زبُور 73:119-104

زبُور 73:119-104 UCV

آپ کے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اَور تشکیل کیا؛ مُجھے فہم عطا فرمائیں تاکہ آپ کے فرمان سیکھ سکوں۔ آپ کا خوف ماننے والے جَب مُجھے دیکھیں تو خُوش ہوں، کیونکہ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔ اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ کے آئین راست ہے، اَور وفاداری ہی سے آپ نے مُجھے دُکھ پہُنچایا۔ اَپنے خادِم سے کئے ہُوئے وعدہ کے مُطابق، آپ کی لافانی مَحَبّت میری تسلّی کا باعث ہو۔ آپ کی رحمت مُجھے نصیب ہو تاکہ میں زندہ رہُوں، کیونکہ آپ کے آئین میری خُوشنودی ہے۔ مغروُر شرمندہ ہُوں کیونکہ وہ میرے ساتھ ناحق بُرائی کرتے ہیں؛ لیکن مَیں آپ کے فرمانوں پر دھیان کروں گا۔ جو آپ سے ڈرتے ہیں، اَورجو آپ کی شہادتیں سمجھتے ہیں، میری طرف رُجُوع ہُوں۔ میرا دِل آپ کے قوانین پر کامل طور سے عَمل کرے، تاکہ مُجھے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔ میری جان آپ کی نَجات کے لیٔے بیتاب ہے، لیکن مَیں نے آپ کے کلام پر اَپنی اُمّید لگا رکھی ہے۔ آپ کے وعدہ کے اِنتظار میں میری آنکھیں دھُندلا گئیں؛ اَور مَیں پُوچھ رہا ہُوں، ”آپ مُجھے کب تسلّی بخشیں گے؟“ حالانکہ میں دھوئیں میں رکھے ہُوئے مشکیزہ کی مانند ہو گیا ہُوں، تو بھی مَیں آپ کے قوانین کو نہیں بھُولتا۔ مَیں آپ کا خادِم کب تک اِنتظار کروں؟ آپ میرے ستانے والوں پر کب فتویٰ دیں گے؟ مغروُروں نے آپ کے آئین کے اُصُولوں کے خِلاف، میرے لیٔے گڑھے کھودے ہیں۔ آپ کے سبھی اَحکام برحق ہیں؛ میری مدد کریں کیونکہ میرے دشمن خوامخواہ مُجھے ستاتے ہیں۔ اُنہُوں نے مُجھے زمین پر سے تقریباً مٹا ہی ڈالا تھا، لیکن مَیں نے آپ کے فرمانوں کو ترک نہیں کیا۔ اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں، تاکہ مَیں آپ کے مُنہ سے نکلی ہوئی شہادتوں پر عَمل کرتا رہُوں گا۔ اَے یَاہوِہ، آپ کا کلام اَبدی ہے؛ وہ آسمان پر مُستقِل طور پر قائِم رہتاہے۔ آپ کی وفاداری پُشت در پُشت جاری رہتی ہے؛ آپ نے زمین کو قائِم کیا اَور اُسے استحکام بخشا۔ آپ کے آئین آج تک قائِم ہے، کیونکہ سَب چیزیں آپ کی خدمت گزار ہیں۔ اگر آپ کے آئین میرے لیٔے باعثِ مسرّت نہ ہوتی، تو میں اَپنی مُصیبت میں ہلاک ہو چُکا ہوتا۔ مَیں آپ کے قوانین کو کبھی نہ بھُولوں گا، کیونکہ اُن ہی کے وسیلہ سے آپ نے مُجھے محفوظ رکھا ہے۔ مُجھے بچا لیں کیونکہ مَیں آپ کا ہُوں؛ اَور آپ کے فرمانوں کا طالب رہا ہُوں۔ بدکار لوگ مُجھے تباہ کرنے پر آمادہ ہیں، لیکن مَیں آپ کی شہادتوں پر غور کروں گا۔ مَیں نے دیکھا کہ ہر کمال کی کویٔی نہ کویٔی حَد ہوتی ہے؛ لیکن آپ کے اَحکام لامحدود ہیں۔ آہ، مُجھے آپ کے آئین کتنی عزیز ہے! میں دِن بھر اُسی پر غوروخوض کرتا رہتا ہُوں۔ آپ کے اَحکام مُجھے میرے دُشمنوں سے زِیادہ دانشمند بنا دیتے ہیں، کیونکہ وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔ میں اَپنے تمام اُستادوں سے بھی زِیادہ فہم رکھتا ہُوں، کیونکہ مَیں آپ کی شہادتوں پر غور کرتا رہتا ہُوں، مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کرتا ہُوں، میں بُزرگوں سے زِیادہ سمجھ رکھتا ہُوں۔ آپ کے کلام پر عَمل کرنے سے، مَیں نے ہر بُری راہ سے اَپنے قدم باز رکھے ہیں۔ مَیں آپ کے آئین سے کنارہ کش نہ ہُوا، کیونکہ خُود آپ نے مُجھے تعلیم دی ہے۔ آپ کے اقوال کا ذائقہ کس قدر شیریں ہے، وہ میرے مُنہ میں شہد سے بھی زِیادہ میٹھے لگتے ہیں! میں ہر جھُوٹی روِش سے نفرت کرتا ہُوں؛ کیونکہ آپ کے قوانین سے مُجھے فہم حاصل ہوتاہے۔