زکریاؔہ 7:1-17

زکریاؔہ 7:1-17 UCV

داریاویشؔ بادشاہ کے دُوسرے بَرس کے گیارھویں مہینے یعنی ماہِ شباطؔ کی چوبیسویں تاریخ کو یَاہوِہ کا یہ کلام نبی زکریاؔہ بِن بیرکیاہ بِن عِدّوؔ پر نازل ہُوا۔ مَیں نے رات کو رُویا میں دیکھا کہ ایک شخص لال گھوڑے پر سوار وادی میں مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا اَور اُس کے پیچھے لال، بھورے اَور سفید رنگ کے گھوڑے تھے۔ تَب مَیں نے پُوچھا، ”اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟“ اُس فرشتے نے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، جَواب دیا، مَیں تُمہیں دِکھاؤں گا کہ یہ کیا ہیں۔ تَب اُس شخص نے جو مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا، اُس نے فرمایا، ”یہ وہ ہیں جنہیں یَاہوِہ نے ساری دُنیا میں سَیر کرنے کو بھیجا ہے۔“ اَور وہ یَاہوِہ کے اُس فرشتے سے مُخاطِب ہُوئے جو مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا، اَور کہا، ”ہم نے تمام دُنیا کی سیر کی اَور دیکھا کہ ساری زمین میں اَمن و سلامتی ہے۔“ پھر یَاہوِہ کے فرشتے نے کہا، ”اَے قادرمُطلق یَاہوِہ آپ جو یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کے شہروں پر پچھلے ستّر سالوں سے ناراض ہیں، کب تک آپ اِن پر رحم نہ کریں گے؟“ تَب یَاہوِہ نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، نرم اَور تسلّی بخش جَواب دیئے۔ تب اُس فرشتے نے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا فرمایا، ”بُلند آواز سے یہ اعلان کرو، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’مُجھے یروشلیمؔ اَور صِیّونؔ کے لئے بڑی غیرت ہے، لیکن مَیں اُن قوموں سے بےحد ناراض ہُوں جو اِس وقت اَمن و سلامتی محسُوس کر رہے ہیں۔ مَیں تو تھوڑا ناراض تھا لیکن اُنہُوں نے اُس آفت کو بہت زِیادہ بڑھا دیا تھا۔‘ ”اِس لیٔے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’مَیں رحمت کی بارش کرنے کو یروشلیمؔ واپس آیا ہُوں، اَور یہاں میرے گھر کو پھر سے تعمیر کیا جائے گا۔ اَور یروشلیمؔ کے اُوپر ناپنے کا جریب پھر سے کھینچا جائے گا۔‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ ”پھر بُلند آواز سے اعلان کرو، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’میرے شہر دوبارہ خُوشحالی سے معموُر ہوں گے اَور یَاہوِہ پھر صِیّونؔ کو تسلّی بخشیں گے اَور یروشلیمؔ کو قبُول فرمائیں گے۔‘ “