۱-یوحنا 1:2-6
۱-یوحنا 1:2-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے بچّو! یہ باتیں مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم گُناہ نہ کرو اور اگر کوئی گُناہ کرے تو باپ کے پاس ہمارا ایک مددگار مَوجُود ہے یعنی یِسُوعؔ مسِیح راست باز۔ اور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بلکہ تمام دُنیا کے گُناہوں کا بھی۔ اگر ہم اُس کے حُکموں پر عمل کریں گے تو اِس سے ہمیں معلُوم ہو گا کہ ہم اُسے جان گئے ہیں۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُسے جان گیا ہُوں اور اُس کے حُکموں پر عمل نہیں کرتا وہ جُھوٹا ہے اور اُس میں سچّائی نہیں۔ ہاں جو کوئی اُس کے کلام پر عمل کرے اُس میں یقِیناً خُدا کی مُحبّت کامِل ہو گئی ہے۔ ہمیں اِسی سے معلُوم ہوتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُس میں قائِم ہُوں تو چاہئے کہ یہ بھی اُسی طرح چلے جِس طرح وہ چلتا تھا۔
۱-یوحنا 1:2-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
میرے عزیز بچّوں! میں تُمہیں یہ باتیں اِس لیٔے لِکھتا ہُوں تاکہ تُم گُناہ نہ کرو۔ لیکن اگر کویٔی گُناہ کرے تو خُدا باپ کے پاس ہمارا ایک وکیل مَوجُود ہے یعنی راستباز حُضُور عیسیٰ المسیؔح۔ اَور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اَور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بَلکہ ساری دُنیا کے گُناہوں کا بھی کفّارہ ہے۔ اگر ہم خُدا کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں تو یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے اُسے جان لیا ہے۔ جو کویٔی یہ کہتاہے، ”میں اُسے جان گیا ہُوں،“ مگر اُس کے حُکموں پر عَمل نہیں کرتا تو وہ جھُوٹا ہے اَور اُس میں سچّائی نہیں ہے۔ لیکن جو کویٔی اُس کے کلام پر عَمل کرتا ہے تو اُس میں یقیناً خُدا کی مَحَبّت کامل ہو گئی ہے۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ ہم اُس میں قائِم ہیں۔ جو کویٔی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی رِفاقت میں قائِم ہے، تو وہ حُضُور کی مانند زندگی بھی بسر کرے۔
۱-یوحنا 1:2-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرے بچو، مَیں آپ کو یہ اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ گناہ نہ کریں۔ لیکن اگر کوئی گناہ کرے تو ایک ہے جو خدا باپ کے سامنے ہماری شفاعت کرتا ہے، عیسیٰ مسیح جو راست ہے۔ وہی ہمارے گناہوں کا کفارہ دینے والی قربانی ہے، اور نہ صرف ہمارے گناہوں کا بلکہ پوری دنیا کے گناہوں کا بھی۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ ہم نے اُسے جان لیا ہے، جب ہم اُس کے احکام پر عمل کرتے ہیں۔ جو کہتا ہے، ”مَیں اُسے جانتا ہوں“ لیکن اُس کے احکام پر عمل نہیں کرتا وہ جھوٹا ہے اور سچائی اُس میں نہیں ہے۔ لیکن جو اُس کے کلام کی پیروی کرتا ہے اُس میں اللہ کی محبت حقیقتاً تکمیل تک پہنچ گئی ہے۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔ جو کہتا ہے کہ وہ اُس میں قائم ہے اُس کے لئے لازم ہے کہ وہ یوں چلے جس طرح عیسیٰ چلتا تھا۔