YouVersion Logo
تلاش

فِلِپیّوں 1:2-21

فِلِپیّوں 1:2-21 UCV

پس اگر المسیؔح میں تُم میں تسلّی اَور مَحَبّت سے حوصلہ، اَور پاک رُوح کی رِفاقت میں رحمدلی اَور ہمدردی پائی جاتی ہے، تو میری یہ خُوشی پُوری کردو کہ یکدل رہو، یکساں مَحَبّت رکھو، ایک جان ہو اَور ہم خیال رہو۔ تِفرقہ اَور فُضول فخر کے باعث کچھ نہ کرو۔ بَلکہ، فروتن ہوکر ایک شخص دُوسرے شخص کو اَپنے سے بہتر سمجھے۔ ہر ایک صِرف اَپنے مفاد کا نہیں بَلکہ دُوسروں کے مفاد کا بھی خیال رکھے۔ تمہارا مِزاج بھی وَیسا ہی ہو، جَیسا المسیؔح عیسیٰ کا تھا: اگرچہ وہ خُدا کی صورت پر تھے، پھر بھی حُضُور عیسیٰ نے خُدا کی برابری کو اَپنے قبضہ میں رکھنے کی چیز نہ سمجھا؛ بَلکہ اَپنے آپ کو خالی کر دیا، اَور غُلام کی صورت اِختیّار کرکے، اِنسانوں کے مُشابہ ہو گئے۔ حُضُور عیسیٰ نے اِنسانی شکل میں ظاہر ہوکر، اَپنے آپ کو فروتن کر دیا اَور موت بَلکہ صلیبی موت تک فرمانبردار رہے! اِس لیٔے خُدا نے حُضُور عیسیٰ کو نہایت ہی اُونچا درجہ دیا، اَور حُضُور عیسیٰ کو وہ نام عطا فرمایا جو ہر نام سے اعلیٰ ہے، تاکہ حُضُور عیسیٰ کے نام پر ہر کویٔی گُھٹنوں کے بَل جُھک جائے، چاہے وہ آسمان پر ہو، چاہے زمین پر، چاہے زمین کے نیچے۔ اَور ہر ایک زبان خُدا باپ کے جلال کے لیٔے اقرار کرے، کہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح ہی خُداوؔند ہیں۔ پس اَے میرے عزیزو! جِس طرح تُم نے میری مَوجُودگی میں ہمیشہ میری فرمانبرداری کی ہے، اُسی طرح اَب میری غیرمَوجُودگی میں بھی خُوب ڈرتے اَور کانپتے ہویٔے اَپنی نَجات کے کام کو جاری رکھو، کیونکہ وہ خُدا ہی ہے جو تُم میں نِیّت اَور عَمل دونوں کو پیدا کرتا ہے تاکہ اُس کا نیک اِرادہ پُورا ہو سکے۔ اَور سَب کام کسی شکایت اَور حُجّت کے بغیر ہی کر لیا کرو، تاکہ تُم بے عیب اَور پاک ہوکر بَداخلاق اَور گُمراہ لوگوں کے درمیان، ”خُدا کے بے نُقص فرزندوں کی طرح اِس جہاں میں زندگی گُزارو۔“ تاکہ اُن میں تُم آسمان کے سِتاروں کی مانند چمکو اَور زندگی کا کلام پیش کرتے ہو تاکہ المسیؔح کے لوٹنے کے دِن مُجھے فخر ہو کہ نہ تو میری دَوڑ دھوپ فُضول گئی اَور نہ محنت بے فائدہ رہی۔ اگر تمہارے ایمان اَور تمہاری خدمت کی قُربانی کے ساتھ مُجھے بھی اَپنی جان کی قُربانی دینا پڑے تو مُجھے خُوشی ہوگی، اَور میں تُم سَب کی خُوشی میں شریک ہو سکوں گا۔ اِسی طرح تُمہیں بھی خُوش ہوکر میری خُوشی میں شریک ہونا چاہئے۔ مُجھے خُداوؔند عیسیٰ میں اُمّید ہے کہ میں تِیمُتھِیُس کو جلد ہی تمہارے پاس روانہ کردُوں، تاکہ اُس سے تمہاری خیریت کی خبر سُن کر مُجھے بھی اِطمینان حاصل ہو۔ کیونکہ اُس کے علاوہ یہاں میرا کویٔی اَور ہم خیال نہیں جو سچّے دل سے تمہارے لیٔے فِکرمند ہو۔ کیونکہ دُوسرے سبھی اَپنی اَپنی باتوں کی فکر میں ہیں، نہ کہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی۔

پڑھیں فِلِپیّوں 2