۱-توارِیخ 1:17-27
۱-توارِیخ 1:17-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد بادشاہ سلامتی سے اپنے محل میں رہنے لگا۔ ایک دن اُس نے ناتن نبی سے بات کی، ”دیکھیں، مَیں یہاں دیودار کے محل میں رہتا ہوں جبکہ رب کے عہد کا صندوق اب تک تنبو میں پڑا ہے۔ یہ مناسب نہیں!“ ناتن نے بادشاہ کی حوصلہ افزائی کی، ”جو کچھ بھی آپ کرنا چاہتے ہیں وہ کریں۔ اللہ آپ کے ساتھ ہے۔“ لیکن اُسی رات اللہ ناتن سے ہم کلام ہوا، ”میرے خادم داؤد کے پاس جا کر اُسے بتا دے کہ رب فرماتا ہے، ’تُو میری رہائش کے لئے مکان تعمیر نہیں کرے گا۔ آج تک مَیں کسی مکان میں نہیں رہا۔ جب سے مَیں اسرائیلیوں کو مصر سے نکال لایا اُس وقت سے مَیں خیمے میں رہ کر جگہ بہ جگہ پھرتا رہا ہوں۔ جس دوران مَیں تمام اسرائیلیوں کے ساتھ اِدھر اُدھر پھرتا رہا کیا مَیں نے اسرائیل کے اُن راہنماؤں سے کبھی اِس ناتے سے شکایت کی جنہیں مَیں نے اپنی قوم کی گلہ بانی کرنے کا حکم دیا تھا؟ کیا مَیں نے اُن میں سے کسی سے کہا کہ تم نے میرے لئے دیودار کا گھر کیوں نہیں بنایا؟‘ چنانچہ میرے خادم داؤد کو بتا دے، ’رب الافواج فرماتا ہے کہ مَیں ہی نے تجھے چراگاہ میں بھیڑوں کی گلہ بانی کرنے سے فارغ کر کے اپنی قوم اسرائیل کا بادشاہ بنا دیا ہے۔ جہاں بھی تُو نے قدم رکھا وہاں مَیں تیرے ساتھ رہا ہوں۔ تیرے دیکھتے دیکھتے مَیں نے تیرے تمام دشمنوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اب مَیں تیرا نام سرفراز کر دوں گا، وہ دنیا کے سب سے عظیم آدمیوں کے ناموں کے برابر ہی ہو گا۔ اور مَیں اپنی قوم اسرائیل کے لئے ایک وطن مہیا کروں گا، پودے کی طرح اُنہیں یوں لگا دوں گا کہ وہ جڑ پکڑ کر محفوظ رہیں گے اور کبھی بےچین نہیں ہوں گے۔ بےدین قومیں اُنہیں اُس طرح نہیں دبائیں گی جس طرح ماضی میں کیا کرتی تھیں، اُس وقت سے جب مَیں قوم پر قاضی مقرر کرتا تھا۔ مَیں تیرے دشمنوں کو خاک میں ملا دوں گا۔ آج مَیں فرماتا ہوں کہ رب ہی تیرے لئے گھر بنائے گا۔ جب تُو بوڑھا ہو کر کوچ کر جائے گا اور اپنے باپ دادا سے جا ملے گا تو مَیں تیری جگہ تیرے بیٹوں میں سے ایک کو تخت پر بٹھا دوں گا۔ اُس کی بادشاہی کو مَیں مضبوط بنا دوں گا۔ وہی میرے لئے گھر تعمیر کرے گا، اور مَیں اُس کا تخت ابد تک قائم رکھوں گا۔ مَیں اُس کا باپ ہوں گا اور وہ میرا بیٹا ہو گا۔ میری نظرِ کرم ساؤل پر نہ رہی، لیکن مَیں اُسے تیرے بیٹے سے کبھی نہیں ہٹاؤں گا۔ مَیں اُسے اپنے گھرانے اور اپنی بادشاہی پر ہمیشہ قائم رکھوں گا، اُس کا تخت ہمیشہ مضبوط رہے گا‘۔“ ناتن نے داؤد کے پاس جا کر اُسے سب کچھ سنایا جو رب نے اُسے رویا میں بتایا تھا۔ تب داؤد عہد کے صندوق کے پاس گیا اور رب کے حضور بیٹھ کر دعا کرنے لگا، ”اے رب خدا، مَیں کون ہوں اور میرا خاندان کیا حیثیت رکھتا ہے کہ تُو نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے؟ اور اب اے اللہ، تُو مجھے اَور بھی زیادہ عطا کرنے کو ہے، کیونکہ تُو نے اپنے خادم کے گھرانے کے مستقبل کے بارے میں بھی وعدہ کیا ہے۔ اے رب خدا، تُو نے یوں مجھ پر نگاہ ڈالی ہے گویا کہ مَیں کوئی بہت اہم بندہ ہوں۔ لیکن مَیں مزید کیا کہوں جب تُو نے یوں اپنے خادم کی عزت کی ہے؟ اے رب، تُو تو اپنے خادم کو جانتا ہے۔ تُو نے اپنے خادم کی خاطر اور اپنی مرضی کے مطابق یہ عظیم کام کر کے اِن عظیم وعدوں کی اطلاع دی ہے۔ اے رب، تجھ جیسا کوئی نہیں ہے۔ ہم نے اپنے کانوں سے سن لیا ہے کہ تیرے سوا کوئی اَور خدا نہیں ہے۔ دنیا میں کون سی قوم تیری اُمّت اسرائیل کی مانند ہے؟ تُو نے اِسی ایک قوم کا فدیہ دے کر اُسے غلامی سے چھڑایا اور اپنی قوم بنا لیا۔ تُو نے اسرائیل کے واسطے بڑے اور ہیبت ناک کام کر کے اپنے نام کی شہرت پھیلا دی۔ ہمیں مصر سے رِہا کر کے تُو نے قوموں کو ہمارے آگے سے نکال دیا۔ اے رب، تُو اسرائیل کو ہمیشہ کے لئے اپنی قوم بنا کر اُن کا خدا بن گیا ہے۔ چنانچہ اے رب، جو بات تُو نے اپنے خادم اور اُس کے گھرانے کے بارے میں کی ہے اُسے ابد تک قائم رکھ اور اپنا وعدہ پورا کر۔ تب وہ مضبوط رہے گا اور تیرا نام ابد تک مشہور رہے گا۔ پھر لوگ تسلیم کریں گے کہ اسرائیل کا خدا رب الافواج واقعی اسرائیل کا خدا ہے، اور تیرے خادم داؤد کا گھرانا بھی ابد تک تیرے حضور قائم رہے گا۔ اے میرے خدا، تُو نے اپنے خادم کے کان کو اِس بات کے لئے کھول دیا ہے۔ تُو ہی نے فرمایا، ’مَیں تیرے لئے گھر تعمیر کروں گا۔‘ صرف اِسی لئے تیرے خادم نے یوں تجھ سے دعا کرنے کی جرأت کی ہے۔ اے رب، تُو ہی خدا ہے۔ تُو نے اپنے خادم سے اِن اچھی چیزوں کا وعدہ کیا ہے۔ اب تُو اپنے خادم کے گھرانے کو برکت دینے پر راضی ہو گیا ہے تاکہ وہ ہمیشہ تک تیرے سامنے قائم رہے۔ کیونکہ تُو ہی نے اُسے برکت دی ہے، اِس لئے وہ ابد تک مبارک رہے گا۔“
۱-توارِیخ 1:17-27 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور جب داؤُد اپنے محلّ میں رہنے لگا تو اُس نے ناتن نبی سے کہا مَیں تو دیودار کے محلّ میں رہتا ہُوں پر خُداوند کے عہد کا صندُوق خَیمہ میں ہے۔ ناتن نے داؤُد سے کہا کہ جو کُچھ تیرے دِل میں ہے سو کر کیونکہ خُدا تیرے ساتھ ہے۔ اور اُسی رات اَیسا ہُؤا کہ خُدا کا کلام ناتن پر نازِل ہُؤا کہ جا کر میرے بندہ داؤُد سے کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو میرے رہنے کے لِئے گھر نہ بنانا۔ کیونکہ جب سے مَیں بنی اِسرائیل کو نِکال لایا آج کے دِن تک مَیں نے کِسی گھر میں سکُونت نہیں کی بلکہ خَیمہ بہ خَیمہ اور مسکن بہ مسکن پِھرتا رہا ہُوں۔ اُن جگہوں میں جہاں جہاں مَیں سارے اِسرائیلؔ کے ساتھ پِھرتا رہا کیا مَیں نے اِسرائیلی قاضیوں میں سے جِن کو مَیں نے حُکم کِیا تھا کہ میرے لوگوں کی گلّہ بانی کریں کِسی سے ایک حرف بھی کہا کہ تُم نے میرے لِئے دیودار کا گھر کیوں نہیں بنایا؟ پس تُو میرے بندہ داؤُد سے یُوں کہنا کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے بھیڑسالے میں سے جب تُو بھیڑ بکریوں کے پِیچھے پِیچھے چلتا تھا لِیا تاکہ تُو میری قَوم اِسرائیلؔ کا پیشوا ہو۔ اور جہاں کہِیں تُو گیا مَیں تیرے ساتھ رہا اور تیرے سب دُشمنوں کو تیرے سامنے سے کاٹ ڈالا ہے اور مَیں رُویِ زمِین کے بڑے بڑے آدمِیوں کے نام کی مانِند تیرا نام کر دُوں گا۔ اور مَیں اپنی قَوم اِسرائیلؔ کے لِئے ایک جگہ ٹھہراؤُں گا اور اُن کو قائِم کر دُوں گا تاکہ اپنی جگہ بسے رہیں اور پِھر ہٹائے نہ جائیں اور نہ شرارت کے فرزند پِھر اُن کو دُکھ دینے پائیں گے جَیسا شرُوع میں ہُؤا۔ اور اُس وقت بھی جب مَیں نے حُکم دِیا کہ میری قَوم اِسرائیلؔ پر قاضی مُقرّر ہوں اور مَیں تیرے سب دُشمنوں کو مغلُوب کرُوں گا۔ ماسِوا اِس کے مَیں تُجھے بتاتا ہُوں کہ خُداوند تیرے لِئے ایک گھر بنائے گا۔ اور جب تیرے دِن پُورے ہو جائیں گے تاکہ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ مِل جانے کو چلا جائے تو مَیں تیرے بعد تیری نسل کو تیرے بیٹوں میں سے برپا کرُوں گا اور اُس کی سلطنت کو قائِم کرُوں گا۔ وہ میرے لِئے گھر بنائے گا اور مَیں اُس کا تخت ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا۔ مَیں اُس کا باپ ہُوں گا اور وہ میرا بیٹا ہو گا اور مَیں اپنی شفقت اُس پر سے نہیں ہٹاؤُں گا جَیسے مَیں نے اُس پر سے جو تُجھ سے پہلے تھا ہٹا لی۔ بلکہ مَیں اُس کو اپنے گھر میں اور اپنی مُملکت میں ابد تک قائِم رکُھّوں گا اور اُس کا تخت ابد تک ثابِت رہے گا۔ سو ناتن نے اِن سب باتوں اور اِس ساری رویا کے مُطابِق اَیسا ہی داؤُد سے کہا۔ تب داؤُد بادشاہ اندر جا کر خُداوند کے حضُور بَیٹھا اور کہنے لگا اَے خُداوند خُدا مَیں کَون ہُوں اور میرا گھرانا کیا ہے کہ تُو نے مُجھ کو یہاں تک پُہنچایا؟ اور یہ اَے خُدا تیری نظر میں چھوٹی بات تھی بلکہ تُو نے تو اپنے بندہ کے گھر کے حق میں آیندہ بُہت دِنوں کا ذِکر کِیا ہے اور تُو نے اَے خُداوند خُدا مُجھے اَیسا مانا کہ گویا مَیں بڑا منزلت والا آدمی ہُوں۔ بھلا داؤُد تُجھ سے اُس اِکرام کی نِسبت جو تیرے خادِم کا ہُؤا اَور کیا کہے؟ کیونکہ تُو اپنے بندہ کو جانتا ہے۔ اَے خُداوند تُو نے اپنے بندہ کی خاطِر اپنی ہی مرضی سے اِن بڑے بڑے کاموں کو ظاہِر کرنے کے لِئے اِتنی بڑی بات کی۔ اَے خُداوند کوئی تیری مانِند نہیں اور تیرے سِوا جِسے ہم نے اپنے کانوں سے سُنا ہے اَور کوئی خُدا نہیں۔ اور رُویِ زمِین پر تیری قَوم اِسرائیلؔ کی طرح اَور کَون سی قَوم ہے جِسے خُدا نے جا کر اپنی اُمّت بنانے کو آپ چُھڑایا تاکہ تُو اپنی اُمّت کے سامنے سے جِسے تُو نے مِصرؔ سے خلاصی بخشی قَوموں کو دُور کر کے بڑے اور مُہِیب کاموں سے اپنا نام کرے؟ کیونکہ تُو نے اپنی قَوم اِسرائیلؔ کو ہمیشہ کے لِئے اپنی قَوم ٹھہرایا ہے اور تُو آپ اَے خُداوند اُن کا خُدا ہُؤا ہے۔ اور اب اَے خُداوند وہ بات جو تُو نے اپنے بندہ کے حق میں اور اُس کے گھرانے کے حق میں فرمائی ابد تک ثابِت رہے اور جَیسا تُو نے کہا ہے وَیسا ہی کر۔ اور تیرا نام ابد تک قائِم اور بزُرگ ہو تاکہ کہا جائے کہ ربُّ الافواج اِسرائیلؔ کا خُدا ہے بلکہ وہ اِسرائیلؔ ہی کے لِئے خُدا ہے اور تیرے بندہ داؤُد کا گھرانا تیرے حضُور قائِم رہے۔ کیونکہ تُو نے اَے میرے خُدا اپنے بندہ پر ظاہِر کِیا ہے کہ تُو اُس کے لِئے ایک گھر بنائے گا۔ سو تیرے بندہ کو تیرے حضُور دُعا کرنے کا حَوصلہ ہُؤا۔ اور اَے خُداوند تُو ہی خُدا ہے اور تُو نے اپنے بندہ سے اِس بھلائی کا وعدہ کِیا۔ اور تُجھے پسند آیا کہ تُو اپنے بندہ کے گھرانے کو برکت بخشے تاکہ وہ ابد تک تیرے حضُور پایدار رہے کیونکہ تُو اَے خُداوند! برکت دے چُکا ہے۔ سو وہ ابد تک مُبارک ہے۔