۱-یوحنا 15:2-20
۱-یوحنا 15:2-20 کِتابِ مُقادّس (URD)
نہ دُنیا سے مُحبّت رکھّو نہ اُن چِیزوں سے جو دُنیا میں ہیں۔ جو کوئی دُنیا سے مُحبّت رکھتا ہے اُس میں باپ کی مُحبّت نہیں۔ کیونکہ جو کُچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہِش اور آنکھوں کی خواہِش اور زِندگی کی شَیخی وہ باپ کی طرف سے نہیں بلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔ دُنیا اور اُس کی خواہِش دونوں مِٹتی جاتی ہیں لیکن جو خُدا کی مرضی پر چلتا ہے وہ ابد تک قائِم رہے گا۔ اَے لڑکو! یہ اخِیر وقت ہے اور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالِفِ مسِیح آنے والا ہے۔ اُس کے مُوافِق اب بھی بُہت سے مُخالِفِ مسِیح پَیدا ہو گئے ہیں۔ اِس سے ہم جانتے ہیں کہ یہ اَخِیر وقت ہے۔ وہ نِکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہیں۔ اِس لِئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکن نِکل اِس لِئے گئے کہ یہ ظاہِر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ اور تُم کو تو اُس قدُّوس کی طرف سے مَسح کِیا گیا ہے اور تُم سب کُچھ جانتے ہو۔
۱-یوحنا 15:2-20 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تُم نہ تو دُنیا سے مَحَبّت رکھو اَور نہ دُنیا کی چیزوں سے، کیونکہ جو کویٔی دُنیا سے مَحَبّت رکھتا ہے اُس میں خُدا باپ کی مَحَبّت نہیں ہے۔ کیونکہ جو کچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہش، آنکھوں کی خواہش اَور زندگی کا غُرور، وہ آسمانی باپ کی طرف سے نہیں بَلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔ دُنیا اَور اُس کی بدخواہشات، دونوں ختم ہوتی جا رہی ہیں لیکن جو خُدا کی مرضی پُوری کرتا ہے وُہی اَبد تک قائِم رہے گا۔ اَے بچّوں! یہ آخِری گھڑی ہے اَور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالف المسیح آنے والا ہے، اَور حقیقتاً بہت سے اَیسے مُخالف المسیح آ چُکے ہیں۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ آخِری گھڑی آ گئی ہے۔ یہ لوگ نکلے تو ہم ہی میں سے مگر حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ہی ساتھ رہتے۔ لیکن نکل اِس لیٔے گیٔے تاکہ ظاہر ہو جائے کہ یہ لوگ ہماری جماعت کے اصل مُومِن تھے ہی نہیں۔ لیکن تُم کو تو اُس قُدُّوس کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے اَور تُم پُوری سچّائی کو جانتے ہو۔
۱-یوحنا 15:2-20 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
دنیا کو پیار مت کرنا، نہ کسی چیز کو جو دنیا میں ہے۔ اگر کوئی دنیا کو پیار کرے تو خدا باپ کی محبت اُس میں نہیں ہے۔ کیونکہ جو بھی چیز دنیا میں ہے وہ باپ کی طرف سے نہیں بلکہ دنیا کی طرف سے ہے، خواہ وہ جسم کی بُری خواہشات، آنکھوں کا لالچ یا اپنی ملکیت پر فخر ہو۔ دنیا اور اُس کی وہ چیزیں جو انسان چاہتا ہے ختم ہو رہی ہیں، لیکن جو اللہ کی مرضی پوری کرتا ہے وہ ابد تک جیتا رہے گا۔ بچو، اب آخری گھڑی آ پہنچی ہے۔ آپ نے خود سن لیا ہے کہ مخالفِ مسیح آ رہا ہے، اور حقیقتاً بہت سے ایسے مخالفِ مسیح آ چکے ہیں۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ آخری گھڑی آ گئی ہے۔ یہ لوگ ہم میں سے نکلے تو ہیں، لیکن حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے۔ کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو وہ ہمارے ساتھ ہی رہتے۔ لیکن ہمیں چھوڑنے سے ظاہر ہوا کہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ لیکن آپ فرق ہیں۔ آپ کو اُس سے جو قدوس ہے روح کا مسح مل گیا ہے، اور آپ پوری سچائی کو جانتے ہیں۔