مُبارک ہیں وہ جو بے اِلزام ہیں، اَورجو یَاہوِہ کے آئین کے مُطابق چلتے ہیں۔ مُبارک ہیں وہ جو یَاہوِہ کی شہادتوں پر عَمل کرتے ہیں اَور اَپنے پُورے دِل سے اُس کے طالب ہیں۔ وہ کویٔی غلط کام نہیں کرتے؛ اَور یَاہوِہ کی راہوں پر چلتے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، آپ نے فرمان جاری کر دیا ہے، کہ آپ کے قوانین پُوری طرح مانے جایٔیں، کاش کہ آپ کے قوانین کی اِطاعت کے لیٔے میری روِشیں اُستوار ہو جایٔیں! جَب مَیں آپ کے سَب اَحکام کا لحاظ رکھوں گا تو میں شرمندہ نہ ہوں گا۔ جَب مَیں آپ کی صداقت کی شَریعت سیکھ لُوں گا، تو سچّے دِل سے آپ کی سِتائش کروں گا۔ مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کروں گا؛ مُجھے بالکُل ہی ترک نہ کردینا۔ جَوان اَپنی روِش کس طرح پاک رکھے؟ آپ کے کلام کے مُطابق زندگی گُزارنے سے۔ میں پُورے دِل سے آپ کی جُستُجو میں لگا ہُوا ہُوں؛ تاکہ آپ مُجھے اَپنے اَحکام سے بھٹکنے نہ دیں۔ مَیں نے آپ کا کلام اَپنے دِل میں محفوظ کر لیا ہے، تاکہ مَیں آپ کے خِلاف گُناہ نہ کروں۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی سِتائش ہو؛ مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ آپ کے مُنہ سے نِکلا ہُوا تمام آئین کا بَیان، میرے لبوں پر رہتاہے۔ مُجھے آپ کی شہادتوں کو بجا لانے سے وَیسی ہی مسرّت حاصل ہوتی ہے، جِتنا کہ ہر طرح کی دولت سے ہوتی ہے۔ مَیں آپ کے قوانین پر غور کرتا ہُوں، اَور آپ کی بَیان کَردہ راہوں کو نگاہ میں رکھتا ہُوں۔ آپ کے قوانین میرے لیٔے خُوشی کا باعث ہیں، مَیں آپ کے کلام کو فراموش نہ کروں گا۔ اَپنے خادِم پر اِحسَان کریں تاکہ میں جیتا رہُوں؛ اَور آپ کے کلام پر عَمل کرتا رہُوں۔ آپ میری آنکھیں کھول دیں تاکہ مَیں آپ کے آئین کے حیرت اَنگیز حَقائِق دیکھ سکوں۔ میں زمین پر صِرف ایک مُسافر ہُوں؛ اَپنے اَحکام مُجھ سے پوشیدہ نہ رکھیں۔ ہر وقت آپ کے آئین کے اشتیاق میں میری رُوح تڑپتی رہتی ہے۔ آپ اُن کو ڈانٹتے ہیں جو مغروُر، اَور ملعُون ہیں، اَورجو آپ کے اَحکام سے گُمراہ ہو جاتے ہیں۔ ملامت اَور ذِلّت کو مُجھ سے دُور کر دیں، کیونکہ مَیں آپ کی شہادتوں پر عَمل کرتا ہُوں۔ حُکمراں اِکٹھّے بیٹھ کر میرے خِلاف باتیں کرتے ہیں، تو بھی آپ کا خادِم آپ کے قوانین پر توجّہ کرتا رہے گا۔ آپ کی شہادتیں میرے لیٔے باعثِ مسرّت ہیں؛ وہ میرے مُشیر ہیں۔ میں خاک کے سُپرد کر دیا گیا ہُوں؛ آپ اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔ مَیں نے اَپنی روِشیں بَیان کیں اَور آپ نے مُجھے جَواب دیا؛ مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ اَپنے قوانین کے اُصُول میرے ذہن نشین کر دیں؛ تَب مَیں آپ کے عجائب پر غور کروں گا۔ غم کے مارے میری جان خستہ حال ہے؛ اَپنے کلام کے مُطابق مُجھے تقویّت بخشیں۔ جھُوٹ کی راہوں سے مُجھے دُور رکھیں؛ اَپنے آئین کے ذریعہ مُجھ پر مہربانی فرمائیں۔ مَیں نے راستی کی راہ اِختیار کرلی ہے؛ اَور اَپنا دِل آپ کے آئین کے اَحکام پر لگائے رکھا ہے۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی شہادتوں سے لپٹا ہُوا ہُوں؛ مُجھے شرمندہ نہ ہونے دیں۔ مَیں آپ کے اَحکام کی راہ میں دَوڑتا ہُوں، کیونکہ آپ نے میری سمجھ میں کشادگی عطا فرمائی ہے۔ اَے یَاہوِہ، مُجھے اَپنے قوانین پر چلنا سکھائیں؛ تَب میں آخِر تک اُن پر عَمل کرتا رہُوں گا۔ مُجھے فہم عطا کریں اَور مَیں آپ کے آئین پر عَمل کروں گا اَور اَپنے پُورے دِل سے اُس پر چلُوں گا۔ مُجھے اَپنے اَحکام کی راہ پر چلائیں، کیونکہ اُس میں میری خُوشنودی ہے۔ میرے دِل کو اَپنے شہادتوں کی طرف پھیر دیں؛ نہ کہ خُود غرضی کی طرف۔ میری آنکھوں کو بیکار چیزوں کی طرف سے پھیر دیں؛ اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کی راہوں کا تحفُّظ کریں۔ اَپنے خادِم کے ساتھ اَپنا وعدہ پُورا کریں، تاکہ لوگ آپ کا خوف مانتے رہیں۔ جِس ملامت کا مُجھے خوف ہے اُسے دُور کر دیں، کیونکہ آپ کے آئین بھلی ہے۔ دیکھو مَیں آپ کے قوانین کا کس قدر مُشتاق ہُوں! اَپنی راستبازی سے میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت اَور آپ کی نَجات، آپ کے وعدہ کے مُطابق مُجھے بھی نصیب ہو؛ تَب میں اُسے جو مُجھ پر طَعنہ زنی کرتا ہے، جَواب دے سکوں گا، کیونکہ میرا توکّل آپ کے کلام پر ہے۔ میرے مُنہ سے حق بات کو کبھی جُدا نہ ہونے دیں، کیونکہ مَیں نے آپ کے آئین پر اُمّید لگا رکھی ہے۔ میں ابدُالآباد، آپ کے آئین پر عَمل کرتا رہُوں گا۔ میں آزادی سے چلُوں گا، کیونکہ مَیں آپ کے قوانین کا طالب رہا ہُوں۔ میں بادشاہوں کے سامنے آپ کی شہادتیں بَیان کروں گا اَور شرمندہ نہ ہوں گا، مَیں آپ کے اَحکام سے مسرّت حاصل کروں گا کیونکہ وہ مُجھے عزیز ہیں۔ میں اَپنے ہاتھ آپ کے اَحکام کی طرف اُٹھاتا ہُوں، وہ مُجھے عزیز ہیں۔ اَور مَیں آپ کے آئین پر دھیان کروں گا۔ جو کلام آپ نے اَپنے خادِم سے کیا اُسے یاد کریں، کیونکہ آپ نے مُجھے اُمّید دِلائی ہے۔ میری مُصیبت میں میری تسلّی یہی ہے: آپ کا وعدہ میری زندگی کا تحفُّظ کرتا ہے۔ مغروُر بے دھڑک میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں، لیکن مَیں آپ کے آئین سے کنارہ نہیں کرتا۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی قدیم شَریعت کو یاد کرتا ہُوں، مُجھے اُن سے بڑی تسلّی ملتی ہے۔ جِن بدکار لوگوں نے آپ کے آئین کو ترک کر دیا، اُن کے سبب سے میں سخت طیش میں آ گیا ہُوں۔ جہاں کہیں میرا قِیام ہوتاہے وہاں آپ کے قوانین میرے نغمہ کا مضمون بَن جاتے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، میں رات کو آپ کے نام کا ذِکر کرتا ہُوں، اَور مَیں آپ کے آئین پر عَمل کروں گا۔ یہ میرا دستورِ عَمل ہے کہ آپ کے فرمانوں کو مانتا رہُوں۔ اَے یَاہوِہ، آپ میرا حِصّہ ہیں؛ مَیں نے آپ کے کلام کو ماننے کا وعدہ کیا ہے۔ اَور اَپنے پُورے دِل سے آپ کی خیرسگالی کا طلب گار ہُوں؛ اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھ پر مہربانی فرمائیں۔ مَیں نے اَپنی روِشوں پر غور کیا اَور اَپنے قدم آپ کی شہادتوں کی جانِب موڑ دئیے۔ اَب مَیں تاخیر سے کام نہیں لُوں گا مَیں آپ کے اَحکام ماننے میں جلدی کروں گا۔ خواہ بدکار لوگ مُجھے رسّیوں کے پھندے سے جکڑ لیں، تو بھی مَیں آپ کے آئین کو فراموش نہ کروں گا۔ آپ کی صداقت کی شَریعت کی خاطِر، میں آدھی رات کو آپ کا شُکر بجا لانے کو اُٹھتا ہُوں۔ میں اُن سَب کا رفیق ہُوں جو آپ کا خوف مانتے ہیں، اَورجو آپ کے فرمانوں پر چلتے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، زمین آپ کی شفقت و مَحَبّت سے معموُر ہے؛ مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ اَے یَاہوِہ، اَپنے کلام کے مُطابق، اَپنے خادِم کا بھلا کریں، مُجھے علم اَور صحیح اِمتیاز سکھائیں، کیونکہ آپ کے اَحکام پر میرا توکّل ہے۔ مُصیبت میں پڑنے سے پہلے میں گُمراہ تھا، لیکن اَب مَیں آپ کے کلام کو مانتا ہُوں۔ آپ بھلےہیں اَور آپ جو کچھ کرتے ہیں وہ بھی بھلا ہے؛ مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ حالانکہ مغروُروں نے مُجھ پر بہتان باندھا ہے، تو بھی میں صَاف دِلی سے آپ کے قوانین کو مانتا ہُوں۔ اُن کے دِل سخت اَور بے حِس ہو گئے ہیں، لیکن مَیں آپ کے آئین میں مسرُور رہتا ہُوں۔ مُصیبت میں مُبتلا ہونا میرے حق میں اَچھّا ہے تاکہ مَیں آپ کے قوانین سیکھ سکوں۔ آپ کے مُنہ کے آئین میرے لیٔے چاندی اَور سونے کے ہزاروں سِکّوں سے زِیادہ افضل ہے۔ آپ کے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اَور تشکیل کیا؛ مُجھے فہم عطا فرمائیں تاکہ آپ کے فرمان سیکھ سکوں۔ آپ کا خوف ماننے والے جَب مُجھے دیکھیں تو خُوش ہوں، کیونکہ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔ اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ کے آئین راست ہے، اَور وفاداری ہی سے آپ نے مُجھے دُکھ پہُنچایا۔ اَپنے خادِم سے کئے ہُوئے وعدہ کے مُطابق، آپ کی لافانی مَحَبّت میری تسلّی کا باعث ہو۔ آپ کی رحمت مُجھے نصیب ہو تاکہ میں زندہ رہُوں، کیونکہ آپ کے آئین میری خُوشنودی ہے۔ مغروُر شرمندہ ہُوں کیونکہ وہ میرے ساتھ ناحق بُرائی کرتے ہیں؛ لیکن مَیں آپ کے فرمانوں پر دھیان کروں گا۔ جو آپ سے ڈرتے ہیں، اَورجو آپ کی شہادتیں سمجھتے ہیں، میری طرف رُجُوع ہُوں۔ میرا دِل آپ کے قوانین پر کامل طور سے عَمل کرے، تاکہ مُجھے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔ میری جان آپ کی نَجات کے لیٔے بیتاب ہے، لیکن مَیں نے آپ کے کلام پر اَپنی اُمّید لگا رکھی ہے۔ آپ کے وعدہ کے اِنتظار میں میری آنکھیں دھُندلا گئیں؛ اَور مَیں پُوچھ رہا ہُوں، ”آپ مُجھے کب تسلّی بخشیں گے؟“ حالانکہ میں دھوئیں میں رکھے ہُوئے مشکیزہ کی مانند ہو گیا ہُوں، تو بھی مَیں آپ کے قوانین کو نہیں بھُولتا۔ مَیں آپ کا خادِم کب تک اِنتظار کروں؟ آپ میرے ستانے والوں پر کب فتویٰ دیں گے؟ مغروُروں نے آپ کے آئین کے اُصُولوں کے خِلاف، میرے لیٔے گڑھے کھودے ہیں۔ آپ کے سبھی اَحکام برحق ہیں؛ میری مدد کریں کیونکہ میرے دشمن خوامخواہ مُجھے ستاتے ہیں۔ اُنہُوں نے مُجھے زمین پر سے تقریباً مٹا ہی ڈالا تھا، لیکن مَیں نے آپ کے فرمانوں کو ترک نہیں کیا۔ اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں، تاکہ مَیں آپ کے مُنہ سے نکلی ہوئی شہادتوں پر عَمل کرتا رہُوں گا۔
پڑھیں زبُور 119
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: زبُور 1:119-88
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos