YouVersion Logo
تلاش

رُومیوں 1:15-13

رُومیوں 1:15-13 UCV

ہم جو ایمان میں پُختہ ہیں ہمارا فرض ہے کہ کمزور ایمان وَالوں کی کمزوریوں کی رعایت کریں نہ کہ اَپنی خُوشی کرتے رہیں۔ ہم میں سے ہر شخص اَپنے پڑوسی کا فائدہ اَور ایمان میں ترقّی کا لِحاظ رکھتے ہویٔے اُسے خُوش رکھے۔ کیونکہ المسیؔح نے بھی اَپنی خُوشی کا خیال نہ رکھا بَلکہ کِتاب مُقدّس میں یُوں لِکھّا ہے: ”تیرے لَعن طَعن کرنے وَالوں کے لَعن طَعن مُجھ پر آ پڑے۔“ کیونکہ جِتنی باتیں صحیفہ میں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لیٔے لکھی گئیں تاکہ صبر سے اَور کِتاب مُقدّس کی تسلّی سے ہماری اُمّید قائِم رہے۔ اَب صبر اَور تسلّی دینے والا خُدا تُمہیں خُداوند المسیؔح عیسیٰ کے مِعیار کے مُطابق آپَس میں یکدل ہوکر رہنے کی تَوفیق بَخشے، تاکہ تُم سَب مِل کر اَور ایک زبان ہوکر ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے باپ یعنی خُدا کی تمجید کرتے رہو۔ جِس طرح المسیؔح نے خُدا کے جلال کے لیٔے تُمہیں قبُول کر لیا ہے، اِسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو قبُول کرو۔ میرا کہنا یہ ہے کہ المسیؔح مختون یہُودیوں کا خادِم بنے تاکہ جو وعدے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے کیٔے تھے اُنہیں پُورا کرکے خُدا کو سچّا ثابت کریں۔ اَور غَیریہُودی بھی اُن کی رحمت کی وجہ خُدا کی تمجید کریں جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”اِس لیٔے میں غَیریہُودیوں میں تیری حَمد کروں گا؛ اَور تیرے نام کے نغمہ گاؤں گا۔“ اَور پھر یہ کہا گیا ہے کہ ”اَے غَیریہُودیوں! اُس خُدا کی اُمّت کے ساتھ خُوشی مناؤ۔“ اَور یہ بھی، ”اَے تمام غَیریہُودیوں! خُداوؔند کی حَمد کرو، اَور اَے سَب اُمّتوں! اُن کی سِتائش کرو۔“ اَور یسعیاؔہ نبی بھی فرماتے ہیں، ”یسّیؔ کی جڑ پھُوٹ نکلے گی، یعنی ایک شخص غَیریہُودیوں پر حُکومت کرنے کو اُٹھے گا؛ تمام غَیریہُودیوں کی اُمّید اُسی پر قائِم رہے گی۔“ کیونکہ تُم ایمان رکھتے ہو اِس لیٔے خُدا جو اُمّید کا سرچشمہ ہے تُمہیں پُورے طور پر خُوشی اَور اِطمینان سے معموُر کر دے تاکہ پاک رُوح کی قُدرت سے تمہاری اُمّید بڑھتی چلی جائے۔

پڑھیں رُومیوں 15