YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 53:14-72

مرقُس 53:14-72 UCV

تَب وہ حُضُور عیسیٰ کو اعلیٰ کاہِنؔ کے پاس لے گیٔے، وہاں سَب کاہِنؔ، یہُودی بُزرگ اَور شَریعت کے عالِم جمع تھے۔ اَور پطرس بھی دُور سے، حُضُور عیسیٰ کا پیچھا کرتے ہویٔے اعلیٰ کاہِنؔ کی حویلی کے اَندر صحن تک جاپہنچے۔ وہاں وہ پہرہ داروں کے ساتھ بَیٹھ کر آگ تاپنے لگے۔ اہم کاہِنؔ اَور عدالتِ عالیہ کے سَب اَرکان کسی اَیسی گواہی کی تلاش میں تھے جِس کی بِنا پر اہم کاہِنؔ حُضُور عیسیٰ کو قتل کروا سکیں، مگر کُچھ نہ پا سکے۔ اَور جنہوں نے جھوٹی گواہیوں کی تصدیق کی، اُن کے بَیان بھی یکساں نہ نکلے۔ بعض آدمیوں نے کھڑے ہوکر اُن کے خِلاف یہ جھوٹی گواہی دی: ”ہم نے اِنہیں یہ کہتے سُنا ہے، ’میں اِس بیت المُقدّس کو جو ہاتھ کا بنا ہُواہے، تباہ کردُوں گا اَور تین دِن میں دُوسرا کھڑا کردُوں گا جو ہاتھ کا بنا ہُوا نہیں ہے۔‘ “ مگر اِس دفعہ بھی اُن کی گواہی یکساں نہ تھی۔ تَب اعلیٰ کاہِنؔ نے اُن کے سامنے کھڑے ہوکر حُضُور عیسیٰ سے پُوچھنے لگا، ”کیا تیرے پاس کویٔی جَواب نہیں؟ یہ تیرے خِلاف کیا گواہی دے رہے ہیں؟“ لیکن وہ خاموش رہے اَور کویٔی جَواب نہ دیا۔ اعلیٰ کاہِنؔ نے ایک بار پھر پُوچھا، ”کیا تو المسیؔح ہے، عالی قدر کا بیٹا؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا ہاں، ”میں ہُوں، اَور تُم اِبن آدمؔ کو قادرمُطلق کی داہنی طرف بیَٹھا اَور آسمان کے بادلوں پر آتا دیکھوگے۔“ تَب اعلیٰ کاہِنؔ نے اَپنے کپڑے پھاڑ ڈالے اَور بولا، ”اَب ہمیں گواہوں کی کیا ضروُرت ہے؟ تُم نے یہ کُفر سُنا۔ تمہاری کیا رائے ہے؟“ اُن سَب کا فیصلہ یہ تھا کہ اِنہیں سزائے موت دی جائے۔ اُن میں سے بعض حُضُور پر تھُوکنے لگے؛ اَور آپ کی آنکھوں پر پٹّی باندھ کر، آپ کے مُکّے مارکر پُوچھنے لگے، اگر تُو نبی ہے تو ”نبُوّت کر!“ کِس نے تُجھے مارا اَور سپاہیوں نے آپ کو طمانچے مارکر اَپنے قبضہ میں لے لیا۔ ابھی پطرس نیچے صحن ہی میں تھے، اعلیٰ کاہِنؔ کی ایک خادِمہ وہاں قریب آ گئی۔ اُس نے پطرس کو آگ تاپتے دیکھ کر اُن پر نظرڈالی، اَور کہنے لگی۔ ”تُم بھی عیسیٰ ناصری، کے ساتھ تھے۔“ مگر پطرس نے اِنکار کیا۔ ”میں کُچھ نہیں جانتا اَور سمجھتا آپ کیا کہہ رہی ہو،“ اَور وہ، باہر دیوڑھی میں چَلا گیا اَور مُرغ نے بانگ دی۔ جَب اُس خادِمہ نے پطرس کو وہاں دیکھا، تو اُن سے جو پاس کھڑے تھے ایک بار پھر کہا، ”یہ آدمی اُن ہی میں سے ایک ہے۔“ پطرس نے پھر اِنکار کیا۔ تھوڑی دیر بعد وہ لوگ جو پاس کھڑے تھے پطرس سے پھر کہنے لگے، ”یقیناً تُو اُن ہی میں سے ایک ہے، کیونکہ تُو بھی تو گلِیلی ہے۔“ تَب پطرس بولے میں قَسم کھا کر کہتا ہُوں، جِس شخص کی تُم بات کر رہے ہو، ”میں اُسے بالکُل نہیں جانتا اَور اگرمیں جھُوٹا ہُوں تُو مُجھ پر لعنت ہو۔“ عَین اُسی وقت مُرغ نے دُوسری دفعہ بانگ دی۔ تَب پطرس کو حُضُور عیسیٰ کی وہ بات یاد آئی؛ آپ نے اُس سے کہاتھا: ”مُرغ کے دو بار بانگ دینے سے پہلے تُو تین بار میرا اِنکار کرے گا۔“ اَور اِس بات پر غور کرکے پطرس رو پڑے۔

پڑھیں مرقُس 14

سنیں مرقُس 14

اس مرقُس 53:14-72 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام