پھر مَیں نے بیت المُقدّس میں سے کسی کو بڑی آواز سے اُن ساتوں فرشتوں سے یہ کہتے سُنا، ”جاؤ، اَور خُدا کے قہر کے سات پیالوں کو زمین پر اُنڈیل دو۔“ پہلے فرشتہ نے جا کر اَپنا پیالہ پر زمین اُنڈیل دیا، تَب جِن لوگوں پر اُس حَیوان کی چھاپ تھی اَورجو اُس کے بُت کی پرستش کرتے تھے، اُن کے جِسموں پر بہت بدصورت تکلیف دہ پھوڑے نکل آئے۔ پھر دُوسرے فرشتہ نے اَپنا پیالہ سمُندر پر اُنڈیل دیا اَور سارا سمُندر مُردہ کے خُون جَیسا کالا ہو گیا اَور سمُندر کے سارے جاندار مَر گیٔے۔ پھر تیسرے فرشتہ نے اَپنا پیالہ دریاؤں اَور پانی کے چشموں پر اُنڈیل دیا اَور اُن کا پانی بھی خُون بَن گیا۔ تَب مَیں نے سَب پانیِوں پر اِختیار رکھنے والے فرشتہ کو یہ کہتے سُنا، ”اَے قُدُّوس خُدا! تو جو ہے اَورجو تھا، تو عادل ہے کہ تُونے اَیسا اِنصاف کیا؛ کیونکہ اُنہُوں نے تیرے مُقدّسین اَور نبیوں کا خُون بہایا تھا، اَور تُونے اُنہیں پینے کے لیٔے خُون ہی دیا جِس کے وہ مُستحق ہیں۔“ پھر مَیں نے قُربان گاہ میں سے یہ آواز سُنی: ”ہاں، اَے خُداوؔند خُدا، قادرمُطلق، بے شک آپ کے فیصلے برحق اَور راست ہیں۔“ پھر چوتھے فرشتہ نے اَپنا پیالہ سُورج پر اُنڈیل دیا اَور سُورج کو اِختیار دیا گیا کہ وہ لوگوں کو آگ سے جھُلسا ڈالے۔ اَور لوگ شدید تپش سے جھُلس گیٔے اَور اُنہُوں نے خُدا کے نام کی نِسبت کُفر بکنے لگے جسے اِن سَب آفتوں پر اِختیار تھا۔ مگر اُنہُوں نے تَوبہ کرنے اَور خُدا کی تمجید کرنے سے صَاف اِنکار کر دیا۔ پھر پانچویں فرشتہ نے اَپنا پیالہ حَیوان کے تخت پر اُنڈیل دیا جِس سے اُس حَیوان کی بادشاہی میں تاریکی چھاگئی۔ اَور لوگ درد کے مارے اَپنی زبانیں کاٹنے لگے، اَور اَپنے دُکھوں اَور پھوڑوں کی وجہ سے آسمان کے خُدا کو کُفر بکنے لگے لیکن اُنہُوں نے اَپنی بدی سے تَوبہ نہ کی۔ پھر چھٹے فرشتہ نے اَپنا پیالہ بڑے دریائے فراتؔ پر اُنڈیل دیا اَور دریا کا پانی سُوکھ گیا تاکہ مشرق کے بادشاہوں کے آنے کے لیٔے راہ تیّار ہو جائے۔ پھر مَیں نے تین ناپاک رُوحوں کو مینڈکوں کی صورت میں اَژدہا کے مُنہ سے اَور حَیوان کے مُنہ سے اَور اُس جھُوٹے نبی کے مُنہ سے نکلتے دیکھی۔ یہ شَیاطِین کی رُوحیں ہیں جو معجزے دِکھاتی ہیں، اَور نکل کر پُوری دُنیا کے بادشاہوں کے پاس جاتی ہیں تاکہ اُنہیں اُس جنگ کے لیٔے جمع کریں جو قادرمُطلق خُدا کے روزِ حَشر کے آنے پر ہوگی۔ ”دیکھو، مَیں چور کی مانند اَچانک آ رہا ہُوں۔ مُبارک ہے وہ جو جاگتا رہتاہے اَور اَپنی پوشاک پہنے رہتاہے تاکہ اُسے لوگوں کے سامنے ننگا ہونا نہ پڑے اَور لوگ اُس کی برہنگی نہ دیکھیں۔“ پھر اُنہُوں نے سَب بادشاہوں کو اُس جگہ جمع کیا جِس کا عِبرانی نام ہرمگیدون ہے۔ پھر ساتویں فرشتہ نے اَپنا پیالہ ہَوا میں اُنڈیلا تو بیت المُقدّس کے تختِ الٰہی کی جانِب سے ایک بڑی آواز یہ کہتی ہُوئی سُنایٔی دی، ”پُورا ہُوا!“
پڑھیں مُکاشفہ 16
سنیں مُکاشفہ 16
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: مُکاشفہ 1:16-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos