۱-توارِیخ 1:28-10
۱-توارِیخ 1:28-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد نے اسرائیل کے تمام بزرگوں کو یروشلم بُلایا۔ اِن میں قبیلوں کے سرپرست، فوجی ڈویژنوں پر مقرر افسر، ہزار ہزار اور سَو سَو فوجیوں پر مقرر افسر، شاہی ملکیت اور ریوڑوں کے انچارج، بادشاہ کے بیٹوں کی تربیت کرنے والے افسر، درباری، ملک کے سورما اور باقی تمام صاحبِ حیثیت شامل تھے۔ داؤد بادشاہ اُن کے سامنے کھڑے ہو کر اُن سے مخاطب ہوا، ”میرے بھائیو اور میری قوم، میری بات پر دھیان دیں! کافی دیر سے مَیں ایک ایسا مکان تعمیر کرنا چاہتا تھا جس میں رب کے عہد کا صندوق مستقل طور پر رکھا جا سکے۔ آخر یہ تو ہمارے خدا کی چوکی ہے۔ اِس مقصد سے مَیں تیاریاں کرنے لگا۔ لیکن پھر اللہ مجھ سے ہم کلام ہوا، ’میرے نام کے لئے مکان بنانا تیرا کام نہیں ہے، کیونکہ تُو نے جنگجو ہوتے ہوئے بہت خون بہایا ہے۔‘ رب اسرائیل کے خدا نے میرے پورے خاندان میں سے مجھے چن کر ہمیشہ کے لئے اسرائیل کا بادشاہ بنا دیا، کیونکہ اُس کی مرضی تھی کہ یہوداہ کا قبیلہ حکومت کرے۔ یہوداہ کے خاندانوں میں سے اُس نے میرے باپ کے خاندان کو چن لیا، اور اِسی خاندان میں سے اُس نے مجھے پسند کر کے پورے اسرائیل کا بادشاہ بنا دیا۔ رب نے مجھے بہت بیٹے عطا کئے ہیں۔ اُن میں سے اُس نے مقرر کیا کہ سلیمان میرے بعد تخت پر بیٹھ کر رب کی اُمّت پر حکومت کرے۔ رب نے مجھے بتایا، ’تیرا بیٹا سلیمان ہی میرا گھر اور اُس کے صحن تعمیر کرے گا۔ کیونکہ مَیں نے اُسے چن کر فرمایا ہے کہ وہ میرا بیٹا ہو گا اور مَیں اُس کا باپ ہوں گا۔ اگر وہ آج کی طرح آئندہ بھی میرے احکام اور ہدایات پر عمل کرتا رہے تو مَیں اُس کی بادشاہی ابد تک قائم رکھوں گا۔‘ اب میری ہدایت پر دھیان دیں، پورا اسرائیل یعنی رب کی جماعت اور ہمارا خدا اِس کے گواہ ہیں۔ رب اپنے خدا کے تمام احکام کے تابع رہیں! پھر آئندہ بھی یہ اچھا ملک آپ کی ملکیت اور ہمیشہ تک آپ کی اولاد کی موروثی زمین رہے گا۔ اے سلیمان میرے بیٹے، اپنے باپ کے خدا کو تسلیم کر کے پورے دل و جان اور خوشی سے اُس کی خدمت کریں۔ کیونکہ رب تمام دلوں کی تحقیق کر لیتا ہے، اور وہ ہمارے خیالوں کے تمام منصوبوں سے واقف ہے۔ اُس کے طالب رہیں تو آپ اُسے پا لیں گے۔ لیکن اگر آپ اُسے ترک کریں تو وہ آپ کو ہمیشہ کے لئے رد کر دے گا۔ یاد رہے، رب نے آپ کو اِس لئے چن لیا ہے کہ آپ اُس کے لئے مُقدّس گھر تعمیر کریں۔ مضبوط رہ کر اِس کام میں لگے رہیں!“
۱-توارِیخ 1:28-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور داؤُد نے اِسرائیلؔ کے سب اُمرا کو جو قبِیلوں کے سردار تھے اور اُن فرِیقوں کے سرداروں کو جو باری باری بادشاہ کی خِدمت کرتے تھے اور ہزاروں کے سرداروں اور سَیکڑوں کے سرداروں اور بادشاہ کے اور اُس کے بیٹوں کے سب مال اور مویشی کے سرداروں اور خواجہ سراؤں اور بہادُروں بلکہ سب زبردست سُورماؤں کو یروشلیِم میں اِکٹّھا کِیا۔ تب داؤُد بادشاہ اپنے پاؤں پر اُٹھ کھڑا ہُؤا اور کہنے لگا اَے میرے بھائیو اور میرے لوگو میری سُنو! میرے دِل میں تو تھا کہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کے لِئے آرام گاہ اور اپنے خُدا کے لِئے پاؤں کی کُرسی بناؤُں اور مَیں نے اُس کے بنانے کی تیّاری بھی کی۔ پر خُدا نے مُجھ سے کہا کہ تُو میرے نام کے لِئے گھر نہیں بنانے پائے گا کیونکہ تُو جنگی مَرد ہے اور تُو نے خُون بہایا ہے۔ تَو بھی خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا نے مُجھے میرے باپ کے سارے گھرانے میں سے چُن لِیا کہ مَیں سدا اِسرائیلؔ کا بادشاہ رہُوں کیونکہ اُس نے یہُوداؔہ کو پیشوا ہونے کے لِئے مُنتخب کِیا اور یہُوداؔہ کے گھرانے میں سے میرے باپ کے گھرانے کو چُنا ہے اور میرے باپ کے بیٹوں میں سے مُجھے پسند کِیا تاکہ مُجھے سارے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنائے۔ اور میرے سب بیٹوں میں سے (کیونکہ خُداوند نے مُجھے بُہت سے بیٹے دِئے ہیں) اُس نے میرے بیٹے سُلیماؔن کو پسند کِیا تاکہ وہ اِسرائیلؔ پر خُداوند کی سلطنت کے تخت پر بَیٹھے۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ تیرا بیٹا سُلیماؔن میرے گھر اور میری بارگاہوں کو بنائے گا کیونکہ مَیں نے اُسے چُن لِیا ہے کہ وہ میرا بیٹا ہو اور مَیں اُس کا باپ ہُوں گا۔ اور اگر وہ میرے حُکموں اور فرمانوں پر عمل کرنے میں ثابِت قدم رہے جَیسا آج کے دِن ہے تو مَیں اُس کی بادشاہی ہمیشہ تک قائِم رکُھّوں گا۔ پس اب سارے اِسرائیلؔ یعنی خُداوند کی جماعت کے رُوبرُو اور ہمارے خُدا کے حضُور تُم خُداوند اپنے خُدا کے سب حُکموں کو مانو اور اُن کے طالِب ہو تاکہ تُم اِس اچّھے مُلک کے وارِث ہو اور اُسے اپنے بعد اپنی اَولاد کے واسطے ہمیشہ کے لِئے مِیراث چھوڑ جاؤ۔ اور تُو اَے میرے بیٹے سُلیماؔن اپنے باپ کے خُدا کو پہچان اور پُورے دِل اور رُوح کی مُستعِدّی سے اُس کی عِبادت کر کیونکہ خُداوند سب دِلوں کو جانچتا ہے اور جو کُچھ خیال میں آتا ہے اُسے پہچانتا ہے۔ اگر تو اُسے ڈُھونڈے تو وہ تُجھ کو مِل جائے گا اور اگر تُو اُسے چھوڑے تو وہ ہمیشہ کے لِئے تُجھے ردّ کر دے گا۔ سو ہوشیار ہو کیونکہ خُداوند نے تُجھ کو مَقدِس کے لِئے ایک گھر بنانے کو چُنا ہے۔ سو ہِمّت باندھ کر کام کر۔