YouVersion Logo
تلاش

۱-یوحنا 18:2-28

۱-یوحنا 18:2-28 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے لڑکو! یہ اخِیر وقت ہے اور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالِفِ مسِیح آنے والا ہے۔ اُس کے مُوافِق اب بھی بُہت سے مُخالِفِ مسِیح پَیدا ہو گئے ہیں۔ اِس سے ہم جانتے ہیں کہ یہ اَخِیر وقت ہے۔ وہ نِکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہیں۔ اِس لِئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکن نِکل اِس لِئے گئے کہ یہ ظاہِر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ اور تُم کو تو اُس قدُّوس کی طرف سے مَسح کِیا گیا ہے اور تُم سب کُچھ جانتے ہو۔ مَیں نے تُمہیں اِس لِئے نہیں لِکھا کہ تُم سچّائی کو نہیں جانتے بلکہ اِس لِئے کہ تُم اُسے جانتے ہو اور اِس لِئے کہ کوئی جُھوٹ سچّائی کی طرف سے نہیں ہے۔ کَون جُھوٹا ہے سِوا اُس کے جو یِسُوعؔ کے مسِیح ہونے کا اِنکار کرتا ہے؟ مُخالِفِ مسِیح وُہی ہے جو باپ اور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے۔ جو کوئی بیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی نہیں۔ جو بیٹے کا اِقرار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے۔ جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے اگر وہ تُم میں قائِم رہے تو تُم بھی بیٹے اور باپ میں قائِم رہو گے۔ اور جِس کا اُس نے ہم سے وعدہ کِیا وہ ہمیشہ کی زِندگی ہے۔ مَیں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لِکھی ہیں جو تُمہیں فرِیب دیتے ہیں۔ اور تُمہارا وہ مَسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اِس کے مُحتاج نہیں کہ کوئی تُمہیں سِکھائے بلکہ جِس طرح وہ مَسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُمہیں سب باتیں سِکھاتا ہے اور سچّا ہے اور جُھوٹا نہیں اور جِس طرح اُس نے تُمہیں سِکھایا اُسی طرح تُم اُس میں قائِم رہتے ہو۔ غرض اَے بچّو! اُس میں قائِم رہو تاکہ جب وہ ظاہِر ہو تو ہمیں دِلیری ہو اور ہم اُس کے آنے پر اُس کے سامنے شرمِندہ نہ ہوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 2

۱-یوحنا 18:2-28 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے بچّوں! یہ آخِری گھڑی ہے اَور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالف المسیؔح آنے والا ہے، اَور حقیقتاً بہت سے اَیسے مُخالف المسیؔح آ چُکے ہیں۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ آخِری گھڑی آ گئی ہے۔ یہ لوگ نکلے تو ہم ہی میں سے مگر حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ہی ساتھ رہتے۔ لیکن نِکل اِس لیٔے گیٔے تاکہ ظاہر ہو جائے کہ یہ لوگ ہماری جماعت کے اصل مومِن تھے ہی نہیں۔ لیکن تُم کو تو اُس قُدُّوس کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے اَور تُم پُوری سچّائی کو جانتے ہو۔ میں نے تُمہیں اِس لیٔے نہیں لِکھّا کہ تُم سچّائی سے واقف نہیں بَلکہ اِس لیٔے کہ تُم اُسے جانتے ہو اَور اِس لیٔے کہ کویٔی جھُوٹ سچّائی کی طرف سے نہیں آتا ہے۔ پھر جھُوٹا کون ہے؟ وُہی جو حُضُور عیسیٰ کے المسیؔح ہونے کا اِنکار کرتا ہے اَورجو باپ اَور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے وُہی مُخالف المسیؔح ہے۔ جو کویٔی بیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس آسمانی باپ بھی نہیں ہے اَورجو بیٹے کا اقرار کرتا ہے وہ آسمانی باپ کا بھی اقرار کرتا ہے۔ چنانچہ جو پیغام تُم نے شروع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ اگر وہ تُم میں قائِم رہے گا تو تُم بھی بیٹے اَور آسمانی باپ میں قائِم رہوگے۔ اَور اُس نے ہمیں اَبدی زندگی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ میں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لکھی ہیں جو تُمہیں صحیح راہ سے گُمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن تُمہیں تو خُدا کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے، وہ تُم میں قائِم ہے، اِس لیٔے ضروُرت نہیں کہ کویٔی تُمہیں سِکھائے کہ سچ کیا ہے؟ کیونکہ المسیؔح کا رُوح تُمہیں سَب باتیں سکھاتا ہے جو تُمہیں جاننا چاہئے، اَورجو کچھ وہ سکھاتا ہے وہ سچ ہے جھُوٹ نہیں۔ اِس لیٔے جِس طرح پاک رُوح نے تُمہیں سِکھایا ہے اُسی طرح تُم المسیؔح میں قائِم رہو۔ غرض اَے بچّوں! المسیؔح میں قائِم رہو تاکہ جَب وہ ظاہر ہو تو ہمیں دِلیری ہو اَور ہم اُس کی آمد پر اُس کے سامنے شرمندہ نہ ہوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 2

۱-یوحنا 18:2-28 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بچو، اب آخری گھڑی آ پہنچی ہے۔ آپ نے خود سن لیا ہے کہ مخالفِ مسیح آ رہا ہے، اور حقیقتاً بہت سے ایسے مخالفِ مسیح آ چکے ہیں۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ آخری گھڑی آ گئی ہے۔ یہ لوگ ہم میں سے نکلے تو ہیں، لیکن حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے۔ کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو وہ ہمارے ساتھ ہی رہتے۔ لیکن ہمیں چھوڑنے سے ظاہر ہوا کہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ لیکن آپ فرق ہیں۔ آپ کو اُس سے جو قدوس ہے روح کا مسح مل گیا ہے، اور آپ پوری سچائی کو جانتے ہیں۔ مَیں آپ کو اِس لئے نہیں لکھ رہا کہ آپ سچائی کو نہیں جانتے بلکہ اِس لئے کہ آپ سچائی جانتے ہیں اور کہ کوئی بھی جھوٹ سچائی کی طرف سے نہیں آ سکتا۔ کون جھوٹا ہے؟ وہ جو عیسیٰ کے مسیح ہونے کا انکار کرتا ہے۔ مخالفِ مسیح ایسا شخص ہے۔ وہ باپ اور فرزند کا انکار کرتا ہے۔ جو فرزند کا انکار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی نہیں ہے، اور جو فرزند کا اقرار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے۔ چنانچہ لازم ہے کہ جو کچھ آپ نے ابتدا سے سنا وہ آپ میں رہے۔ اگر وہ آپ میں رہے تو آپ بھی فرزند اور باپ میں رہیں گے۔ اور جو وعدہ اُس نے ہم سے کیا ہے وہ ہے ابدی زندگی۔ مَیں آپ کو یہ اُن کے بارے میں لکھ رہا ہوں جو آپ کو صحیح راہ سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن آپ کو اُس سے روح کا مسح مل گیا ہے۔ وہ آپ کے اندر بستا ہے، اِس لئے آپ کو اِس کی ضرورت ہی نہیں کہ کوئی آپ کو تعلیم دے۔ کیونکہ مسیح کا روح آپ کو سب باتوں کے بارے میں تعلیم دیتا ہے اور جو کچھ بھی وہ سکھاتا ہے وہ سچ ہے، جھوٹ نہیں۔ چنانچہ جس طرح اُس نے آپ کو تعلیم دی ہے، اُسی طرح مسیح میں رہیں۔ اور اب پیارے بچو، اُس میں قائم رہیں تاکہ اُس کے ظاہر ہونے پر ہم پورے اعتماد کے ساتھ اُس کے سامنے کھڑے ہو سکیں اور اُس کی آمد پر شرمندہ نہ ہونا پڑے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 2