زبُور 73:119-176

زبُور 73:119-176 UCV

آپ کے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اَور تشکیل کیا؛ مُجھے فہم عطا فرمائیں تاکہ آپ کے فرمان سیکھ سکوں۔ آپ کا خوف ماننے والے جَب مُجھے دیکھیں تو خُوش ہوں، کیونکہ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔ اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ کے آئین راست ہے، اَور وفاداری ہی سے آپ نے مُجھے دُکھ پہُنچایا۔ اَپنے خادِم سے کئے ہُوئے وعدہ کے مُطابق، آپ کی لافانی مَحَبّت میری تسلّی کا باعث ہو۔ آپ کی رحمت مُجھے نصیب ہو تاکہ میں زندہ رہُوں، کیونکہ آپ کے آئین میری خُوشنودی ہے۔ مغروُر شرمندہ ہُوں کیونکہ وہ میرے ساتھ ناحق بُرائی کرتے ہیں؛ لیکن مَیں آپ کے فرمانوں پر دھیان کروں گا۔ جو آپ سے ڈرتے ہیں، اَورجو آپ کی شہادتیں سمجھتے ہیں، میری طرف رُجُوع ہُوں۔ میرا دِل آپ کے قوانین پر کامل طور سے عَمل کرے، تاکہ مُجھے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔ میری جان آپ کی نَجات کے لیٔے بیتاب ہے، لیکن مَیں نے آپ کے کلام پر اَپنی اُمّید لگا رکھی ہے۔ آپ کے وعدہ کے اِنتظار میں میری آنکھیں دھُندلا گئیں؛ اَور مَیں پُوچھ رہا ہُوں، ”آپ مُجھے کب تسلّی بخشیں گے؟“ حالانکہ میں دھوئیں میں رکھے ہُوئے مشکیزہ کی مانند ہو گیا ہُوں، تو بھی مَیں آپ کے قوانین کو نہیں بھُولتا۔ مَیں آپ کا خادِم کب تک اِنتظار کروں؟ آپ میرے ستانے والوں پر کب فتویٰ دیں گے؟ مغروُروں نے آپ کے آئین کے اُصُولوں کے خِلاف، میرے لیٔے گڑھے کھودے ہیں۔ آپ کے سبھی اَحکام برحق ہیں؛ میری مدد کریں کیونکہ میرے دشمن خوامخواہ مُجھے ستاتے ہیں۔ اُنہُوں نے مُجھے زمین پر سے تقریباً مٹا ہی ڈالا تھا، لیکن مَیں نے آپ کے فرمانوں کو ترک نہیں کیا۔ اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں، تاکہ مَیں آپ کے مُنہ سے نکلی ہوئی شہادتوں پر عَمل کرتا رہُوں گا۔ اَے یَاہوِہ، آپ کا کلام اَبدی ہے؛ وہ آسمان پر مُستقِل طور پر قائِم رہتاہے۔ آپ کی وفاداری پُشت در پُشت جاری رہتی ہے؛ آپ نے زمین کو قائِم کیا اَور اُسے استحکام بخشا۔ آپ کے آئین آج تک قائِم ہے، کیونکہ سَب چیزیں آپ کی خدمت گزار ہیں۔ اگر آپ کے آئین میرے لیٔے باعثِ مسرّت نہ ہوتی، تو میں اَپنی مُصیبت میں ہلاک ہو چُکا ہوتا۔ مَیں آپ کے قوانین کو کبھی نہ بھُولوں گا، کیونکہ اُن ہی کے وسیلہ سے آپ نے مُجھے محفوظ رکھا ہے۔ مُجھے بچا لیں کیونکہ مَیں آپ کا ہُوں؛ اَور آپ کے فرمانوں کا طالب رہا ہُوں۔ بدکار لوگ مُجھے تباہ کرنے پر آمادہ ہیں، لیکن مَیں آپ کی شہادتوں پر غور کروں گا۔ مَیں نے دیکھا کہ ہر کمال کی کویٔی نہ کویٔی حَد ہوتی ہے؛ لیکن آپ کے اَحکام لامحدود ہیں۔ آہ، مُجھے آپ کے آئین کتنی عزیز ہے! میں دِن بھر اُسی پر غوروخوض کرتا رہتا ہُوں۔ آپ کے اَحکام مُجھے میرے دُشمنوں سے زِیادہ دانشمند بنا دیتے ہیں، کیونکہ وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔ میں اَپنے تمام اُستادوں سے بھی زِیادہ فہم رکھتا ہُوں، کیونکہ مَیں آپ کی شہادتوں پر غور کرتا رہتا ہُوں، مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کرتا ہُوں، میں بُزرگوں سے زِیادہ سمجھ رکھتا ہُوں۔ آپ کے کلام پر عَمل کرنے سے، مَیں نے ہر بُری راہ سے اَپنے قدم باز رکھے ہیں۔ مَیں آپ کے آئین سے کنارہ کش نہ ہُوا، کیونکہ خُود آپ نے مُجھے تعلیم دی ہے۔ آپ کے اقوال کا ذائقہ کس قدر شیریں ہے، وہ میرے مُنہ میں شہد سے بھی زِیادہ میٹھے لگتے ہیں! میں ہر جھُوٹی روِش سے نفرت کرتا ہُوں؛ کیونکہ آپ کے قوانین سے مُجھے فہم حاصل ہوتاہے۔ آپ کا کلام میرے قدموں کے لیٔے چراغ، اَور میری راہ کے لیٔے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اَور اُس پر قائِم ہُوں، کہ مَیں آپ کے آئین کی صداقت کے اَحکام پر عَمل کروں گا۔ اَے یَاہوِہ، مَیں نے بہت دُکھ سہا ہے؛ اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔ اَے یَاہوِہ، میرے مُنہ سے رضا کی قُربانی قبُول فرمائیں، اَور مُجھے اَپنی آئین کی تعلیم عطا کریں۔ حالانکہ میری جان ہر وقت میری ہتھیلی پر ہے، تو بھی مَیں آپ کے آئین کو فراموش نہیں کرتا۔ بدکار لوگوں نے میرے لیٔے پھندا لگایا ہے، لیکن مَیں آپ کے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔ آپ کی شہادتیں میری اَبدی مِیراث ہیں؛ وہ میرے دِل کا سُرور ہیں۔ میں آخِر تک پُورے دِل سے آپ کے قوانین کو مانتا رہُوں گا۔ مُجھے دوغلے لوگوں سے نفرت ہے، لیکن مُجھے آپ کے آئین پسند ہے۔ آپ میری پناہ گاہ اَور میری سِپر ہیں؛ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔ اَے بدکردارو! مُجھ سے دُورہو جاؤ، تاکہ میں اَپنے خُدا کے اَحکام پر عَمل کر سکوں! اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے سنبھالیں اَور مَیں زندہ رہُوں گا؛ میری اُمّید ٹوٹنے نہ پایٔے۔ مُجھے سنبھالیں اَور مَیں محفوظ رہُوں گا؛ میں ہمیشہ آپ کے قوانین کا لحاظ رکھوں گا۔ جو آپ کے اَحکام سے بھٹک جاتے ہیں آپ اُن سَب کو ردّ کر دیتے ہیں، کیونکہ اُن کی مکّاری لاحاصل ہے۔ آپ زمین کے سَب بدکار لوگوں کو دھات کے میل کی مانند چھانٹ دیتے ہیں؛ اِس لیٔے مَیں آپ کی شہادتوں کو عزیز رکھتا ہُوں۔ آپ کے خوف سے میرا جِسم کانپتا ہے؛ اَور مَیں آپ کے آئین کے فیصلوں سے ڈرتا ہُوں۔ مَیں نے وُہی کیا جو راست اَور بجا ہے؛ مُجھے سِتم ڈھانے والوں کے ہاتھ میں نہ چھوڑیں۔ اَپنے خادِم کی فلاح و بہبودی کے ضامن ہوں؛ مغروُر مُجھ پر ظُلم نہ ڈھائیں۔ آپ کی نَجات اَور صداقت کے وعدے کے اِنتظار میں، میری آنکھیں تھک گئیں۔ اَپنے خادِم مُجھ سے اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق سلُوک کریں اَور مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ مَیں آپ کا خادِم ہُوں، مُجھے فہم عنایت فرمائیں، تاکہ مَیں آپ کی شہادتوں کو سمجھ سکوں۔ اَے یَاہوِہ، اَب وقت آ گیا ہے کہ آپ کوئی سزا کے لئے قدم اُٹھائیں؛ کیونکہ آپ کے آئین کی خِلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ چونکہ مَیں آپ کے اَحکام کو سونے سے بَلکہ خالص سونے سے بھی زِیادہ عزیز رکھتا ہُوں، اَور چونکہ مَیں آپ کے قوانین کو برحق سمجھتا ہُوں، اِس لیٔے ہر جھُوٹی راہ سے مُجھے نفرت ہے۔ آپ کی شہادتیں تعجُّب اَنگیز ہیں؛ اِس لیٔے میں اُن پر عَمل کرتا ہُوں۔ آپ کے کلام کی تشریح نُور بخشتی ہے؛ اَور سادہ دِلوں کو سمجھ عطا کرتی ہے۔ آپ کے اَحکام کے اشتیاق میں، میں اَپنا مُنہ کھول کر ہانپتا ہُوں۔ میری طرف پھریں اَور مُجھ پر رحم فرمائیں۔ جَیسے آپ اَپنے نام سے مَحَبّت رکھنے والوں پر ہمیشہ کرتے ہیں۔ اَپنے کلام کے مُطابق میرے قدموں کی رہنمائی کریں؛ کویٔی بدی مُجھ پر غالب نہ آئے۔ لوگوں کے ظُلم سے مُجھے چھُڑا لیں، تاکہ مَیں آپ کے فرمانوں پر عَمل کر سکوں۔ اَپنا چہرہ اَپنے خادِم پر جلوہ گِر فرمائیں اَور اَپنے اَحکام مُجھے سکھائیں۔ میری آنکھوں سے آنسُوؤں کے چشمے جاری ہیں، کیونکہ لوگ آپ کے آئین پر عَمل نہیں کر رہے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، آپ راستباز ہیں، اَور آپ کے آئین بھی برحق ہیں۔ آپ کی مُقرّر کی ہوئی شہادتیں برحق ہیں؛ وہ مُکمّل طور پر قابل یقین ہیں۔ میری غیرت مُجھے کھا جاتی ہے، کیونکہ میرے دُشمن آپ کے کلام کو بھُول جاتے ہیں۔ آپ کے وعدے پُوری طرح خالص ثابت ہُوئے، اَور آپ کا خادِم میں اُنہیں عزیز رکھتا ہُوں۔ حالانکہ میں ادنیٰ اَور حقیر ہُوں، تو بھی آپ کے قوانین کو فراموش نہیں کرتا۔ آپ کی راستبازی اَبدی ہے اَور آپ کے آئین برحق ہیں۔ مُصیبت اَور تکلیف نے مُجھے دبا رکھا ہے، لیکن آپ کے اَحکام میری خُوشنودی کا باعث ہیں۔ آپ کی شہادتیں اَبد تک راست ہیں؛ مُجھے فہم عنایت فرمائیں تاکہ میں زندہ رہُوں۔ میں سارے دِل سے آپ کو پُکارتا ہُوں، اَے یَاہوِہ، مُجھے جَواب دیں، اَور مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کروں گا۔ مَیں نے آپ کو پُکارتا ہُوں، مُجھے بچا لیں اَور مَیں آپ کی شہادتوں پر عَمل کروں گا۔ میں صُبح سویرے اُٹھتا ہُوں اَور مدد کے لئے پُکارتا ہُوں؛ مُجھے آپ کے کلام پر اِعتبار ہے۔ رات کے ہر پہر میری آنکھیں کھُل جاتی ہیں، تاکہ مَیں آپ کے وعدہ پر دھیان کروں۔ اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری آواز سُنیں؛ اَے یَاہوِہ، اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔ شرارت آمیز منصُوبے بنانے والے قریب آ گئے ہیں، لیکن وہ آپ کے آئین سے بہت دُور ہیں۔ تو بھی اَے یَاہوِہ، آپ بہت قریب ہیں، اَور آپ کے سَب اَحکام حق ہیں۔ بہت پہلے ہی مُجھے آپ کی شہادتوں سے یہ حقیقت مَعلُوم ہو گئی تھی کہ آپ نے اُنہیں اَبد تک کے لیٔے قائِم کیا ہے۔ میری تکلیف پر نظر کریں اَور مُجھے اُس سے رِہائی بخشیں، کیونکہ مَیں نے آپ کے آئین کو فراموش نہیں کیا۔ میری وکالت کریں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛ اَپنے وعدے کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔ نَجات بدکار لوگوں سے دُور ہے، کیونکہ وہ آپ کے قوانین کی جُستُجو میں نہیں رہتے۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی رحمت عظیم ہے؛ اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔ مُجھ پر سِتم ڈھانے والے اَور میرے مُخالف بہت ہیں، لیکن مَیں آپ کی شہادتوں سے کنارہ کش نہ ہُوا۔ میں دغابازوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہُوں، کیونکہ وہ آپ کے کلام پر عَمل نہیں کرتے۔ دیکھو، مُجھے آپ کے قوانین سے کیسی مَحَبّت ہے؛ اَے یَاہوِہ، اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔ آپ کے کلام کا اصل حق پر قائِم ہے؛ اَور آپ کے سَب سچّے اَحکام اَبدی ہیں۔ حُکمراں بلاوجہ مُجھے ستاتے ہیں، لیکن میرے دِل میں آپ کے کلام کا ڈر ہے۔ جَیسے کویٔی لُوٹ کا مال پا کر خُوش ہوتاہے وَیسے ہی مَیں آپ کے وعدہ کے سبب سے خُوش ہُوں۔ مُجھے جھُوٹ سے نفرت اَور کراہیّت ہے لیکن آپ کے آئین سے مُجھے مَحَبّت ہے۔ آپ کی برحق شَریعت کی خاطِر میں دِن میں سات بار آپ کی مدح سرائی کرتا ہُوں۔ آپ کے آئین سے مَحَبّت رکھنے والے بےحد مطمئن ہوتے ہیں، وہ کسی چیز سے بھی ٹھوکر نہیں کھاتے۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی نَجات کا منتظر ہُوں، اَور آپ کے اَحکام پر عَمل کرتا آیا ہُوں۔ مَیں آپ کی شہادتوں کو مانتا ہُوں، کیونکہ وہ مُجھے بےحد عزیز ہیں۔ مَیں آپ کے درجات اَور شہادتوں پر عَمل کرتا ہُوں، کیونکہ میری سَب روِشیں آپ کو مَعلُوم ہیں۔ اَے یَاہوِہ، میری فریاد آپ کے حُضُور میں پہُنچے؛ اَپنے کلام کے مُطابق مُجھے فہم عطا فرمائیں۔ میری مِنّت آپ کے حُضُور میں پہُنچے؛ اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے چھُڑائیں۔ میرے لبوں سے ہمیشہ آپ کی سِتائش نکلے، کیونکہ آپ مُجھے اَپنے قوانین سِکھاتے ہیں۔ میری زبان آپ کے کلام کا نغمہ گائے، کیونکہ آپ کے سَب اَحکام برحق ہیں۔ آپ کا ہاتھ میری مدد پر آمادہ رہے، کیونکہ مَیں نے آپ کے قوانین اِختیار کئے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی نَجات کا مُشتاق ہُوں، اَور آپ کے آئین میری خُوشی کا باعث ہے۔ مُجھے سلامت رکھیں تاکہ مَیں آپ کی سِتائش کر سکوں، اَور آپ کے آئین مُجھے سنبھالے رہے۔ میں کھوئی ہُوئی بھیڑ کی مانند بھٹک گیا ہُوں۔ آپ ہی اَپنے خادِم کو تلاش کریں، کیونکہ مَیں نے آپ کے اَحکام فراموش نہیں کئے ہیں۔