مُکاشفہ 3:22-10

مُکاشفہ 3:22-10 UCV

وہاں کویٔی بھی ملعُون چیز پھر کبھی نہ ہوگی۔ خُدا اَور برّہ کا تخت اُس شہر میں ہوگا اَور اُس کے خادِم اُس کی عبادت کریں گے۔ اَور وہ اُس کا چہرہ دیکھیں گے اَور اُس کا نام اُن کی پیشانی پر لِکھّا ہوگا۔ اَور وہاں پھر کبھی رات نہ ہوگی اَور وہ چراغ اَور سُورج کی رَوشنی کے مُحتاج نہ ہوں گے کیونکہ خُداوؔند خُدا خُود اُنہیں رَوشن کرےگا اَور وہ اَبد تک بادشاہی کرتے رہیں گے۔ اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”یہ باتیں حق اَور مُعتبر ہیں۔ اَور خُداوؔند خُدا جو نبیوں کی رُوحوں کو اُبھارنے والا ہے، اَپنے فرشتہ کو اِس غرض سے بھیجا کہ وہ اَپنے بندوں پر وہ باتیں ظاہر کرے جِن کا جلد پُورا ہونا ضروُری ہے۔“ ”دیکھ، میں جلد آنے والا ہُوں! مُبارک ہے وہ جو اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں پر عَمل کرتا ہے۔“ میں وُہی یُوحنّا ہُوں جِس نے اِن باتوں کو سُنا اَور دیکھا؛ اَور جَب مَیں یہ باتیں سُن چُکا اَور دیکھ چُکا تو جِس فرشتہ نے مُجھے یہ باتیں دِکھائی، میں اُس کے قدموں پر سَجدہ میں گِر پڑا۔ لیکن اُس نے مُجھ سے کہا، ”خبردار، اَیسا مت کر! میں بھی تیرا، اَور تیرے بھایٔی نبیوں اَور اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں پر عَمل کرنے والوں کا ہم خدمت ہُوں۔ خُدا ہی کو سَجدہ کر!“ پھر اُس نے مُجھ سے کہا، ”اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں کو پوشیدہ نہ رکھ؛ کیونکہ وقت نزدیک ہے۔