اَے خُدا، اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق، اَپنی بڑی شفقت کی کثرت سے؛ مُجھ پر رحم کریں، میری خطائیں مٹا دیں۔ میری ساری بدی دھو ڈالیں اَور میرے گُناہ سے مُجھے پاک کر دیں۔ کیونکہ مَیں اَپنے خطاؤں کو جانتا ہُوں، اَور میرا گُناہ ہمیشہ میرے سامنے رہتاہے۔ مَیں نے فقط آپ کے، ہی خِلاف گُناہ کیا ہے، اَور مَیں نے وُہی کام کیا ہے، جو آپ کی نظر میں بُرا ہے؛ اَور آپ اَپنے اِنصاف میں حق بجانب ثابت ہو، تاکہ جو کچھ آپ فرمائیں راست ٹھہرے۔ یقیناً میں اَپنی پیدائش کے وقت سے گُناہ آلُودہ تھا، بَلکہ، اُس وقت سے، جَب مَیں اَپنی ماں کے رحم میں پڑا۔ یقیناً، آپ باطِن کی سچّائی کو پسند فرماتے ہیں؛ اَور مُجھے میرے باطِن ہی میں حِکمت سِکھاتے ہیں۔ زُوفے سے مُجھے صَاف کریں، تو میں پاک صَاف ہو جاؤں گا؛ مُجھے دھو ڈالیں، تو میں برف سے بھی زِیادہ سفید ہو جاؤں گا۔ مُجھے خُوشی اَور مسرّت کی خبر سُننے دیں؛ جو ہڈّیاں آپ نے کُچل دی ہیں وہ شاد ہُوں۔ میرے گُناہوں کی طرف سے چشم پوشی کریں اَور میری ساری بدی مٹا دیں۔ اَے خُدا، میرے اَندر پاک دِل پیدا کریں، اَور میرے باطِن میں اَز سرِ نَو مُستقیم رُوح ڈال دیں۔ مُجھے اَپنی حُضُوری سے خارج نہ کریں اَور اَپنی پاک رُوح مُجھ سے جُدا نہ کریں۔ اَپنی نَجات کی خُوشی مُجھے پھر سے عنایت کریں، اَور وہ مُستعد رُوح بخشیں جو مُجھے سنبھالے رہے۔ تَب میں مُجرموں کو آپ کی راہوں کی تعلیم سِکھاؤں گا، اَور گُنہگار آپ کی طرف رُجُوع کریں گے۔ اَے خُدا، اَے میرے مُنجّی خُدا، مُجھے خُون کے جُرم سے نَجات بخش دیں، اَور میری زبان آپ کی راستبازی کا نغمہ گائے گی۔ اَے خُداوؔند، میرے لبوں کو کھول دیں، اَور میرے مُنہ سے آپ کی سِتائش نکلے گی۔ قُربانی سے آپ خُوش نہیں ہوتے، ورنہ میں اُسے پیش کرتا، اَور سوختنی نذروں میں بھی آپ کی خُوشی نہیں ہوتی۔ شکستہ رُوح کی قُربانی آپ کی حُضُوری میں قابل قبُول ہے؛ شکستہ اَور تائب دِل کو، اَے خُدا، آپ حقیر نہ جانیں گے۔
پڑھیں زبُور 51
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 1:51-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos