YouVersion Logo
تلاش

رُومیوں 1:1-17

رُومیوں 1:1-17 UCV

پَولُسؔ کی طرف سے لِکھّا ہُوا خط، جو خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ کے خادِم، اَور رسول ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے اَور خُدا کی خُوشخبری سُنانے کے لیٔے مخصُوص کیٔے گیٔے، جِس کا وعدہ خُدا نے بہت پہلے سے اَپنے نَبیوں کی مَعرفت کِتاب مُقدّس میں کیا تھا جو اَپنے بیٹے المسیؔح کی نِسبَت سے تھا، جو جِسمانی اعتبار سے تو داؤؔد کی نَسل سے تھے، لیکن پاکیزگی کی رُوح کے اعتبار سے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے باعث بڑی قُدرت کے ساتھ خُدا کا بیٹا ٹھہرے: یعنی ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح۔ آپ کی مَعرفت ہمیں فضل اَور رِسالت مِلی تاکہ ہم سَب غَیریہُودیوں کو آپ کے نام کی خاطِر ایمان سے آنے والی اِطاعَت کے طابع ہوں۔ اَور تُم بھی اُن غَیریہُودیوں میں شامل ہو اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہو۔ اُن سَب خُدا کے پیاروں کے نام جو رُومؔ شہر میں ہیں اَور مُقدّس لوگ ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہیں: ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ پہلے، تو میں تُم سَب کے لیٔے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں کہ تمہارے ایمان کا چَرچا ساری دُنیا میں ہو رہا ہے۔ خُدا، جِس کے بیٹے کی خُوشخبری کی تبلیغ کی خدمت میں دل و جان سے اَنجام دے رہا ہُوں، میری یہ گواہی ہے کہ آپ کو ہر وقت اَپنی دعاؤں میں کتنی کثرت سے یاد کرتا ہُوں اَور یہی دعا کرتا ہُوں؛ خُدا کی مرضی سے تمہارے پاس آنے کا میرے لیٔے راستہ کھُل جائے۔ کیونکہ میں تُم سے مِلنے کا مُشتاق ہُوں تاکہ تُمہیں کویٔی اَیسی رُوحانی نِعمت دے سکوں جو تمہارے ایمان کی مضبُوطی کا باعث ہو۔ میرا مطلب یہ ہے کہ میرے ایمان سے تمہاری اَور تمہارے ایمان سے میری حوصلہ اَفزائی ہو۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! میں نہیں چاہتا کہ تُم اِس بات سے ناواقِف رہو کہ میں نے بارہا تمہارے پاس آنے کا اِرادہ کیا تاکہ جَیسے غَیریہُودیوں میں میری خدمت پھل لائی، تُم میں بھی لایٔے۔ مگر کویٔی نہ کویٔی رُکاوٹ پیدا ہوتی رہی۔ میں یُونانیوں اَور غَیر یُونانیوں اَور دانشمندوں اَور نادانوں دونوں ہی کا قرضدار ہُوں۔ اِس لیٔے میں تمہارے درمیان بھی جو رُومؔ میں ہو خُوشخبری سُنانے کا بےحَد مُشتاق ہُوں۔ میں انجیل سے نہیں شرماتا کیونکہ وہ ہر ایمان لانے والے کی نَجات کے لیٔے خُدا کی قُدرت ہے۔ پہلے یہُودی کے لیٔے، پھر غَیریہُودی کے لیٔے۔ کیونکہ انجیل میں خُدا کی طرف سے اُس راستبازی کو ظاہر کیا گیا ہے جو شروع سے آخِر تک ایمان ہی کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے۔ جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”راستباز ایمان سے زندہ رہے گا۔“

پڑھیں رُومیوں 1