YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 1:13-37

مرقُس 1:13-37 UCV

جَب وہ بیت المُقدّس سے باہر آئے، تو اُن کے شاگردوں میں سے ایک نے اُن سے کہا، ”دیکھئے، اُستاد محترم! یہ کیسے کیسے وزنی پتّھر! اَور کیسی بُلند عمارتیں ہیں!“ حُضُور عیسیٰ نے اُس سے فرمایا، ”تُم اِن عَالِیشان عمارتوں کو دیکھتے ہو؟ اِن کا کویٔی بھی پتّھر پر پتّھر باقی نہ رہے گا؛ جو نیچے نہ گِرا دیا جائے گا۔“ جَب حُضُور بیت المُقدّس کے سامنے کوہِ زَیتُون پر بَیٹھے تھے، تو پطرس، یعقوب، یُوحنّؔا اَور اَندریاسؔ نے تنہائی میں اُن سے پُوچھا، ”ہمیں بتائیے، یہ باتیں کب واقِع ہُوں گی؟ اَور اِن باتوں کی پُورا ہونے کی کیا علامت ہوگی کہ ہر ایک بات سچ ثابت ہو؟“ حُضُور عیسیٰ اُن سے فرمانے لگے: ”خبردار رہنا کویٔی تُمہیں گُمراہ نہ کر دے۔ کیونکہ بہت سے لوگ میرے نام سے آئیں گے، اَور یہ دعویٰ کریں گے، ’میں ہی المسیؔح ہُوں،‘ اَور یہ کہہ کربہت سے لوگوں کو گُمراہ کر دیں گے۔ اَور جَب تُم جنگیں اَور جنگوں کی افواہیں، سُنو تو گھبرا نہ جانا۔ اِن کا وَاقع ہونا ضروُری ہے، مگر ابھی آخِر نہ ہوگا۔ کیونکہ قوم پر قوم، اَور سلطنت پر سلطنت حملہ کرے گی۔ اَور جگہ جگہ زلزلے آئیں گے، اَور قحط پڑیں گے۔ آگے آنے والی مُصیبتوں کا یہ صِرف آغاز ہی ہوگا۔ ”چنانچہ تُم خبردار رہو۔ کیونکہ لوگ تُمہیں عدالتوں کے حوالہ کریں گے تُم یہُودی عبادت گاہوں میں کوڑوں سے پیٹے جاؤگے اَور میری وجہ سے حُکاّم اَور بادشاہوں کے سامنے حاضِر کیٔے جاؤگے تاکہ اُنہیں میری گواہی دے سکو۔ لیکن اِس سے پہلے ضروُری ہے کہ ساری دُنیا کی تمام قوموں میں انجیل کی مُنادی کی جائے۔ جَب لوگ تُمہیں پکڑکر عدالت کے حوالہ کریں، تو پہلے سے فکر نہ کرنا کہ ہم کیا کہیں گے بَلکہ جو کُچھ تُمہیں اُس وقت بتایا جائے وُہی کہنا، کیونکہ کہنے والے تُم نہیں، بَلکہ پاک رُوح ہے۔ ”بھایٔی اَپنے بھایٔی کو اَور باپ اَپنے بیٹے کو قتل کے لیٔے حوالہ کرے گا، اَور بچّے اَپنے والدین کے خِلاف کھڑے ہوکر اُنہیں قتل کروا ڈالیں گے۔ اَور میرے نام کے سبب سے لوگ تُم سے دُشمنی رکھیں گے، لیکن جو آخِر تک برداشت کرے گا وہ نَجات پایٔےگا۔ ”جَب آپ دیکھتے ہیں ’مکرُوہ اُجاڑ اَور ناگوار چیزوں کو‘ وہاں کھڑا دیکھو جہاں اُس کا مَوجُود ہونا جائز نہیں پڑھنے والا سمجھ لے اُس وقت جو یہُودیؔہ میں ہوں وہ پہاڑوں پر چلے جایٔیں۔ جو کویٔی چھت پر ہو وہ نیچے نہ اُترے اَور نہ ہی گھر کے اَندر جا کر کُچھ باہر نکالنے کی کوشش کرے۔ جو شخص کھیت میں ہو، اَپنا کپڑا لینے کے لیٔے واپس نہ جائے۔ مگر حاملہ خواتین اَور اُن ماؤں کا جو اُن دِنوں میں دُودھ پِلاتی ہوں گی، وہ دِن کتنے خَوفناک ہوں گے! دعا کرو کہ یہ مُصیبت سردیوں میں برپا نہ ہو، کیونکہ یہ اَیسی بڑی مُصیبت کے دِن ہُوں گے، نہ تو تخلیق کے شروع سے جَب خُدا نے دُنیا کو بنایا، اَب تک نہ تو اَیسی مُصیبت آئی ہے نہ پھر کبھی آئے گی۔ ”اگر خُداوؔند اُن دِنوں کی تعداد کم نہ کرتا تو، کویٔی جاندار زندہ نہ بچایا جاتا۔ مگر اُنہُوں نے اَپنے برگُزیدہ لوگوں کی خاطِر اُن دِنوں کو گھٹا دیا ہے۔ اُس وقت اگر کویٔی تُم سے کہے کہ ’دیکھو،‘ المسیؔح ’یہاں ہے!‘ یا، ’دیکھو،‘ وہ وہاں ہے! تو یقین نہ کرنا۔ کیونکہ جھُوٹے المسیؔح اَور جھُوٹے نبی اُٹھ کھڑے ہوں گے اَور معجزے اَور عجِیب کام دکھائیں گے، تاکہ اگر ممکن ہو تو خُدا کے برگُزیدہ لوگوں کو بھی گُمراہ کر دیں۔ لہٰذا خبردار رہو؛ میں نے پہلے ہی تُمہیں سَب کُچھ بتا دیا ہے۔ ”لیکن اُن دِنوں، کی مُصیبت کے بعد، ” ’سُورج تاریک ہو جائے گا، اَور چاند کی رَوشنی جاتی رہے گی؛ آسمان سے ستارے گِریں گے، اَور آسمان کی قوّتیں ہلایٔی جایٔیں گی۔‘ ”اُس وقت لوگ اِبن آدمؔ کو بادلوں میں عظیم قُدرت اَور جلال کے ساتھ آتا دیکھیں گے۔ اَور تَب حُضُور اَپنے فرشتوں کو بھیج کر آسمان کی اِنتہا سے زمین کی اِنتہا تک چاروں طرف سے، اَپنے برگُزیدہ لوگوں کو جمع کریں گے۔ ”اَنجیر کے درخت سے یہ سبق سیکھو: جُوں ہی اُس کی ڈالی نرم ہوتی ہے اَور پتّے نکلتے ہیں تو تُمہیں مَعلُوم ہو جاتا ہے، کہ گرمی نَزدیک ہے۔ اِسی طرح، جَب تُم یہ باتیں ہوتے دیکھو، تو جان لو کہ وہ نَزدیک ہے، بَلکہ دروازے ہی پر ہے۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ اِس نَسل کے ختم ہونے سے پہلے ہی یہ سَب کُچھ پُورا ہوگا۔ آسمان اَور زمین ٹل جایٔیں گی لیکن میری باتیں کبھی نہیں ٹلیںگی۔ ”مگر وہ دِن اَور وقت کب آئے گا کویٔی نہیں جانتا، نہ تو آسمان کے فرشتے جانتے ہیں، اَور نہ بیٹا، صِرف آسمانی باپ جانتے ہیں۔ پس تُم بیدار! خبردار رہو! کیونکہ تُم نہیں جانتے کہ وہ وقت کب آئے گا۔ یہ اُس آدمی کی طرح ہے جو پردیس جاتا ہے: اَور چلتے وقت اَپنا گھر اَپنے خادِموں کے اِختیّار میں دے کر، ہر ایک کو اُس کی ذمّہ داری سُپرد کرکے، وہ اَپنے چوکیدار کو حُکم دیتاہے کہ وہ خُوب چَوکَس رہے۔ ”پس جاگتے رہو کیونکہ تُم نہیں جانتے کہ گھر کا مالک کب آئے گا شام کو، یا آدھی رات کو، یا جَب مُرغ بانگ دیتاہے، یا صُبح کو۔ کہیں اَیسا نہ ہو، کہ وہ اَچانک آ جائے اَور تُمہیں سوتا پایٔے۔ میں جو کُچھ تُم سے کہتا ہُوں، وُہی سَب سے کہتا ہُوں: ’جاگتے رہو!‘ “

پڑھیں مرقُس 13

سنیں مرقُس 13