YouVersion Logo
تلاش

زبُور 1:18-29

زبُور 1:18-29 UCV

اَے یَاہوِہ، اَے میری قُوّت، مَیں آپ سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔ یَاہوِہ میری چٹّان، میرا قلعہ اَور میرے چھُڑانے والے ہیں؛ میرے خُدا، میری چٹّان ہیں، میں جِس میں پناہ لیتا ہُوں، وہ میری سِپر اَور میری نَجات کا سینگ، وہ میرا حصار۔ مَیں یَاہوِہ کو جو سِتائش کے لائق ہیں پُکارتا ہُوں، اَور دُشمنوں سے مُجھے بچا لیتے ہیں۔ موت کی موجوں نے مُجھے گھیرلیا؛ اَور تباہی کے سیلابوں نے مُجھے اَپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پاتال کی رسّیاں میرے چَوگرد لپٹ گئیں؛ اَور موت کے پھندے میرے سامنے تھے۔ مَیں نے اَپنے خُدا سے فریاد کی؛ مَیں نے اَپنی مُصیبت میں یَاہوِہ کو پُکارا۔ اُنہُوں نے اَپنی ہیکل میں سے میری آواز سُنی؛ میری فریاد اُن کے کانوں میں پہُنچی۔ تَب زمین کانپ اُٹھی اَور ہل گئی، اَور پہاڑوں کی بُنیادیں لرز اُٹھیں؛ وہ ہل گئیں اِس لیٔے کہ یَاہوِہ غضبناک ہو گئے تھے۔ اُن کے نتھنوں سے دُھواں اُٹھا؛ اَور اُن کے مُنہ سے بھسم کرنے والی آگ نکلی، جِس سے کوئلے دہک اُٹھے، اُنہُوں نے آسمانوں کو جھُکایا اَور نیچے اُتر آئے؛ سیاہ بادل اُن کے پاؤں کے نیچے تھے۔ وہ کروبی پر سوار ہوکر اُڑے؛ وہ ہَوا کے بازوؤں پر سوار ہوکر اُڑے؛ اُنہُوں نے تاریکی کو اَپنا غلاف، اَور آسمان کے کالے بادلوں کو شامیانہ بنا لیا۔ اُن کی حُضُوری کی تجلّی سے بادل اَور اولے، اَور کڑکتی بجلی کی چمک دھمک سے آگے بڑھ رہے تھے۔ یَاہوِہ آسمان پر سے گرجے؛ اَور خُداتعالیٰ کی آواز گونج اُٹھی۔ اُنہُوں نے اَپنے تیر چلائے اَور دُشمنوں کو پراگندہ کیا، اَور بجلیاں گرا کر اُنہیں شِکست دی۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی ڈانٹ سے، اَور آپ کے نتھنوں کے دَم کے جھونکے سے، سمُندر کی وادیاں دِکھائی دینے لگیں اَور زمین کی بُنیادیں نموُدار ہو گئیں۔ اُنہُوں نے آسمان سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لیا؛ اَور گہرے پانی میں سے کھینچ کر باہر نکالا۔ اُنہُوں نے میرے زبردست دُشمن سے مُجھے رِہائی بخشی، اَور اُن مُخالفوں سے، جو میرے مُقابلہ میں زِیادہ طاقتور تھے۔ وہ میری مُصیبت کے دِن مُجھ پر ٹوٹ پڑے، لیکن یَاہوِہ میرا سہارا تھے۔ یَاہوِہ مُجھے کشادہ جگہ میں نکال لائے؛ اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا کیونکہ وہ مُجھ سے خُوش تھے۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق مُجھ سے سلُوک کیا؛ اَور میرے ہاتھوں کی پاکیزگی کے مُطابق مُجھے صِلہ دیا۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ کی راہوں پر چلتا رہا؛ اَور مَیں نے اَپنے خُدا کے خِلاف کویٔی بدی نہیں کی۔ اُن کے سارے آئین میرے سامنے ہیں؛ اَور مَیں نے اُن کے قوانین سے مُنہ نہیں موڑا۔ میں اُن کے سامنے بے عیب رہا، اَور اَپنے آپ کو گُناہ سے بَری رکھا۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق، اَور اَپنے ہاتھوں کی اُس پاکیزگی کے مُطابق جسے وہ دیکھتے تھے مُجھے اجر دیا۔ وفادار کے ساتھ آپ اَپنے آپ کو وفادار جتاتے ہیں، اَور کامل کے ساتھ اَپنے آپ کو کامل جتاتے ہیں، نیک اِنسان کے ساتھ آپ اَپنے آپ کو نیک جتاتے ہیں، لیکن ٹیڑھے اِنسان کے ساتھ ہوشیاری جتاتے ہیں۔ آپ حلیموں کو تو بچاتے ہیں لیکن اُن لوگوں کو نیچا دِکھانے ہیں جِن کی آنکھوں میں مغروُریت ہوتی ہے۔ اَے یَاہوِہ، آپ میرے چراغ رَوشن رکھیں؛ میرے خُدا میری تاریکی کو نُور تبدیل کرتے ہیں۔ آپ کی مدد سے میں فَوج پر چڑھائی کر سَکتا ہُوں؛ اَور اَپنے خُدا کی بدولت میں دیوار پھاند سَکتا ہُوں۔

پڑھیں زبُور 18