YouVersion Logo
تلاش

۱-پطرس 4:2-12

۱-پطرس 4:2-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب تُم اُس زندہ پتّھر کے پاس آتے ہو جسے اِنسانوں نے ردّ کر دیا تھا لیکن جو خُدا کی نظر میں بیش قیمتی اَور مُنتخب کیا ہُواہے۔ اَور تُم بھی زندہ پتھّروں کی مانند ہو جو پاک رُوح کا مَقدِس بنتے جا رہے ہو، تاکہ تُم کاہِنوں کا مُقدّس فرقہ بَن کر اَیسی رُوحانی قُربانیاں پیش کرو جو یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے خُدا کے حُضُور میں مقبُول ہوتی ہیں۔ جَیسا کہ صحیفہ یُوں بَیان کرتا ہے: ”دیکھو! مَیں صِیّونؔ میں کونے کے سِرے کا، ایک مُنتخب اَور قیمتی پتّھر رکھ رہا ہُوں، اَورجو اُس پر ایمان لایٔے گا وہ کبھی شرمندہ نہ ہوگا۔“ پس تُم ایمان لانے والوں کے لیٔے تو وہ قیمتی پتّھر ہے لیکن ایمان نہ لانے والوں کے لیٔے، ”جِس پتّھر کو مِعماروں نے ردّ کر دیا تھا وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گئے۔“ اَور ”ٹھیس لگنے کا پتّھر اَور ٹھوکر کھانے کی چٹّان بَن گیا۔“ وہ اِس لیٔے ٹھوکر کھاتے ہیں کیونکہ وہ کِتاب مُقدّس پر ایمان نہیں لاتے ہیں اَور یہی سزا خُدا نے اُن کے لیٔے بھی مُقرّر کی ہے۔ لیکن تُم ایک مُنتخب اُمّت، شاہی کاہِنوں کی جماعت، مُقدّس قوم اَور خُدا کی خاص مِلکیّت ہو تاکہ تمہارے ذریعہ اُس کی خُوبیاں ظاہر ہوں جِس نے تُمہیں تاریکی سے اَپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے۔ پہلے تُم اُس کی اُمّت نہ تھے، لیکن اَب خُدا کی اُمّت بَن گیٔے ہو۔ تُم جو پہلے خُدا کی رحمت سے محروم تھے اَب اُس کی رحمت کو پا چُکے ہو۔ اَے عزیزوں! تُم جو مہاجِروں اَور پردیسیوں کی مانند زندگی گزار رہے ہو، میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُم اُن بُری جِسمانی خواہشوں سے دُور رہو جو تمہاری رُوح سے لڑائی کرتی رہتی ہیں۔ اَور غَیریہُودیوں میں اَپنا چال چلن اَیسا نیک رکھو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تمہاری بدگوئی کرتے ہیں، وُہی تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُنہیں کے سبب سے خُدا کے ظہُور کے دِن اُس کی تمجید کریں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-پطرس 2

۱-پطرس 4:2-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

خداوند کے پاس آئیں، اُس زندہ پتھر کے پاس جسے انسانوں نے رد کیا ہے، لیکن جو اللہ کے نزدیک چنیدہ اور قیمتی ہے۔ اور آپ بھی زندہ پتھر ہیں جن کو اللہ اپنے روحانی مقدِس کو تعمیر کرنے کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ آپ اُس کے مخصوص و مُقدّس امام ہیں۔ عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے آپ ایسی روحانی قربانیاں پیش کر رہے ہیں جو اللہ کو پسند ہیں۔ کیونکہ کلامِ مُقدّس فرماتا ہے، ”دیکھو، مَیں صیون میں ایک پتھر رکھ دیتا ہوں، کونے کا ایک چنیدہ اور قیمتی پتھر۔ جو اُس پر ایمان لائے گا اُسے شرمندہ نہیں کیا جائے گا۔“ یہ پتھر آپ کے نزدیک جو ایمان رکھتے ہیں بیش قیمت ہے۔ لیکن جو ایمان نہیں لائے اُنہوں نے اُسے رد کیا۔ ”جس پتھر کو مکان بنانے والوں نے رد کیا وہ کونے کا بنیادی پتھر بن گیا۔“ نیز وہ ایک ایسا پتھر ہے ”جو ٹھوکر کا باعث بنے گا، ایک چٹان جو ٹھیس لگنے کا سبب ہو گی۔“ وہ اِس لئے ٹھوکر کھاتے ہیں کیونکہ وہ کلامِ مُقدّس کے تابع نہیں ہوتے۔ یہی کچھ اللہ کی اُن کے لئے مرضی تھی۔ لیکن آپ اللہ کی چنی ہوئی نسل ہیں، آپ آسمانی بادشاہ کے امام اور اُس کی مخصوص و مُقدّس قوم ہیں۔ آپ اُس کی ملکیت بن گئے ہیں تاکہ اللہ کے قوی کاموں کا اعلان کریں، کیونکہ وہ آپ کو تاریکی سے اپنی حیرت انگیز روشنی میں لایا ہے۔ ایک وقت تھا جب آپ اُس کی قوم نہیں تھے، لیکن اب آپ اللہ کی قوم ہیں۔ پہلے آپ پر رحم نہیں ہوا تھا، لیکن اب اللہ نے آپ پر اپنے رحم کا اظہار کیا ہے۔ عزیزو، آپ اِس دنیا میں اجنبی اور مہمان ہیں۔ اِس لئے مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ جسمانی خواہشات کا انکار کریں۔ کیونکہ یہ آپ کی جان سے لڑتی ہیں۔ غیرایمان داروں کے درمیان رہتے ہوئے اِتنی اچھی زندگی گزاریں کہ گو وہ آپ پر غلط کام کرنے کی تہمت بھی لگائیں توبھی اُنہیں آپ کے نیک کام نظر آئیں اور اُنہیں اللہ کی آمد کے دن اُس کی تمجید کرنی پڑے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-پطرس 2

۱-پطرس 4:2-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

اُس کے یعنی آدمِیوں کے ردّ کِئے ہُوئے پر خُدا کے چُنے ہُوئے اور قِیمتی زِندہ پتّھر کے پاس آ کر۔ تُم بھی زِندہ پتّھروں کی طرح رُوحانی گھر بنتے جاتے ہو تاکہ کاہِنوں کا مُقدّس فِرقہ بن کر اَیسی رُوحانی قُربانِیاں چڑھاؤ جو یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلہ سے خُدا کے نزدِیک مقبُول ہوتی ہیں۔ چُنانچہ کِتابِ مُقدّس میں آیا ہے کہ دیکھو۔ مَیں صِیُّون میں کونے کے سرے کا چُنا ہُؤا اور قِیمتی پتّھر رکھتا ہُوں جو اُس پر اِیمان لائے گا ہرگِز شرمِندہ نہ ہو گا۔ پس تُم اِیمان لانے والوں کے لِئے تو وہ قِیمتی ہے مگر اِیمان نہ لانے والوں کے لِئے جِس پتّھر کو مِعماروں نے ردّ کِیا وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گیا۔ اور ٹھیس لگنے کا پتّھر اور ٹھوکر کھانے کی چٹان ہُؤا کیونکہ وہ نافرمان ہو کر کلام سے ٹھوکر کھاتے ہیں اور اِسی کے لِئے مُقرّر بھی ہُوئے تھے۔ لیکن تُم ایک برگُزِیدہ نسل۔ شاہی کاہِنوں کا فِرقہ۔ مُقدّس قَوم اور اَیسی اُمّت ہو جو خُدا کی خاص مِلکِیّت ہے تاکہ اُس کی خُوبِیاں ظاہِر کرو جِس نے تُمہیں تارِیکی سے اپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے۔ پہلے تُم کوئی اُمّت نہ تھے مگر اب خُدا کی اُمّت ہو۔ تُم پر رحمت نہ ہُوئی تھی مگر اب تُم پر رحمت ہُوئی۔ اَے پِیارو مَیں تُمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُم اپنے آپ کو پردیسی اور مُسافِر جان کر اُن جِسمانی خواہِشوں سے پرہیز کرو جو رُوح سے لڑائی رکھتی ہیں۔ اور غَیر قَوموں میں اپنا چال چلن نیک رکھّو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تُمہاری بدگوئی کرتے ہیں تُمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُن ہی کے سبب سے مُلاحظہ کے دِن خُدا کی تمجِید کریں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-پطرس 2