YouVersion Logo
تلاش

۱-یوحنا 1:1-10

۱-یوحنا 1:1-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ہم آپ سَب کو اُس زندگی کے کلام کی بابت بَیان کرتے ہیں جو اِبتدا سے مَوجُود تھا، جسے ہم نے اَپنے کانوں سے سُنا، اَپنی آنکھوں سے دیکھا، اَور جِس کا مشاہدہ ہم نے کیا اَور جسے ہم نے اَپنے ہاتھوں سے بھی چھُوا۔ یہی کلام جو زندگی ہے ہم پر ظاہر ہُوا اَور ہم نے اُسے دیکھا اَور اُس کی گواہی دیتے اَور تُمہیں اُسی اَبدی زندگی کا پیغام دیتے ہیں جو خُدا باپ کے ساتھ تھا اَور ہم پر ظاہر ہُوا۔ ہم نے جو کچھ دیکھا اَور سُنا اُس کی خبر تُمہیں بھی دیتے ہیں تاکہ تُم بھی ہماری رِفاقت میں جو خُدا باپ اَور اُس کے بیٹے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ساتھ ہے، شریک ہو جاؤ۔ اَور یہ خط ہم اِس لیٔے لِکھ رہے ہیں کہ ہماری خُوشی پُوری ہو جائے۔ جو پیغام ہم نے المسیؔح سے سُنا اَور تُمہیں سُناتے ہیں وہ یہ ہے کہ خُدا نُور ہے اَور اُس میں ذرا بھی تاریکی نہیں ہے۔ اگر ہم دعویٰ کرتے ہیں کی خُدا کے ساتھ ہماری رِفاقت ہے اَور ہم خُود تاریکی میں چلتے ہیں تو ہم جھُوٹے ہیں اَور حق پر عَمل نہیں کر رہے ہیں۔ لیکن اگر ہم نُور میں چلتے ہیں جَیسا کہ خُدا نُور میں ہے تو پھر ہم ایک دُوسرے کے ساتھ رِفاقت رکھتے ہیں اَور اُس کے بیٹے حُضُور عیسیٰ کا خُون ہمیں تمام گُناہوں سے پاک صَاف کردیتاہے۔ اگر ہم دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم بےگُناہ ہیں تو اَپنے آپ کو فریب دیتے ہیں اَور ہم میں سچّائی نہیں ہے۔ لیکن اگر ہم اَپنے گُناہوں کا اقرار کریں، تو وہ ہمارے گُناہوں کو مُعاف کرنے اَور ہمیں ساری ناراستی سے پاک صَاف کرنے میں وفادار اَور عادل ہے۔ اگر ہم دعویٰ کریں کہ ہم نے گُناہ نہیں کیا ہے تو ہم خُدا کو جھُوٹا ٹھہراتے ہیں اَور اُس کا کلام ہمارے اَندر ہے ہی نہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 1

۱-یوحنا 1:1-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ہم آپ کو اُس کی منادی کرتے ہیں جو ابتدا سے تھا، جسے ہم نے اپنے کانوں سے سنا، اپنی آنکھوں سے دیکھا، جس کا مشاہدہ ہم نے کیا اور جسے ہم نے اپنے ہاتھوں سے چھوا۔ وہی زندگی کا کلام ہے۔ وہ جو خود زندگی تھا ظاہر ہوا، ہم نے اُسے دیکھا۔ اور اب ہم گواہی دے کر آپ کو اُس ابدی زندگی کی منادی کرتے ہیں جو خدا باپ کے پاس تھی اور ہم پر ظاہر ہوئی ہے۔ ہم آپ کو وہ کچھ سناتے ہیں جو ہم نے خود دیکھ اور سن لیا ہے تاکہ آپ بھی ہماری رفاقت میں شریک ہو جائیں۔ اور ہماری رفاقت خدا باپ اور اُس کے فرزند عیسیٰ مسیح کے ساتھ ہے۔ ہم یہ اِس لئے لکھ رہے ہیں تاکہ ہماری خوشی پوری ہو جائے۔ جو پیغام ہم نے اُس سے سنا اور آپ کو سنا رہے ہیں وہ یہ ہے، اللہ نور ہے اور اُس میں تاریکی ہے ہی نہیں۔ جب ہم تاریکی میں چلتے ہوئے اللہ کے ساتھ رفاقت رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں تو ہم جھوٹ بول رہے اور سچائی کے مطابق زندگی نہیں گزار رہے۔ لیکن جب ہم نور میں چلتے ہیں، بالکل اُسی طرح جس طرح اللہ نور میں ہے، تو پھر ہم ایک دوسرے کے ساتھ رفاقت رکھتے ہیں اور اُس کے فرزند عیسیٰ کا خون ہمیں تمام گناہوں سے پاک صاف کر دیتا ہے۔ اگر ہم گناہ سے پاک ہونے کا دعویٰ کریں تو ہم اپنے آپ کو فریب دیتے ہیں اور ہم میں سچائی نہیں ہے۔ لیکن اگر ہم اپنے گناہوں کا اقرار کریں تو وہ وفادار اور راست ثابت ہو گا۔ وہ ہمارے گناہوں کو معاف کر کے ہمیں تمام ناراستی سے پاک صاف کرے گا۔ اگر ہم دعویٰ کریں کہ ہم نے گناہ نہیں کیا تو ہم اُسے جھوٹا قرار دیتے ہیں اور اُس کا کلام ہمارے اندر نہیں ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 1

۱-یوحنا 1:1-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

اُس زِندگی کے کلام کی بابت جو اِبتدا سے تھا اور جِسے ہم نے سُنا اور اپنی آنکھوں سے دیکھا بلکہ غَور سے دیکھا اور اپنے ہاتھوں سے چُھؤا۔ (یہ زِندگی ظاہِر ہُوئی اور ہم نے اُسے دیکھا اور اُس کی گواہی دیتے ہیں اور اِسی ہمیشہ کی زِندگی کی تُمہیں خبر دیتے ہیں جو باپ کے ساتھ تھی اور ہم پر ظاہِر ہُوئی)۔ جو کُچھ ہم نے دیکھا اور سُنا ہے تُمہیں بھی اُس کی خبر دیتے ہیں تاکہ تُم بھی ہمارے شرِیک ہو اور ہماری شِراکت باپ کے ساتھ اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح کے ساتھ ہے۔ اور یہ باتیں ہم اِس لِئے لِکھتے ہیں کہ ہماری خُوشی پُوری ہو جائے۔ اُس سے سُن کر جو پَیغام ہم تُمہیں دیتے ہیں وہ یہ ہے کہ خُدا نُور ہے اور اُس میں ذرا بھی تارِیکی نہیں۔ اگر ہم کہیں کہ ہماری اُس کے ساتھ شِراکت ہے اور پِھر تارِیکی میں چلیں تو ہم جُھوٹے ہیں اور حق پر عمل نہیں کرتے۔ لیکن اگر ہم نُور میں چلیں جِس طرح کہ وہ نُور میں ہے تو ہماری آپس میں شِراکت ہے اور اُس کے بیٹے یِسُوعؔ کا خُون ہمیں تمام گُناہ سے پاک کرتا ہے۔ اگر ہم کہیں کہ ہم بے گُناہ ہیں تو اپنے آپ کو فریب دیتے ہیں اور ہم میں سچّائی نہیں۔ اگر اپنے گُناہوں کا اِقرار کریں تو وہ ہمارے گُناہوں کے مُعاف کرنے اور ہمیں ساری ناراستی سے پاک کرنے میں سچّا اور عادِل ہے۔ اگر کہیں کہ ہم نے گُناہ نہیں کِیا تو اُسے جُھوٹا ٹھہراتے ہیں اور اُس کا کلام ہم میں نہیں ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-یوحنا 1