۱-پطرس 9:2-17
۱-پطرس 9:2-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن تُم ایک مُنتخب اُمّت، شاہی کاہِنوں کی جماعت، مُقدّس قوم اَور خُدا کی خاص مِلکیّت ہو تاکہ تمہارے ذریعہ اُس کی خُوبیاں ظاہر ہوں جِس نے تُمہیں تاریکی سے اَپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے۔ پہلے تُم اُس کی اُمّت نہ تھے، لیکن اَب خُدا کی اُمّت بَن گیٔے ہو۔ تُم جو پہلے خُدا کی رحمت سے محروم تھے اَب اُس کی رحمت کو پا چُکے ہو۔ اَے عزیزوں! تُم جو مہاجِروں اَور پردیسیوں کی مانند زندگی گزار رہے ہو، میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُم اُن بُری جِسمانی خواہشوں سے دُور رہو جو تمہاری رُوح سے لڑائی کرتی رہتی ہیں۔ اَور غَیریہُودیوں میں اَپنا چال چلن اَیسا نیک رکھو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تمہاری بدگوئی کرتے ہیں، وُہی تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُنہیں کے سبب سے خُدا کے ظہُور کے دِن اُس کی تمجید کریں۔ خُداوؔند کی خاطِر، اِنسان کے ہر ایک اِنتظام کے تابع رہو؛ بادشاہ کے اِس لیٔے کہ وہ سَب سے اعلیٰ اِختیار والا ہے۔ حاکموں کے اِس لیٔے کہ خُدا نے اُنہیں بدکاروں کو سزا دینے اَور نیکوکاروں کی تعریف کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ کیونکہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم نیکی کرکے نادان لوگوں کی جہالت کی باتوں کو بند کر دو۔ اَور تُم خُود کو آزاد جانو، مگر اَپنی اِس آزادی کو بدکاری کی لیٔے اِستعمال نہ کرو، بَلکہ خُدا کے بندوں کی طرح زندگی بسر کرو۔ سَب کا مُناسب اِحترام کرو، اَپنی مُومِنین برادری سے مَحَبّت رکھو، خُدا سے ڈرو اَور بادشاہ کی تعظیم کرو۔
۱-پطرس 9:2-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن آپ اللہ کی چنی ہوئی نسل ہیں، آپ آسمانی بادشاہ کے امام اور اُس کی مخصوص و مُقدّس قوم ہیں۔ آپ اُس کی ملکیت بن گئے ہیں تاکہ اللہ کے قوی کاموں کا اعلان کریں، کیونکہ وہ آپ کو تاریکی سے اپنی حیرت انگیز روشنی میں لایا ہے۔ ایک وقت تھا جب آپ اُس کی قوم نہیں تھے، لیکن اب آپ اللہ کی قوم ہیں۔ پہلے آپ پر رحم نہیں ہوا تھا، لیکن اب اللہ نے آپ پر اپنے رحم کا اظہار کیا ہے۔ عزیزو، آپ اِس دنیا میں اجنبی اور مہمان ہیں۔ اِس لئے مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ جسمانی خواہشات کا انکار کریں۔ کیونکہ یہ آپ کی جان سے لڑتی ہیں۔ غیرایمان داروں کے درمیان رہتے ہوئے اِتنی اچھی زندگی گزاریں کہ گو وہ آپ پر غلط کام کرنے کی تہمت بھی لگائیں توبھی اُنہیں آپ کے نیک کام نظر آئیں اور اُنہیں اللہ کی آمد کے دن اُس کی تمجید کرنی پڑے۔ خداوند کی خاطر ہر انسانی اختیار کے تابع رہیں، خواہ بادشاہ ہو جو سب سے اعلیٰ اختیار رکھنے والا ہے، خواہ اُس کے وزیر جنہیں اُس نے اِس لئے مقرر کیا ہے کہ وہ غلط کام کرنے والوں کو سزا اور اچھا کام کرنے والوں کو شاباش دیں۔ کیونکہ اللہ کی مرضی ہے کہ آپ اچھا کام کرنے سے ناسمجھ لوگوں کی جاہل باتوں کو بند کریں۔ آپ آزاد ہیں، اِس لئے آزادانہ زندگی گزاریں۔ لیکن اپنی آزادی کو غلط کام چھپانے کے لئے استعمال نہ کریں، کیونکہ آپ اللہ کے خادم ہیں۔ ہر ایک کا مناسب احترام کریں، اپنے بہن بھائیوں سے محبت رکھیں، خدا کا خوف مانیں، بادشاہ کا احترام کریں۔
۱-پطرس 9:2-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن تُم ایک برگُزِیدہ نسل۔ شاہی کاہِنوں کا فِرقہ۔ مُقدّس قَوم اور اَیسی اُمّت ہو جو خُدا کی خاص مِلکِیّت ہے تاکہ اُس کی خُوبِیاں ظاہِر کرو جِس نے تُمہیں تارِیکی سے اپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے۔ پہلے تُم کوئی اُمّت نہ تھے مگر اب خُدا کی اُمّت ہو۔ تُم پر رحمت نہ ہُوئی تھی مگر اب تُم پر رحمت ہُوئی۔ اَے پِیارو مَیں تُمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُم اپنے آپ کو پردیسی اور مُسافِر جان کر اُن جِسمانی خواہِشوں سے پرہیز کرو جو رُوح سے لڑائی رکھتی ہیں۔ اور غَیر قَوموں میں اپنا چال چلن نیک رکھّو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تُمہاری بدگوئی کرتے ہیں تُمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُن ہی کے سبب سے مُلاحظہ کے دِن خُدا کی تمجِید کریں۔ خُداوند کی خاطِر اِنسان کے ہر ایک اِنتِظام کے تابِع رہو۔ بادشاہ کے اِس لِئے کہ وہ سب سے بزُرگ ہے۔ اور حاکِموں کے اِس لِئے کہ وہ بدکاروں کی سزا اور نیکوکاروں کی تعرِیف کے لِئے اُس کے بھیجے ہُوئے ہیں۔ کیونکہ خُدا کی یہ مرضی ہے کہ تُم نیکی کر کے نادان آدمِیوں کی جہالت کی باتوں کو بند کر دو۔ اور اپنے آپ کو آزاد جانو مگر اِس آزادی کو بدی کا پردہ نہ بناؤ بلکہ اپنے آپ کو خُدا کے بندے جانو۔ سب کی عِزّت کرو۔ برادری سے مُحبّت رکھّو۔ خُدا سے ڈرو۔ بادشاہ کی عِزّت کرو۔