آپ کی شہادتیں تعجُّب اَنگیز ہیں؛ اِس لیٔے میں اُن پر عَمل کرتا ہُوں۔ آپ کے کلام کی تشریح نُور بخشتی ہے؛ اَور سادہ دِلوں کو سمجھ عطا کرتی ہے۔ آپ کے اَحکام کے اشتیاق میں، میں اَپنا مُنہ کھول کر ہانپتا ہُوں۔ میری طرف پھریں اَور مُجھ پر رحم فرمائیں۔ جَیسے آپ اَپنے نام سے مَحَبّت رکھنے والوں پر ہمیشہ کرتے ہیں۔ اَپنے کلام کے مُطابق میرے قدموں کی رہنمائی کریں؛ کویٔی بدی مُجھ پر غالب نہ آئے۔ لوگوں کے ظُلم سے مُجھے چھُڑا لیں، تاکہ مَیں آپ کے فرمانوں پر عَمل کر سکوں۔ اَپنا چہرہ اَپنے خادِم پر جلوہ گِر فرمائیں اَور اَپنے اَحکام مُجھے سکھائیں۔ میری آنکھوں سے آنسُوؤں کے چشمے جاری ہیں، کیونکہ لوگ آپ کے آئین پر عَمل نہیں کر رہے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، آپ راستباز ہیں، اَور آپ کے آئین بھی برحق ہیں۔ آپ کی مُقرّر کی ہوئی شہادتیں برحق ہیں؛ وہ مُکمّل طور پر قابل یقین ہیں۔ میری غیرت مُجھے کھا جاتی ہے، کیونکہ میرے دُشمن آپ کے کلام کو بھُول جاتے ہیں۔ آپ کے وعدے پُوری طرح خالص ثابت ہُوئے، اَور آپ کا خادِم میں اُنہیں عزیز رکھتا ہُوں۔ حالانکہ میں ادنیٰ اَور حقیر ہُوں، تو بھی آپ کے قوانین کو فراموش نہیں کرتا۔ آپ کی راستبازی اَبدی ہے اَور آپ کے آئین برحق ہیں۔ مُصیبت اَور تکلیف نے مُجھے دبا رکھا ہے، لیکن آپ کے اَحکام میری خُوشنودی کا باعث ہیں۔ آپ کی شہادتیں اَبد تک راست ہیں؛ مُجھے فہم عنایت فرمائیں تاکہ میں زندہ رہُوں۔ میں سارے دِل سے آپ کو پُکارتا ہُوں، اَے یَاہوِہ، مُجھے جَواب دیں، اَور مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کروں گا۔ مَیں نے آپ کو پُکارتا ہُوں، مُجھے بچا لیں اَور مَیں آپ کی شہادتوں پر عَمل کروں گا۔ میں صُبح سویرے اُٹھتا ہُوں اَور مدد کے لئے پُکارتا ہُوں؛ مُجھے آپ کے کلام پر اِعتبار ہے۔ رات کے ہر پہر میری آنکھیں کھُل جاتی ہیں، تاکہ مَیں آپ کے وعدہ پر دھیان کروں۔ اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری آواز سُنیں؛ اَے یَاہوِہ، اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔ شرارت آمیز منصُوبے بنانے والے قریب آ گئے ہیں، لیکن وہ آپ کے آئین سے بہت دُور ہیں۔ تو بھی اَے یَاہوِہ، آپ بہت قریب ہیں، اَور آپ کے سَب اَحکام حق ہیں۔ بہت پہلے ہی مُجھے آپ کی شہادتوں سے یہ حقیقت مَعلُوم ہو گئی تھی کہ آپ نے اُنہیں اَبد تک کے لیٔے قائِم کیا ہے۔ میری تکلیف پر نظر کریں اَور مُجھے اُس سے رِہائی بخشیں، کیونکہ مَیں نے آپ کے آئین کو فراموش نہیں کیا۔ میری وکالت کریں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛ اَپنے وعدے کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔ نَجات بدکار لوگوں سے دُور ہے، کیونکہ وہ آپ کے قوانین کی جُستُجو میں نہیں رہتے۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی رحمت عظیم ہے؛ اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔ مُجھ پر سِتم ڈھانے والے اَور میرے مُخالف بہت ہیں، لیکن مَیں آپ کی شہادتوں سے کنارہ کش نہ ہُوا۔ میں دغابازوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہُوں، کیونکہ وہ آپ کے کلام پر عَمل نہیں کرتے۔ دیکھو، مُجھے آپ کے قوانین سے کیسی مَحَبّت ہے؛ اَے یَاہوِہ، اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔ آپ کے کلام کا اصل حق پر قائِم ہے؛ اَور آپ کے سَب سچّے اَحکام اَبدی ہیں۔ حُکمراں بلاوجہ مُجھے ستاتے ہیں، لیکن میرے دِل میں آپ کے کلام کا ڈر ہے۔ جَیسے کویٔی لُوٹ کا مال پا کر خُوش ہوتاہے وَیسے ہی مَیں آپ کے وعدہ کے سبب سے خُوش ہُوں۔ مُجھے جھُوٹ سے نفرت اَور کراہیّت ہے لیکن آپ کے آئین سے مُجھے مَحَبّت ہے۔ آپ کی برحق شَریعت کی خاطِر میں دِن میں سات بار آپ کی مدح سرائی کرتا ہُوں۔ آپ کے آئین سے مَحَبّت رکھنے والے بےحد مطمئن ہوتے ہیں، وہ کسی چیز سے بھی ٹھوکر نہیں کھاتے۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی نَجات کا منتظر ہُوں، اَور آپ کے اَحکام پر عَمل کرتا آیا ہُوں۔ مَیں آپ کی شہادتوں کو مانتا ہُوں، کیونکہ وہ مُجھے بےحد عزیز ہیں۔ مَیں آپ کے درجات اَور شہادتوں پر عَمل کرتا ہُوں، کیونکہ میری سَب روِشیں آپ کو مَعلُوم ہیں۔ اَے یَاہوِہ، میری فریاد آپ کے حُضُور میں پہُنچے؛ اَپنے کلام کے مُطابق مُجھے فہم عطا فرمائیں۔ میری مِنّت آپ کے حُضُور میں پہُنچے؛ اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے چھُڑائیں۔ میرے لبوں سے ہمیشہ آپ کی سِتائش نکلے، کیونکہ آپ مُجھے اَپنے قوانین سِکھاتے ہیں۔ میری زبان آپ کے کلام کا نغمہ گائے، کیونکہ آپ کے سَب اَحکام برحق ہیں۔ آپ کا ہاتھ میری مدد پر آمادہ رہے، کیونکہ مَیں نے آپ کے قوانین اِختیار کئے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی نَجات کا مُشتاق ہُوں، اَور آپ کے آئین میری خُوشی کا باعث ہے۔ مُجھے سلامت رکھیں تاکہ مَیں آپ کی سِتائش کر سکوں، اَور آپ کے آئین مُجھے سنبھالے رہے۔ میں کھوئی ہُوئی بھیڑ کی مانند بھٹک گیا ہُوں۔ آپ ہی اَپنے خادِم کو تلاش کریں، کیونکہ مَیں نے آپ کے اَحکام فراموش نہیں کئے ہیں۔
پڑھیں زبُور 119
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: زبُور 129:119-176
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos