زبُور 129:119-144

زبُور 129:119-144 UCV

آپ کی شہادتیں تعجُّب اَنگیز ہیں؛ اِس لیٔے میں اُن پر عَمل کرتا ہُوں۔ آپ کے کلام کی تشریح نُور بخشتی ہے؛ اَور سادہ دِلوں کو سمجھ عطا کرتی ہے۔ آپ کے اَحکام کے اشتیاق میں، میں اَپنا مُنہ کھول کر ہانپتا ہُوں۔ میری طرف پھریں اَور مُجھ پر رحم فرمائیں۔ جَیسے آپ اَپنے نام سے مَحَبّت رکھنے والوں پر ہمیشہ کرتے ہیں۔ اَپنے کلام کے مُطابق میرے قدموں کی رہنمائی کریں؛ کویٔی بدی مُجھ پر غالب نہ آئے۔ لوگوں کے ظُلم سے مُجھے چھُڑا لیں، تاکہ مَیں آپ کے فرمانوں پر عَمل کر سکوں۔ اَپنا چہرہ اَپنے خادِم پر جلوہ گِر فرمائیں اَور اَپنے اَحکام مُجھے سکھائیں۔ میری آنکھوں سے آنسُوؤں کے چشمے جاری ہیں، کیونکہ لوگ آپ کے آئین پر عَمل نہیں کر رہے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، آپ راستباز ہیں، اَور آپ کے آئین بھی برحق ہیں۔ آپ کی مُقرّر کی ہوئی شہادتیں برحق ہیں؛ وہ مُکمّل طور پر قابل یقین ہیں۔ میری غیرت مُجھے کھا جاتی ہے، کیونکہ میرے دُشمن آپ کے کلام کو بھُول جاتے ہیں۔ آپ کے وعدے پُوری طرح خالص ثابت ہُوئے، اَور آپ کا خادِم میں اُنہیں عزیز رکھتا ہُوں۔ حالانکہ میں ادنیٰ اَور حقیر ہُوں، تو بھی آپ کے قوانین کو فراموش نہیں کرتا۔ آپ کی راستبازی اَبدی ہے اَور آپ کے آئین برحق ہیں۔ مُصیبت اَور تکلیف نے مُجھے دبا رکھا ہے، لیکن آپ کے اَحکام میری خُوشنودی کا باعث ہیں۔ آپ کی شہادتیں اَبد تک راست ہیں؛ مُجھے فہم عنایت فرمائیں تاکہ میں زندہ رہُوں۔