اَے میرے بیٹے، میری تعلیم کو فراموش نہ کرنا، بَلکہ میرے اَحکام کو اَپنے دِل میں جگہ دو، کیونکہ تمہاری تعلیم عمر کو دراز کرےگی اَور تُمہیں خُوشحال اَور سلامت رکھے گی۔ مَحَبّت اَور سچّائی تُم سے جُدا نہ ہونے پائیں؛ بَلکہ تُم اُنہیں اَپنے گلے کا ہار بنائے رکھنا، اَور اَپنے دِل کی تختی پر لِکھ لینا۔ تَب تُم خُدا اَور اِنسان کی نگاہ میں مقبُول ہوگے اَور نیک نام حاصل کروگے۔ اَپنے پُورے دِل سے یَاہوِہ پر توکّل رکھو، اَور اَپنے فہم پر تکیہ نہ کرو؛ اَپنی سَب روِشوں میں یَاہوِہ کو یاد رکھو، اَور وہ تمہاری راہیں ہموار کریں گے۔ تُم اَپنی ہی نگاہ میں دانشمند نہ بنو؛ یَاہوِہ سے ڈرو اَور بدی سے دُور رہو۔ اُس سے تمہارا جِسم تندرست رہے گا اَور تمہاری ہڈّیاں تقویّت پائیں گی۔ اَپنی دولت سے، اَور اَپنی فصلوں کے پہلے پھلوں سے یَاہوِہ کی تعظیم کرو؛ تَب تمہارے کھتّے لبالب بھرے رہیں گے، اَور تمہارے حوض نئے انگوری شِیرے سے لبریز ہوں گے۔ اَے میرے بیٹے، یَاہوِہ کی تربّیت کو ناچیز نہ جانو، اَور اُن کی تنبیہ کا بُرا نہ مانو، کیونکہ جِس سے یَاہوِہ مَحَبّت رکھتے ہیں اُسے تنبیہ بھی کرتے ہیں، جَیسے باپ، اُس بیٹے کی ملامت کرتا ہے جسے وہ عزیز رکھتا ہے۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو حِکمت پاتاہے، اَور وہ جو دانش حاصل کرتا ہے، کیونکہ وہ چاندی سے مفید تر ہے اَور سونے سے زِیادہ نفع بخش ہے۔ وہ لعلوں سے زِیادہ بیش قیمتی ہے؛ تمہاری کسی بھی مرغوب چیز کا اُس سے موازنہ نہیں کیا جا سَکتا۔ اُس کے داہنے ہاتھ میں لمبی عمر ہے؛ اَور بائیں ہاتھ میں دولت اَور عزّت ہے۔ اُس کی راہیں خُوشگوار راہیں ہیں، اَور اُس کے سَب راستے پُراَمن ہیں۔ جو اُسے گلے لگاتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ شجرِ حیات ہے؛ مُبارک ہیں وہ جو اُسے حاصل کرلیتے ہیں۔
پڑھیں امثال 3
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: امثال 1:3-18
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos