مُکاشفہ 11:22-21

مُکاشفہ 11:22-21 UCV

جو بُرائی کرتا ہے وہ بُرائی ہی کرتا جائے؛ اَورجو نجِس ہے وہ نجِس ہی ہوتا جائے؛ جو راستباز ہے وہ راستبازی ہی کرتا جائے اَورجو پاک ہے وہ پاک ہی ہوتا چلا جائے۔“ ”خُداوؔند یِسوعؔ فرماتے ہیں، دیکھ! میں جلد آنے والا ہُوں! اَور ہر ایک کو اُس کے عَمل کے مُطابق دینے کے لیٔے اجر میرے پاس مَوجُود ہے۔ میں ہی اَلفا اَور اَومیگا، اوّل اَور آخِر، اِبتدا اَور اِنتہا ہُوں۔ ”مُبارک ہیں وہ جنہوں نے اَپنے لباس دھو لیٔے ہیں کیونکہ اُنہیں شجرِ حیات کے پھل کھانے کا حق ملے گا اَور وہ پھاٹکوں سے شہر میں داخل ہو سکیں گے۔ لیکن کُتّے، جادُوگر، زناکار، قاتل، بُت پرست اَور جھُوٹ بولنے والے اَور جھُوٹ کو پسند کرنے والے، یہ سَب اُس شہر سے باہر ہی رہ جایٔیں گے۔ ”مُجھ یِسوعؔ، نے اَپنا فرشتہ تمہارے پاس اِس لیٔے بھیجا کہ وہ تمام جماعتوں میں اِن باتوں کی تمہارے آگے گواہی دے کہ میں حضرت داویؔد کی اصل اَور نَسل اَور صُبح کا نُورانی ستارہ ہُوں۔“ پاک رُوح اَور دُلہن کہتی ہیں، ”آ!“ اَور ہر سُننے والا بھی کہے، ”آ!“ جو پیاسا ہو وہ آئے؛ اَورجو پانے کی تمنّا رکھتا ہے وہ آبِ حیات مُفت حاصل کر لے۔ میں یُوحنّا، اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتیں سُننے والے ہر شخص کو آگاہ کرتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس کِتاب میں کسی بات کا اِضافہ کرے تو خُدا اِس میں لکھی ہُوئی آفتیں اُس پر نازل کرےگا۔ اَور اگر کویٔی اِس نبُوّت کی کِتاب کی باتوں میں سے کچھ نکال دے تو خُدا اِس کِتاب میں مذکور شجرِ حیات اَور شہر مُقدّس میں رہنے کا حق اُس سے چھین لے گا جِس کا بَیان اِس کِتاب میں ہے۔ جو اِن سَب باتوں کی تصدیق کرنے والے ہیں، فرماتے ہیں، ”بے شک میں جلد آنے والا ہُوں۔“ آمین۔ اَے خُداوؔند یِسوعؔ، آئیے۔ خُداوؔند یِسوعؔ کا فضل خُدا کے مُقدّسین کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔