۱-سلاطِین 1:17-5
۱-سلاطِین 1:17-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور ایلیّاہؔ تِشبی جو جِلعاد کے پردیسِیوں میں سے تھا اخیاؔب سے کہا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی حیات کی قَسم جِس کے سامنے مَیں کھڑا ہُوں اِن برسوں میں نہ اوس پڑے گی نہ مِینہ برسے گا جب تک مَیں نہ کہُوں۔ اور خُداوند کا یہ کلام اُس پر نازِل ہُؤا کہ یہاں سے چل دے اور مشرِق کی طرف اپنا رُخ کر اور کرِیت کے نالہ کے پاس جو یَردن کے سامنے ہے جا چِھپ۔ اور تُو اُسی نالہ میں سے پِینا اور مَیں نے کوّوں کو حُکم کِیا ہے کہ وہ تیری پرورِش کریں۔ سو اُس نے جا کر خُداوند کے کلام کے مُطابِق کِیا کیونکہ وہ گیا اور کرِیت کے نالہ کے پاس جو یَردن کے سامنے ہے رہنے لگا۔
۱-سلاطِین 1:17-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
گِلعادؔ علاقہ کے تِشبےؔ شہر کے باشِندے ایلیّاہ نے احابؔ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی حیات کی قَسم، جِس کی میں خدمت کرتا ہُوں، آنے والے چند برسوں میں بغیر میرے حُکم کے نہ اوس پڑےگی، اَور نہ بارش ہوگی۔“ تَب یَاہوِہ کا کلام ایلیّاہ کے پاس پہُنچا، ”یہاں سے روانہ ہو جاؤ اَور مشرق کی سمت اَپنا رُخ کر اَور یردنؔ کے مشرق میں کِریتؔھ کے نالہ کے پاس جا کر چھُپ جاؤ۔ تُم اُسی نالہ میں سے پانی پینا اَور مَیں نے کوّوں کو حُکم دیا ہے کہ وہ تمہارے پاس کھانا پہُنچائیں۔“ چنانچہ ایلیّاہ نے وُہی کیا جو یَاہوِہ نے فرمایا تھا۔ وہ یردنؔ کے مشرق میں کِریتؔھ کے نالہ کے پاس گیا اَور وہیں رہنے لگے۔
۱-سلاطِین 1:17-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ایک دن الیاس نبی نے جو جِلعاد کے شہر تِشبی کا تھا اخی اب بادشاہ سے کہا، ”رب اسرائیل کے خدا کی قَسم جس کی خدمت مَیں کرتا ہوں، آنے والے سالوں میں نہ اوس، نہ بارش پڑے گی جب تک مَیں نہ کہوں۔“ پھر رب نے الیاس سے کہا، ”یہاں سے چلا جا! مشرق کی طرف سفر کر کے وادیٔ کریت میں چھپ جا جس کی ندی دریائے یردن میں بہتی ہے۔ پانی تُو ندی سے پی سکتا ہے، اور مَیں نے کوّوں کو تجھے وہاں کھانا کھلانے کا حکم دیا ہے۔“ الیاس رب کی سن کر روانہ ہوا اور وادیٔ کریت میں رہنے لگا جس کی ندی دریائے یردن میں بہتی ہے۔