِنیمِین کے جِبع میں رہے لیکن فِلستی مِکماؔس میں خَیمہ زن تھے۔ اور غارت گر فِلستِیوں کے لشکر میں سے تِین غول ہو کر نِکلے۔ ایک غَول تو سُعاؔل کے عِلاقہ کو عُفرؔہ کی راہ سے گیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سموئیل 13