YouVersion Logo
تلاش

فِلِپیّوں 5:4-19

فِلِپیّوں 5:4-19 UCV

تمہاری نرم مِزاجی سَب لوگوں پر ظاہر ہو۔ خُداوؔند جلد واپس لَوٹنے والے ہیں۔ کسی بات کی فکر نہ کرو، اَور اَپنی سَب دعاؤں میں خُدا کے سامنے اَپنی ضروُرتیں، اَور مَنّتیں شُکر گُزاری کے ساتھ خُدا کے سامنے پیش کیا کرو۔ تَب خُدا کا وہ اِطمینان حاصل ہوگا، جو اِنسان کی سمجھ سے بالکُل باہر ہے، اَورجو تمہارے دلوں اَور خَیالوں کو المسیؔح عیسیٰ میں محفوظ رکھےگا۔ غرض، اَے میرے بھائیو اَور بہنوں! جِتنی باتیں سچ ہیں، لائق ہیں، مُناسب ہیں، پاک ہیں، دلکش ہیں اَور پسندِیدہ ہیں یعنی جو اَچھّی اَور قابلِ تَعریف ہیں، اُن ہی باتوں پر غور کیا کرو۔ جو باتوں کو تُم نے مُجھ سے سیکھا یا حاصل کیا یا سُنا ہے یا مُجھ میں دیکھا بھی ہے، اُن پر عَمل کرتے رہوگے۔ تو خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے تمہارے ساتھ رہے گا۔ میں خُداوؔند میں بہت خُوش ہُوں کہ اِتنی مُدّت کے بعد تُمہیں پھر سے میری مدد کرنے کا خیال آیا۔ بے شک، پہلے بھی تُمہیں میرا خیال تھا، مگر تُمہیں اُسے ظاہر کرنے کا موقع نہ مِلا تھا۔ میں یہ اِس لئے نہیں کہہ رہا ہُوں کہ محتاج ہُوں، کیونکہ میں نے کسی بھی حالات میں راضی رہنا سیکھ لیا ہے۔ میں نے ناداری اَور فراوانی کے دِن بھی دیکھے ہیں، چاہے فاقہ کشی ہو یا آسودگی اَور کثرت ہو یا قِلّت ہر حالت میں مطمئن رہنا سیکھ لیا ہے۔ جو مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس کی مدد سے میں سَب کچھ کر سَکتا ہُوں۔ تو بھی تُم نے اَچھّا کیا کہ میری مُصیبت میں شریک ہویٔے۔ اَے اہلِ فِلِپّی! تُم اَچھّی طرح جانتے ہو کہ شروع شروع میں جَب میں خُوشخبری سُناتا ہُوا، صُوبہ مَکِدُنیہؔ سے روانہ ہُوا تھا، تو تمہارے سِوا کسی جماعت نے لینے دینے کے مُعاملہ میں، میری مدد نہ کی؛ جَب میں تھِسلُنِیکے شہر میں تھا، تو تُم نے میری ضرورتوں کو پُورا کرنے کے لیٔے ایک دفعہ نہیں بَلکہ دو دفعہ کچھ بھیجاتھا۔ یہ نہیں کہ میں تمہاری بھیجی ہُوئی رقم کا مُشتاق ہُوں؛ بَلکہ اَیسے اِنعام کی خواہش کرتا ہوں، جِس سے آپ کی رُوحانی برکتوں میں اِضافہ ہو جائے۔ میرے پاس سَب کچھ ہے بَلکہ کثرت سے ہے۔ تمہارے بھیجے ہویٔے تُحفے اِپفرُدِتُسؔ کے ہاتھ سے مُجھے مِل گیٔے ہیں، اَور میں اَور بھی آسُودہ ہو گیا ہُوں۔ یہ خُوشبُو اَور قُربانی اَیسی ہے، جو خُدا کی نظر میں پسندِیدہ ہے۔ میرا خُدا، المسیؔح عیسیٰ کے ذریعہ اَپنے جلال کی دولت سے تمہاری تمام ضروُرتیں پُوری کر دے گا۔

اس فِلِپیّوں 5:4-19 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام