اَے میری اُمّت! میری تعلیم سُنو؛ میرے مُنہ کے کلام پر کان لگاؤ۔ میں تمثیلوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولوں گا، میں قدیم زمانہ کی پوشیدہ باتیں بتاؤں گا۔ جنہیں ہم نے سُنا اَور جان لیا، اَور جنہیں ہمارے آباؤاَجداد نے ہمیں بتایا۔ ہم اُنہیں اُن کی اَولاد سے پوشیدہ نہ رکھیں گے؛ بَلکہ آنے والی نَسل کو یَاہوِہ کے قابل تعریف کارناموں، اُن کی قُدرت اَور اُن کے کئے ہُوئے عجِیب کارناموں کے متعلّق سَب کچھ بتا دیں گے۔ اُنہُوں نے یعقوب میں قوانین کی گواہی قائِم کی اَور اِسرائیل میں شَریعت مُقرّر کی، جِن کے متعلّق ہمارے آباؤاَجداد کو حُکم دیا کہ وہ اَپنی اَولاد کو اُن کی تعلیم دیں، لہٰذا اگلی پُشت اُنہیں جانے گی، اَور وہ فرزند بھی جانیں گے جو ابھی پیدا ہونے والے ہیں، اَور وہ اُنہیں اَپنی اَولاد کو بتائیں گے۔ تَب وہ خُدا پر ایمان لائیں گے اَور اُن کے کارناموں کو فراموش نہ کریں گے، بَلکہ اُن کے اَحکام پر عَمل کریں گے۔ وہ اَپنے آباؤاَجداد کی مانند نہ ہوں گے۔ جو ایک ضِدّی اَور باغی پُشت ہے، جِن کا دِل ہی خُدا کا وفادار نہ رہا، اَور نہ اُن کی رُوح۔ اِفرائیمؔ کے سپاہیوں نے کمانوں سے مُسلّح ہوتے ہُوئے بھی، لڑائی کے دِن پیٹھ دِکھا دی؛ اُنہُوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھا اَور اُن کے آئین پر چلنے سے اِنکار کیا۔ اُنہُوں نے اُن کے حیرت اَنگیز کاموں کو، جو اُنہیں دِکھائے گیٔے تھے، فراموش کر دیا۔ اُنہُوں نے اُن کے آباؤاَجداد کی نگاہوں کے سامنے مُلک مِصر اَور ضعنؔ کے علاقے میں عجِیب و غریب کارنامے کئے۔ اُنہُوں نے سمُندر کے دو حِصّے کئے اَور اُنہیں پار اُتارا؛ اَور پانی کو دیوار کی مانند کھڑا کر دیا۔ اُنہُوں نے دِن کے وقت بادل کے ذریعہ اَور رات کو آگ کی رَوشنی سے اُن کی رہنمائی کی۔ اُنہُوں نے بیابان میں چٹّانوں کو چاک کیا اَور اُنہیں سمُندر کی طرح بہتات سے پانی دیا۔ اُنہُوں نے چٹّان والی گھاٹی میں ندیاں جاری کیں اَور دریاؤں کی طرح پانی بہایا۔ لیکن عِبرانی لوگ اُن کے خِلاف گُناہ کرتے ہی گیٔے، اَور بیابان میں خُداتعالیٰ سے بغاوت کرتے رہے۔ اُنہُوں نے اَپنی پسند کی خُوراک مانگ کر جان بوجھ کر خُدا کو آزمایا۔ اُنہُوں نے یہ کہتے ہُوئے خُدا کے خِلاف بدگوئی کی؛ کیا خُدا، ”بیابان میں دسترخوان بچھانے پر قادر ہے؟ جَب اُنہُوں نے چٹّان کو مارا تو پانی پھوٹ نِکلا، اَور ندیاں کثرت سے بہہ نکلیں۔ لیکن کیا وہ ہمیں روٹی بھی دے سکتے ہیں؟ کیا وہ اَپنے لوگوں کے لیٔے گوشت مہیا کر سکتے ہیں؟“
پڑھیں زبُور 78
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: زبُور 1:78-20
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos