یُوحنّا 19
19
حُضُور یِسوعؔ کو صَلیبی موت کی سزا کا سُنایا جانا
1تَب پِیلاطُسؔ نے یِسوعؔ کو لے جا کر کوڑے لگوائے 2اَور فَوج کے سپاہیوں نے کانٹوں کا تاج بنایا اَور آپ کے سَر پر رکھا اَور آپ کو سُرخ رنگ کا چوغہ پہنا دیا۔ 3وہ بار بار حُضُور کے سامنے جاتے اَور کہتے تھے، ”اَے یہُودیوں کے بادشاہ، آداب!“ اَور آپ کے مُنہ پر تھپّڑ مارتے تھے۔
4پِیلاطُسؔ ایک بار پھر باہر آیا اَور یہُودیوں سے کہنے لگا، ”دیکھو، مَیں اِنہیں تمہارے پاس باہر لا رہا ہُوں۔ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ میں تو اِس شخص کو مُجرم نہیں سمجھتا۔“ 5جَب یِسوعؔ کانٹوں کا تاج سَر پر رکھے اَور سُرخ چوغہ پہنے ہویٔے باہر آئے، تو پِیلاطُسؔ نے یہُودیوں سے کہا، ”یہ رہا وہ آدمی!“
6اہم کاہِن اَور اُن کے سپاہی آپ کو دیکھتے ہی، چِلّانے لگے، ”اِسے مصلُوب کرو! اِسے مصلُوب کرو!“
لیکن پِیلاطُسؔ نے جَواب دیا، ”تُم ہی اِسے لے جاؤ اَور صلیب دو۔ جہاں تک میرا تعلّق ہے، میں اِس میں مُجرم ٹھہرانے کا کویٔی قُصُور نہیں پاتا۔“
7یہُودی رہنما اِصرار کرنے لگے، ”ہم اہلِ شَریعت ہیں، اَور ہماری شَریعت کے مُطابق وہ واجِبُ القتل ہے، کیونکہ اِس نے کہا ہے کہ وہ خُدا کا بیٹا ہے۔“
8جَب پِیلاطُسؔ نے یہ سُنا، تو وہ اَور بھی خوفزدہ ہو گیا، 9اَور پِیلاطُسؔ نے دوبارہ محل میں جا کر پُوچھا، ”آپ کہاں کے ہو؟“ لیکن یِسوعؔ نے پِیلاطُسؔ کو کُچھ جَواب نہیں دیا۔ 10پِیلاطُسؔ نے یِسوعؔ سے کہا، ”کیا آپ کو پتا نہیں کہ مُجھے اِختیار ہے کہ آپ کو چھوڑ دُوں یا مصلُوب کر دُوں؟“
11یِسوعؔ نے جَواب دیا، ”اگر یہ اِختیار آپ کو اُوپر سے نہ مِلا ہوتا تو آپ کا مُجھ پر کویٔی اِختیار نہ ہوتا۔ مگر جِس شخص نے مُجھے آپ کے حوالہ کیا ہے وہ اَور بھی بڑے گُناہ کا مُرتکب ہُواہے۔“
12اِس کے بعد پِیلاطُسؔ نے یِسوعؔ کو چھوڑدینے کی کوشش کی، لیکن یہُودی رہنما چِلّا چِلّاکر کہنے لگے، ”اگر آپ نے اِس شخص کو رہا کر دیا تو آپ شَہنشاہ قَیصؔر کے خیرخواہ نہیں۔ اگر کویٔی بھی اَپنے بادشاہ ہونے کا اعلان کرتا ہے تو وہ شَہنشاہ قَیصؔر کا مُخالف سمجھا جاتا ہے۔“
13جَب پِیلاطُسؔ نے یہ سُنا تو اُس نے یِسوعؔ کو باہر بُلایا اَور اَپنے تختِ عدالت پر بیٹھ گیا جو ایک سنگی چبُوترے پر قائِم تھا جسے عِبرانی زبان میں گَبّتھا کہتے ہیں۔ 14یہ عیدِفسح کی تیّاری کا دِن تھا؛ اَور تقریباً دوپہر کا وقت تھی۔
پِیلاطُسؔ نے یہُودیوں سے کہا، ”یہ رہا تمہارا بادشاہ۔“
15لیکن وہ چِلّائے، ”اِسے یہاں سے لے جاؤ! لے جاؤ! اَور اِسے مصلُوب کرو!“
پِیلاطُسؔ نے کہا، ”کیا میں اِسے جو تمہارا بادشاہ ہے مصلُوب کر دُوں؟“
اہم کاہِنوں نے کہا، ”قَیصؔر کے سِوا ہمارا کویٔی بادشاہ نہیں۔“
16اِس پر پِیلاطُسؔ نے یِسوعؔ کو اُن کے حوالہ کر دیا تاکہ حُضُور کو مصلُوب کیا جائے۔
حُضُور یِسوعؔ کو صلیب پر چڑھایا جانا
چنانچہ سپاہی اُنہیں اَپنے قبضہ میں لے کر وہاں سے چلے گیٔے۔ 17یِسوعؔ اَپنی صلیب اُٹھاکر، کھوپڑی نامی جگہ کی طرف روانہ ہُوئے (جسے عِبرانی زبان میں گُلگُتا کہتے ہیں)۔ 18وہاں اُنہُوں نے داہنی اَور بائیں طرف دو ڈاکوؤں کو اَور درمیان میں یِسوعؔ کو صلیب پر مصلُوب کر دیا۔
19پِیلاطُسؔ نے ایک کتبہ تیّار کروا کر صلیب پر لگا دیا۔ اُس پر یہ تحریر تھا:
یِسوعؔ ناصری، یہُودیوں کا بادشاہ
20کیٔی یہُودیوں نے یہ کتبہ پڑھا، کیونکہ جِس جگہ یِسوعؔ کو صلیب پر لٹکایا گیا تھا وہ شہر کے نزدیک ہی تھی، اَور کتبہ کی عبارت عِبرانی، لاطینی اَور یُونانی تینوں زبانوں میں لکھی گئی تھی۔ 21یہُودیوں کے اہم کاہِنوں نے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی، ”یہُودیوں کا بادشاہ نہ لِکھ بَلکہ یہ اُس کا دعویٰ تھا، ’میں یہُودیوں کا بادشاہ،‘ ہُوں۔“
22پِیلاطُسؔ نے جَواب دیا، ”مَیں نے جو کُچھ لِکھ دیا، وہ لِکھ دیا۔“
23جَب سپاہی حُضُور کو مصلُوب کر چُکے، تو اُنہُوں نے یِسوعؔ کے کپڑے لیٔے، اَور اُن کے چار حِصّے کیٔے تاکہ ہر ایک کو، ایک ایک حِصّہ مِل جائے، صِرف اُن کا کُرتہ، باقی رہ گیا جو بغیر کسی جوڑ کے اُوپر سے نیچے تک بُنا ہُوا تھا۔
24اُنہُوں نے آپَس میں طے کیا۔ ”اِس کو پھاڑنے کے بجائے، اُس پر قُرعہ ڈال کر دیکھیں کہ یہ کِس کے حِصّہ میں آتا ہے۔“
یہ اِس لیٔے ہُوا کہ کِتاب مُقدّس کا لِکھّا ہُوا قول پُورا ہو جائے،
”اُنہُوں نے میرے کپڑے آپَس میں تقسیم کر لیٔے
اَور میری پوشاک پر قُرعہ ڈالا۔“#19:24 زبُور 22:18
چنانچہ سپاہیوں نے یہی کیا۔
25یِسوعؔ کی صلیب کے پاس اُن کی ماں، ماں کی بہن، مریمؔ جو کلوپاسؔ کی بیوی تھی، اَور مریمؔ مَگدلِینیؔ کھڑی تھیں۔ 26جَب یِسوعؔ نے اَپنی ماں کو، اَور اَپنے ایک عزیز شاگرد کو نزدیک ہی کھڑے دیکھا، تو ماں سے کہا، اَے خاتُون، اَب سے آپ کا بیٹا یہ ہے، 27اَور شاگرد سے فرمایا، ”اَب سے تمہاری ماں یہ ہیں۔“ وہ شاگرد تَب سے، اُنہیں اَپنے گھر لے گیا۔
خُداوؔند یِسوعؔ کی موت
28جَب، یِسوعؔ نے جان لیا کہ اَب سَب باتیں تمام ہویٔیں، تو اِس لیٔے کہ کِتاب مُقدّس کا لِکھّا پُورا ہو، آپ نے کہا، ”میں پیاسا ہُوں۔“#19:28 زبُور 22:15؛ 69:21 29نزدیک ہی ایک مرتبان سِرکے سے بھرا رکھا تھا، اُنہُوں نے اِسفَنج کو سِرکے میں ڈُبو کر زُوفے کی ڈالی پر رکھ کر، یِسوعؔ کے ہونٹوں سے لگایا۔ 30یِسوعؔ نے اُسے پیتے ہی، فرمایا، ”پُورا ہُوا“ اَور سَر جھُکا کر جان دے دی۔
31یہ فسح کی تیّاری کا دِن تھا، اَور اگلے دِن خصوصی سَبت تھا۔ یہُودی رہنما نہیں چاہتے تھے کہ سَبت کے دِن لاشیں صلیبوں پر ٹنگی رہیں، لہٰذا اُنہُوں نے پِیلاطُسؔ کے پاس جا کر درخواست کی کہ مُجرموں کی ٹانگیں توڑ کر اُن کی لاشوں کو نیچے اُتار لیا جائے۔ 32چنانچہ سپاہی آئے اَور اُنہُوں نے پہلے اُن دو آدمیوں کی ٹانگیں توڑیں جنہیں حُضُور کے ساتھ مصلُوب کیا گیا تھا۔ 33لیکن جَب یِسوعؔ کی باری آئی تو اُنہُوں نے دیکھا کہ وہ تو پہلے ہی مَر چُکے ہیں لہٰذا اُنہُوں نے آپ کی ٹانگیں نہ توڑیں۔ 34مگر، سپاہیوں میں سے ایک نے اَپنا نیزہ لے کر یِسوعؔ کے پہلو میں مارا، اَور آپ کی پسلی چھید ڈالی جِس سے فوراً خُون اَور پانی بہنے لگا۔ 35جو شخص اِس واقعہ کا چشم دید گواہ ہے وہ گواہی دیتاہے، اَور اُس کی گواہی سچّی ہے۔ وہ جانتا ہے کہ وہ سچ کہہ رہاہے، تاکہ تُم بھی ایمان لاؤ۔ 36یہ ساری باتیں اِس لیٔے ہویٔیں کہ کِتاب مُقدّس کا لِکھّا قول پُورا ہو جائے: ”اُس کی کوئی بھی ہڈّی نہ توڑی جائے گی،“#19:36 خُرو 12:46؛ گِن 9:12؛ زبُور 34:20 37اَور کِتاب مُقدّس ایک اَور جگہ بَیان کرتی ہے، ”وہ یِسوعؔ پر جسے اُنہُوں نے چھید ڈالا نظر کریں گے۔“#19:37 زکر 12:10
خُداوؔند یِسوعؔ کی تدفین
38اِن باتوں کے بعد، ایک شخص یُوسیفؔ جو ارِمَتِیاؔہ کا باشِندہ تھا، پِیلاطُسؔ کے پاس گیا اَور اُن سے یِسوعؔ کی لاش کو لے جانے کی اِجازت مانگی۔ یہ شخص یہُودی رہنماؤں کے ڈر کی وجہ سے خُفیہ طور پر حُضُور کا شاگرد تھا، وہ پِیلاطُسؔ سے مِنّت کرکے، حُضُور کی لاش کو لے گیا۔ 39نِیکُودِیمُسؔ بھی آیا، جِس نے کُچھ عرصہ پہلے یِسوعؔ سے رات میں مُلاقات کی تھی۔ نِیکُودِیمُسؔ اَپنے ساتھ مُر اَور عُود اَیسی چیزوں سے بنا ہُوا خُوشبودار مَسالہ لایاتھا جو وزن میں تقریباً چونتیس کِلو کے برابر تھا۔ 40اُن دونوں نے یِسوعؔ کی لاش کو لے کر، اُنہیں اِن خُوشبودار مَسالے، سمیت ایک سُوتی چادر میں کفنایا، جِس طرح یہُودیوں میں دفن کرنے کا دستور تھا۔ 41جِس مقام پر یِسوعؔ کو مصلُوب کیا گیا تھا، وہاں ایک باغ تھا، اَور اُس باغ میں ایک نئی قبر تھی، جِس میں کبھی کسی کو دفنایا نہیں گیا تھا۔ 42چونکہ یہ یہُودیوں کی تیّاری کا دِن تھا اَور قبر نزدیک تھی، اُنہُوں نے یِسوعؔ کو وہاں رکھ دیا۔
موجودہ انتخاب:
یُوحنّا 19: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.