رُوتؔ 1:2-9

رُوتؔ 1:2-9 UCV

نعومیؔ کے خَاوند کا ایک رشتہ دار تھا جِس کا نام بُوعزؔ تھا۔ وہ الیمَلِکؔ کے برادری سے تھا اَور بڑا مالدار تھا۔ مُوآبی رُوتؔ نے نعومیؔ سے کہا: ”مُجھے اِجازت دے کہ میں کھیتوں میں جاؤں اَور جِس کسی کی بھی مُجھ پر نظرِ عنایت ہو اُس کے پیچھے پیچھے گری ہوئی بالیں چُننے لگوں۔“ نعومیؔ نے اُس سے کہا: ”جا میری بیٹی۔“ چنانچہ وہ چلی گئی، اَور فصل کاٹنے والوں کے پیچھے پیچھے بالیں چُننے لگی۔ اِتّفاق سے وہ کھیت بُوعزؔ کا تھا جو الیمَلِکؔ کی برادری سے تعلّق رکھتا تھا۔ اُسی دَوران بُوعزؔ بیت لحمؔ سے آ گیا۔ اُس نے فصل کاٹنے والوں سے کہا: ”یَاہوِہ تمہارے ساتھ ہو!“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”یَاہوِہ تُجھے برکت دیں!“ بُوعزؔ نے اَپنے داروغہ سے جو کاٹنے والوں کا نِگران تھا، ”دریافت کیا یہ نوجوان خاتُون کون ہے؟“ داروغہ نے جَواب دیا، ”یہ وہ مُوآبی خاتُون ہے جو نعومیؔ کے ساتھ مُوآب کے مُلک سے آئی ہے۔ اُس نے مُجھ سے اِلتجا کی تھی، ’میں اُسے کاٹنے والوں کے پیچھے پُولوں کے بیچ گری ہُوئی بالیں چُن کر جمع کرنے دُوں۔‘ چنانچہ وہ کھیت میں گئی اَور صُبح سے اَب تک لگاتار کام کر رہی ہے۔ ہاں تھوڑے وقفہ کے لیٔے اُس نے ڈیرے میں ضروُر آرام کیا تھا۔“ اِس پر بُوعزؔ نے رُوتؔ سے کہا: ”میری بیٹی میری بات سُن! اَب کسی دُوسرے کھیت میں بالیں چُننے مت جانا۔ میری خادِماؤں کے ساتھ یہیں رہنا۔ اُس کھیت پر جہاں فصل کاٹی جا رہی ہے نظر رکھنا اَور لڑکیوں کے پیچھے پیچھے رہنا۔ مَیں نے لوگوں سے کہہ دیا ہے کہ تُجھے کویٔی نہ چھیڑے۔ اَور جَب تُجھے پیاس لگے تو جا کر اُن صُراحیوں میں سے پانی پی لینا جو میرے خادِموں نے بھر کر رکھی ہیں۔“