YouVersion Logo
تلاش

فِلِپیّوں 1:1-26

فِلِپیّوں 1:1-26 UCV

یہ خط پَولُسؔ اَور تِیمُتھِیُس کی طرف سے جو المسیؔح عیسیٰ کے خادِم ہیں، فِلِپّی شہر کے سارے مَسیحی مُقدّسین، پاسبانوں اَور خادِموں کو لِکھّا جا رہا ہے۔ ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ میں جَب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں۔ اَور اَپنی ہر ایک دعا میں جو تمہارے لیٔے کرتا ہوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سَب کے لئے مِنّت کرتا ہُوں۔ اِس لیٔے کہ تُم پہلے دِن سے آج تک خُوشخبری پھیلانے میں شریک رہے ہو، اَور مُجھے اِس بات کا یقین ہے کہ خُدا، جِس نے تُم لوگوں میں اَپنا نیک کام شروع کیا ہے وہ اُسے المسیؔح عیسیٰ کی واپسی کے دِن تک پُورا کر دے گا۔ میرا تُم سَب کی بابت یہ خیال کرنا مُناسب ہے، کیونکہ تُم ہمیشہ میرے دل میں رہتے ہو، نہ صِرف اِس وقت جَب کہ میں زنجیروں میں قَید ہُوں بَلکہ اُس وقت بھی جَب میں خُوشخبری کی جَواب دِہی اَور ثبوت کے عَمل میں، تُم سَب میرے ساتھ خُدا کے فضل میں شریک رہے ہو۔ خُدا گواہ ہے کہ میرے دل میں تمہارے لیٔے المسیؔح عیسیٰ کی سِی مَحَبّت ہے اَور میں تمہارا کِس قدر مُشتاق ہُوں۔ میری دعا ہے کہ تُم اَپنی مَحَبّت میں خُوب ترقّی کرو اَور تمہارا علم اَور رُوحانی تجربہ بھی بڑھتا چَلا جائے، تاکہ تُمہیں مَعلُوم ہو سکے کہ کون سِی بات سَب سے اَچھّی ہے، اَور تُم المسیؔح کے واپسی کے دِن تک صَاف دل اَور بے عیب رہو، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے راستبازی کے پھل سے بھرے رہو، تاکہ خُدا کا جلال ظاہر ہو اَور اُس کی سِتائش ہوتی رہے۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! میری خواہش ہے کہ تُمہیں یہ بات مَعلُوم ہو جائے کہ جو کچھ مُجھ پر گُزرا ہے وہ خُوشخبری کی ترقّی کا باعث ہُواہے۔ یہاں تک کہ شاہی محل کے تمام سپاہیوں اَور یہاں کے سَب لوگوں میں یہ بات مشہُور ہو گئی ہے کہ میں المسیؔح کے خادِم ہونے کی خاطِر قَید میں ہُوں۔ میرے قَید ہونے سے کیٔی بھایٔی اَور بہن جو خُداوؔند پر ایمان رکھتے ہیں، دلیر ہو گیٔے ہیں، یہاں تک کہ وہ بے خوف ہوکر خُدا کا کلام سُنانے کی جُرأت کرنے لگے ہیں۔ بعض تو حَسد اَور جھگڑے کی وجہ سے المسیؔح کی مُنادی کرتے ہیں، بعض نیک نیّتی سے۔ جو مَحَبّت کی وجہ سے مُنادی کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ خُدا نے مُجھے خُوشخبری کی حمایت کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ لیکن دُوسرے اِس مُعاملہ میں صَاف دل نہیں ہیں، بَلکہ مُجھ سے حَسد کی وجہ سے المسیؔح کی مُنادی کرتے ہیں، تاکہ قَید میں بھی مُجھے رنج پہنچائیں۔ پس کیا ہُوا؟ اُن کی نِیّت بُری ہو یا نیک، المسیؔح کی خُوشخبری تو سُنایٔی جاتی ہے۔ میں اِسی بات سے خُوش ہُوں۔ ہاں، اَور میں خُوش رہُوں گا۔ کیونکہ میں جانتا ہُوں کہ تمہاری دعا اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے پاک رُوح کے لُطف و کرم کی وجہ سے مُجھے نَجات ملے گی۔ میری دِلی خواہش اَور اُمّید یہ ہے کہ مُجھے کسی بات میں بھی شرمندگی کا مُنہ نہ دیکھنا پڑے، بَلکہ جَیسے میں بڑی دِلیری سے ہمیشہ المسیؔح کا جلال ظاہر کرتا رہا ہُوں وَیسے ہی کرتا رہُوں گا، خواہ میں زندہ رہُوں یا مَر جاؤں۔ کیونکہ زندہ رہنا میرے لیٔے المسیؔح ہے، اَور مرنا نفع۔ لیکن اگر میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا، میرے کام کے لیٔے زِیادہ مفید ہے۔ میں کیا پسند کروں؟ میں نہیں جانتا۔ میں بڑی کَشمکش میں مُبتلا ہُوں: جی تو چاہتاہے کہ دُنیا کو خَیرباد کہہ کر المسیؔح کے پاس جا رہُوں، کیونکہ یہ زِیادہ بہتر ہے؛ پھر بھی میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا تمہارے لیٔے زِیادہ ضروُری ہے۔ چنانچہ مُجھے اِس بات کا بڑا یقین ہے کہ میں زندہ رہُوں گا، بَلکہ تُم سَب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم ایمان میں ترقّی کرو اَور خُوش رہو، اَور جَب میں تمہارے پاس پھر آؤں تو المسیؔح عیسیٰ میں ہونے کی وجہ سے وہ فخر جو تُم مُجھ پر کرتے ہو، اَور بھی زِیادہ ہو جائے گا۔

پڑھیں فِلِپیّوں 1