۱-توارِیخ 8:12-18
۱-توارِیخ 8:12-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جد کے قبیلے سے بھی کچھ بہادر اور تجربہ کار فوجی ساؤل سے الگ ہو کر داؤد کے ساتھ مل گئے جب وہ ریگستان کے قلعے میں تھا۔ یہ مرد مہارت سے ڈھال اور نیزہ استعمال کر سکتے تھے۔ اُن کے چہرے شیرببر کے چہروں کی مانند تھے، اور وہ پہاڑی علاقے میں غزالوں کی طرح تیز چل سکتے تھے۔ اُن کا لیڈر عزر ذیل کے دس آدمیوں پر مقرر تھا: عبدیاہ، اِلیاب، مِسمنّہ، یرمیاہ، عتّی، اِلی ایل، یوحنان، اِلزبد، یرمیاہ اور مکبنّی۔ جد کے یہ مرد سب اعلیٰ فوجی افسر بن گئے۔ اُن میں سے سب سے کمزور آدمی سَو عام فوجیوں کا مقابلہ کر سکتا تھا جبکہ سب سے طاقت ور آدمی ہزار کا مقابلہ کر سکتا تھا۔ اِن ہی نے بہار کے موسم میں دریائے یردن کو پار کیا، جب وہ کناروں سے باہر آ گیا تھا، اور مشرق اور مغرب کی وادیوں کو بند کر رکھا۔ بن یمین اور یہوداہ کے قبیلوں کے کچھ مرد داؤد کے پہاڑی قلعے میں آئے۔ داؤد باہر نکل کر اُن سے ملنے گیا اور پوچھا، ”کیا آپ سلامتی سے میرے پاس آئے ہیں؟ کیا آپ میری مدد کرنا چاہتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو مَیں آپ کا اچھا ساتھی رہوں گا۔ لیکن اگر آپ مجھے دشمنوں کے حوالے کرنے کے لئے آئے ہیں حالانکہ مجھ سے کوئی بھی ظلم نہیں ہوا ہے تو ہمارے باپ دادا کا خدا اِسے دیکھ کر آپ کو سزا دے۔“ پھر روح القدس 30 افسروں کے راہنما عماسی پر نازل ہوا، اور اُس نے کہا، ”اے داؤد، ہم تیرے ہی لوگ ہیں۔ اے یسّی کے بیٹے، ہم تیرے ساتھ ہیں۔ سلامتی، سلامتی تجھے حاصل ہو، اور سلامتی اُنہیں حاصل ہو جو تیری مدد کرتے ہیں۔ کیونکہ تیرا خدا تیری مدد کرے گا۔“ یہ سن کر داؤد نے اُنہیں قبول کر کے اپنے چھاپہ مار دستوں پر مقرر کیا۔
۱-توارِیخ 8:12-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور جدّیوں میں سے بہتیرے الگ ہو کر بیابان کے قلعہ میں داؤُد کے پاس آ گئے۔ وہ زبردست سُورما اور جنگ آموختہ لوگ تھے جو ڈھال اور برچھی کا اِستعمال جانتے تھے۔ اُن کی صُورتیں اَیسی تِھیں جَیسی شیروں کی صُورتیں اور وہ پہاڑوں پر کی ہرنیوں کی مانِند تیز رَو تھے۔ اوّل عزر تھا۔ عبدؔیاہ دُوسرا۔ الِیاؔب تِیسرا۔ مِسمنّہ چَوتھا۔ یِرمیاؔہ پانچواں۔ عتّی چھٹا۔ الی ایل ساتواں۔ یُوحناؔن آٹھواں۔ اِلزباد نواں۔ یِرمیاؔہ دسواں۔ مکبانی گیارھواں۔ یہ بنی جد میں سے سر لشکر تھے۔ اِن میں سب سے چھوٹا سَو کے برابر اور سب سے بڑا ہزار کے برابر تھا۔ یہ وہ ہیں جو پہلے مہِینے میں یَردؔن کے پار گئے جب اُس کے سب کنارے ڈُوبے ہُوئے تھے اور اُنہوں نے وادیوں کے سب لوگوں کو مشرِق اور مغرِب کی طرف بھگا دِیا۔ اور بنی بِنیمِین اور یہُوداؔہ میں سے کُچھ لوگ قلعہ میں داؤُد کے پاس آئے۔ تب داؤُد اُن کے اِستقبال کو نِکلا اور اُن سے کہنے لگا اگر تُم نیک نِیّتی سے میری مدد کے لِئے میرے پاس آئے ہو تو میرا دِل تُم سے مِلا رہے گا پر اگر مُجھے میرے دُشمنوں کے ہاتھ میں پکڑوانے آئے ہو حالانکہ میرا ہاتھ ظُلم سے پاک ہے تو ہمارے باپ دادا کا خُدا یہ دیکھے اور ملامت کرے۔ تب رُوح عماسی پر نازِل ہُوئی جو اُن تِیسوں کا سردار تھا اور وہ کہنے لگا ہم تیرے ہیں اَے داؤُد اور ہم تیری طرف ہیں اَے یسّی کے بیٹے! سلامتی تیری سلامتی اور تیرے مددگاروں کی سلامتی ہو! کیونکہ تیرا خُدا تیری مدد کرتا ہے۔ تب داؤُد نے اُن کو قبُول کِیا اور اُن کو فَوج کے سردار بنایا۔