YouVersion Logo
تلاش

۱-یوحنا 1:2-27

۱-یوحنا 1:2-27 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

میرے عزیز بچّوں! میں تُمہیں یہ باتیں اِس لیٔے لِکھتا ہُوں تاکہ تُم گُناہ نہ کرو۔ لیکن اگر کویٔی گُناہ کرے تو خُدا باپ کے پاس ہمارا ایک وکیل مَوجُود ہے یعنی راستباز حُضُور عیسیٰ المسیؔح۔ اَور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اَور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بَلکہ ساری دُنیا کے گُناہوں کا بھی کفّارہ ہے۔ اگر ہم خُدا کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں تو یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے اُسے جان لیا ہے۔ جو کویٔی یہ کہتاہے، ”میں اُسے جان گیا ہُوں،“ مگر اُس کے حُکموں پر عَمل نہیں کرتا تو وہ جھُوٹا ہے اَور اُس میں سچّائی نہیں ہے۔ لیکن جو کویٔی اُس کے کلام پر عَمل کرتا ہے تو اُس میں یقیناً خُدا کی مَحَبّت کامل ہو گئی ہے۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ ہم اُس میں قائِم ہیں۔ جو کویٔی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی رِفاقت میں قائِم ہے، تو وہ حُضُور کی مانند زندگی بھی بسر کرے۔ اَے عزیزوں! میں تُمہیں کویٔی نیا حُکم نہیں لِکھ رہا ہُوں، بَلکہ وُہی پُرانا حُکم ہے جو شروع سے تُمہیں مِلا ہے۔ یہ پُرانا حُکم وُہی پیغام ہے جسے تُم سُن چُکے ہو۔ لیکن دُوسری طرف سے یہ حُکم نیا بھی ہے کیونکہ اِس کی سچّائی المسیؔح میں اَور تمہاری زندگی میں نظر آتی ہے۔ کیونکہ تاریکی مٹِتی جا رہی ہے اَور حقیقی نُور پہلے سے ہی چمکنا شروع ہو گیا ہے۔ جو کویٔی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نُور میں ہے لیکن اَپنے بھایٔی سے دُشمنی رکھتا ہے تو وہ ابھی تک تاریکی میں ہی ہے۔ جو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن سے مَحَبّت رکھتا ہے وہ نُور میں رہتاہے اَور دُوسروں کے لیٔے وہ ٹھوکر کا باعث نہیں بنتا ہے۔ مگر جو اَپنے بھایٔی یا بہن سے دُشمنی رکھتا ہے وہ تاریکی میں رہتاہے اَور تاریکی ہی میں چلتا پھرتاہے۔ وہ نہیں جانتا کہ کہاں جا رہا ہے کیونکہ تاریکی نے اُسے اَندھا کر دیا ہے۔ پیارے بچّوں! میں تُمہیں اِس لیٔے لِکھ رہا ہُوں، کہ المسیؔح کے نام سے تمہارے گُناہ مُعاف کر دئیے گیٔے ہیں۔ اَے والدوں! میں تُمہیں اِس لیٔے لِکھ رہا ہُوں، کیونکہ تُم نے اُسے جو اِبتدا سے مَوجُود ہے، جان لیا ہے۔ اَے جَوان مَردوں! میں تُمہیں اِس لیٔے لِکھ رہا ہُوں، کہ تُم اِبلیس پر غالب آ گئے ہو۔ بچّوں! میں نے تُمہیں اِس لیٔے لِکھّا ہے، کیونکہ تُم خُدا باپ کو جان گیٔے ہو۔ اَے والدوں! میں نے تُمہیں اِس لیٔے لِکھّا ہے، کہ تُم نے اُسے جو اِبتدا سے ہی مَوجُود ہے، جان لیا ہے۔ جَوان مَردوں! میں نے تُمہیں اِس لیٔے لِکھّا ہے، کہ تُم مضبُوط ہو، اَور خُدا کا کلام تمہارے اَندر قائِم ہے، اَور تُم اِبلیس پر غالب آ گئے ہو۔ تُم نہ تو دُنیا سے مَحَبّت رکھو اَور نہ دُنیا کی چیزوں سے، کیونکہ جو کویٔی دُنیا سے مَحَبّت رکھتا ہے اُس میں خُدا باپ کی مَحَبّت نہیں ہے۔ کیونکہ جو کچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہش، آنکھوں کی خواہش اَور زندگی کا غُرور، وہ آسمانی باپ کی طرف سے نہیں بَلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔ دُنیا اَور اُس کی بَدخواہشات، دونوں ختم ہوتی جا رہی ہیں لیکن جو خُدا کی مرضی پُوری کرتا ہے وُہی اَبد تک قائِم رہے گا۔ اَے بچّوں! یہ آخِری گھڑی ہے اَور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالف المسیؔح آنے والا ہے، اَور حقیقتاً بہت سے اَیسے مُخالف المسیؔح آ چُکے ہیں۔ اِسی سے ہمیں مَعلُوم ہوتاہے کہ آخِری گھڑی آ گئی ہے۔ یہ لوگ نکلے تو ہم ہی میں سے مگر حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ہی ساتھ رہتے۔ لیکن نِکل اِس لیٔے گیٔے تاکہ ظاہر ہو جائے کہ یہ لوگ ہماری جماعت کے اصل مومِن تھے ہی نہیں۔ لیکن تُم کو تو اُس قُدُّوس کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے اَور تُم پُوری سچّائی کو جانتے ہو۔ میں نے تُمہیں اِس لیٔے نہیں لِکھّا کہ تُم سچّائی سے واقف نہیں بَلکہ اِس لیٔے کہ تُم اُسے جانتے ہو اَور اِس لیٔے کہ کویٔی جھُوٹ سچّائی کی طرف سے نہیں آتا ہے۔ پھر جھُوٹا کون ہے؟ وُہی جو حُضُور عیسیٰ کے المسیؔح ہونے کا اِنکار کرتا ہے اَورجو باپ اَور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے وُہی مُخالف المسیؔح ہے۔ جو کویٔی بیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس آسمانی باپ بھی نہیں ہے اَورجو بیٹے کا اقرار کرتا ہے وہ آسمانی باپ کا بھی اقرار کرتا ہے۔ چنانچہ جو پیغام تُم نے شروع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ اگر وہ تُم میں قائِم رہے گا تو تُم بھی بیٹے اَور آسمانی باپ میں قائِم رہوگے۔ اَور اُس نے ہمیں اَبدی زندگی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ میں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لکھی ہیں جو تُمہیں صحیح راہ سے گُمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن تُمہیں تو خُدا کی طرف سے مَسح کیا گیا ہے، وہ تُم میں قائِم ہے، اِس لیٔے ضروُرت نہیں کہ کویٔی تُمہیں سِکھائے کہ سچ کیا ہے؟ کیونکہ المسیؔح کا رُوح تُمہیں سَب باتیں سکھاتا ہے جو تُمہیں جاننا چاہئے، اَورجو کچھ وہ سکھاتا ہے وہ سچ ہے جھُوٹ نہیں۔ اِس لیٔے جِس طرح پاک رُوح نے تُمہیں سِکھایا ہے اُسی طرح تُم المسیؔح میں قائِم رہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 2

۱-یوحنا 1:2-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

میرے بچو، مَیں آپ کو یہ اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ گناہ نہ کریں۔ لیکن اگر کوئی گناہ کرے تو ایک ہے جو خدا باپ کے سامنے ہماری شفاعت کرتا ہے، عیسیٰ مسیح جو راست ہے۔ وہی ہمارے گناہوں کا کفارہ دینے والی قربانی ہے، اور نہ صرف ہمارے گناہوں کا بلکہ پوری دنیا کے گناہوں کا بھی۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ ہم نے اُسے جان لیا ہے، جب ہم اُس کے احکام پر عمل کرتے ہیں۔ جو کہتا ہے، ”مَیں اُسے جانتا ہوں“ لیکن اُس کے احکام پر عمل نہیں کرتا وہ جھوٹا ہے اور سچائی اُس میں نہیں ہے۔ لیکن جو اُس کے کلام کی پیروی کرتا ہے اُس میں اللہ کی محبت حقیقتاً تکمیل تک پہنچ گئی ہے۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔ جو کہتا ہے کہ وہ اُس میں قائم ہے اُس کے لئے لازم ہے کہ وہ یوں چلے جس طرح عیسیٰ چلتا تھا۔ عزیزو، مَیں آپ کو کوئی نیا حکم نہیں لکھ رہا، بلکہ وہی پرانا حکم جو آپ کو شروع سے ملا ہے۔ یہ پرانا حکم وہی پیغام ہے جو آپ نے سن لیا ہے۔ لیکن دوسری طرف سے یہ حکم نیا بھی ہے، اور اِس کی سچائی مسیح اور آپ میں ظاہر ہوئی ہے۔ کیونکہ تاریکی ختم ہونے والی ہے اور حقیقی روشنی چمکنے لگ گئی ہے۔ جو نور میں ہونے کا دعویٰ کر کے اپنے بھائی سے نفرت کرتا ہے وہ اب تک تاریکی میں ہے۔ جو اپنے بھائی سے محبت رکھتا ہے وہ نور میں رہتا ہے اور اُس میں کوئی بھی چیز نہیں پائی جاتی جو ٹھوکر کا باعث بن سکے۔ لیکن جو اپنے بھائی سے نفرت کرتا ہے وہ تاریکی ہی میں ہے اور اندھیرے میں چلتا پھرتا ہے۔ اُس کو یہ نہیں معلوم کہ وہ کہاں جا رہا ہے، کیونکہ تاریکی نے اُسے اندھا کر رکھا ہے۔ پیارے بچو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ کے گناہوں کو اُس کے نام کی خاطر معاف کر دیا گیا ہے۔ والدو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ نے اُسے جان لیا ہے جو ابتدا ہی سے ہے۔ جوان مردو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ ابلیس پر غالب آ گئے ہیں۔ بچو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ نے باپ کو جان لیا ہے۔ والدو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ نے اُسے جان لیا ہے جو ابتدا ہی سے ہے۔ جوان مردو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ مضبوط ہیں۔ اللہ کا کلام آپ میں بستا ہے اور آپ ابلیس پر غالب آ گئے ہیں۔ دنیا کو پیار مت کرنا، نہ کسی چیز کو جو دنیا میں ہے۔ اگر کوئی دنیا کو پیار کرے تو خدا باپ کی محبت اُس میں نہیں ہے۔ کیونکہ جو بھی چیز دنیا میں ہے وہ باپ کی طرف سے نہیں بلکہ دنیا کی طرف سے ہے، خواہ وہ جسم کی بُری خواہشات، آنکھوں کا لالچ یا اپنی ملکیت پر فخر ہو۔ دنیا اور اُس کی وہ چیزیں جو انسان چاہتا ہے ختم ہو رہی ہیں، لیکن جو اللہ کی مرضی پوری کرتا ہے وہ ابد تک جیتا رہے گا۔ بچو، اب آخری گھڑی آ پہنچی ہے۔ آپ نے خود سن لیا ہے کہ مخالفِ مسیح آ رہا ہے، اور حقیقتاً بہت سے ایسے مخالفِ مسیح آ چکے ہیں۔ اِس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ آخری گھڑی آ گئی ہے۔ یہ لوگ ہم میں سے نکلے تو ہیں، لیکن حقیقت میں ہم میں سے نہیں تھے۔ کیونکہ اگر وہ ہم میں سے ہوتے تو وہ ہمارے ساتھ ہی رہتے۔ لیکن ہمیں چھوڑنے سے ظاہر ہوا کہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ لیکن آپ فرق ہیں۔ آپ کو اُس سے جو قدوس ہے روح کا مسح مل گیا ہے، اور آپ پوری سچائی کو جانتے ہیں۔ مَیں آپ کو اِس لئے نہیں لکھ رہا کہ آپ سچائی کو نہیں جانتے بلکہ اِس لئے کہ آپ سچائی جانتے ہیں اور کہ کوئی بھی جھوٹ سچائی کی طرف سے نہیں آ سکتا۔ کون جھوٹا ہے؟ وہ جو عیسیٰ کے مسیح ہونے کا انکار کرتا ہے۔ مخالفِ مسیح ایسا شخص ہے۔ وہ باپ اور فرزند کا انکار کرتا ہے۔ جو فرزند کا انکار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی نہیں ہے، اور جو فرزند کا اقرار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے۔ چنانچہ لازم ہے کہ جو کچھ آپ نے ابتدا سے سنا وہ آپ میں رہے۔ اگر وہ آپ میں رہے تو آپ بھی فرزند اور باپ میں رہیں گے۔ اور جو وعدہ اُس نے ہم سے کیا ہے وہ ہے ابدی زندگی۔ مَیں آپ کو یہ اُن کے بارے میں لکھ رہا ہوں جو آپ کو صحیح راہ سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن آپ کو اُس سے روح کا مسح مل گیا ہے۔ وہ آپ کے اندر بستا ہے، اِس لئے آپ کو اِس کی ضرورت ہی نہیں کہ کوئی آپ کو تعلیم دے۔ کیونکہ مسیح کا روح آپ کو سب باتوں کے بارے میں تعلیم دیتا ہے اور جو کچھ بھی وہ سکھاتا ہے وہ سچ ہے، جھوٹ نہیں۔ چنانچہ جس طرح اُس نے آپ کو تعلیم دی ہے، اُسی طرح مسیح میں رہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 2

۱-یوحنا 1:2-27 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے میرے بچّو! یہ باتیں مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم گُناہ نہ کرو اور اگر کوئی گُناہ کرے تو باپ کے پاس ہمارا ایک مددگار مَوجُود ہے یعنی یِسُوعؔ مسِیح راست باز۔ اور وُہی ہمارے گُناہوں کا کفّارہ ہے اور نہ صِرف ہمارے ہی گُناہوں کا بلکہ تمام دُنیا کے گُناہوں کا بھی۔ اگر ہم اُس کے حُکموں پر عمل کریں گے تو اِس سے ہمیں معلُوم ہو گا کہ ہم اُسے جان گئے ہیں۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُسے جان گیا ہُوں اور اُس کے حُکموں پر عمل نہیں کرتا وہ جُھوٹا ہے اور اُس میں سچّائی نہیں۔ ہاں جو کوئی اُس کے کلام پر عمل کرے اُس میں یقِیناً خُدا کی مُحبّت کامِل ہو گئی ہے۔ ہمیں اِسی سے معلُوم ہوتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُس میں قائِم ہُوں تو چاہئے کہ یہ بھی اُسی طرح چلے جِس طرح وہ چلتا تھا۔ اَے عزِیزو! مَیں تُمہیں کوئی نیا حُکم نہیں لِکھتا بلکہ وُہی پُرانا حُکم جو شرُوع سے تُمہیں مِلا ہے۔ یہ پُرانا حُکم وُہی کلام ہے جو تُم نے سُنا ہے۔ پِھر تُمہیں ایک نیا حُکم لِکھتا ہُوں اور یہ بات اُس پر اور تُم پر صادِق آتی ہے کیونکہ تارِیکی مِٹتی جاتی ہے اور حقِیقی نُور چمکنا شرُوع ہو گیا ہے۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں نُور میں ہُوں اور اپنے بھائی سے عداوت رکھتا ہے وہ ابھی تک تارِیکی ہی میں ہے۔ جو کوئی اپنے بھائی سے مُحبّت رکھتا ہے وہ نُور میں رہتا ہے اور ٹھوکر نہیں کھانے کا۔ لیکن جو اپنے بھائی سے عداوت رکھتا ہے وہ تارِیکی میں ہے اور تارِیکی ہی میں چلتا ہے اور یہ نہیں جانتا کہ کہاں جاتا ہے کیونکہ تارِیکی نے اُس کی آنکھیں اَندھی کر دی ہیں۔ اَے بچّو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ اُس کے نام سے تُمہارے گُناہ مُعاف ہُوئے۔ اَے بزُرگو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ جو اِبتدا سے ہے اُسے تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔ اَے لڑکو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم باپ کو جان گئے ہو۔ اَے بزُرگو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ جو اِبتدا سے ہے اُس کو تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم مضبُوط ہو اور خُدا کا کلام تُم میں قائِم رہتا ہے۔ اور تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔ نہ دُنیا سے مُحبّت رکھّو نہ اُن چِیزوں سے جو دُنیا میں ہیں۔ جو کوئی دُنیا سے مُحبّت رکھتا ہے اُس میں باپ کی مُحبّت نہیں۔ کیونکہ جو کُچھ دُنیا میں ہے یعنی جِسم کی خواہِش اور آنکھوں کی خواہِش اور زِندگی کی شَیخی وہ باپ کی طرف سے نہیں بلکہ دُنیا کی طرف سے ہے۔ دُنیا اور اُس کی خواہِش دونوں مِٹتی جاتی ہیں لیکن جو خُدا کی مرضی پر چلتا ہے وہ ابد تک قائِم رہے گا۔ اَے لڑکو! یہ اخِیر وقت ہے اور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالِفِ مسِیح آنے والا ہے۔ اُس کے مُوافِق اب بھی بُہت سے مُخالِفِ مسِیح پَیدا ہو گئے ہیں۔ اِس سے ہم جانتے ہیں کہ یہ اَخِیر وقت ہے۔ وہ نِکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہیں۔ اِس لِئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکن نِکل اِس لِئے گئے کہ یہ ظاہِر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ اور تُم کو تو اُس قدُّوس کی طرف سے مَسح کِیا گیا ہے اور تُم سب کُچھ جانتے ہو۔ مَیں نے تُمہیں اِس لِئے نہیں لِکھا کہ تُم سچّائی کو نہیں جانتے بلکہ اِس لِئے کہ تُم اُسے جانتے ہو اور اِس لِئے کہ کوئی جُھوٹ سچّائی کی طرف سے نہیں ہے۔ کَون جُھوٹا ہے سِوا اُس کے جو یِسُوعؔ کے مسِیح ہونے کا اِنکار کرتا ہے؟ مُخالِفِ مسِیح وُہی ہے جو باپ اور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے۔ جو کوئی بیٹے کا اِنکار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی نہیں۔ جو بیٹے کا اِقرار کرتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے۔ جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے وُہی تُم میں قائِم رہے۔ جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے اگر وہ تُم میں قائِم رہے تو تُم بھی بیٹے اور باپ میں قائِم رہو گے۔ اور جِس کا اُس نے ہم سے وعدہ کِیا وہ ہمیشہ کی زِندگی ہے۔ مَیں نے یہ باتیں تُمہیں اُن کی بابت لِکھی ہیں جو تُمہیں فرِیب دیتے ہیں۔ اور تُمہارا وہ مَسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اِس کے مُحتاج نہیں کہ کوئی تُمہیں سِکھائے بلکہ جِس طرح وہ مَسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُمہیں سب باتیں سِکھاتا ہے اور سچّا ہے اور جُھوٹا نہیں اور جِس طرح اُس نے تُمہیں سِکھایا اُسی طرح تُم اُس میں قائِم رہتے ہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 2