YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 13:12-37

مرقُس 13:12-37 UCV

پھر اُنہُوں نے بعض فرِیسی اَور ہیرودیسؔ کی جماعت کے کُچھ آدمی اُن کے پاس بھیجے تاکہ اُن کی کویٔی بات پکڑ سکیں۔ چنانچہ وہ آئے اَور حُضُور عیسیٰ سے کہنے لگے، ”اُستاد محترم، ہم جانتے ہیں کہ آپ ہمیشہ سچ بولتے ہیں۔ اَور کسی کی پروا نہیں کرتے کہ وہ کون ہیں؛ آپ کسی کے طرف دار نہیں بَلکہ راستی سے راہِ خُدا کی تعلیم دیتے ہیں۔ ہمیں یہ بتائیے کہ کیا قَیصؔر کو محصُول اَدا کرنا روا ہے یا نہیں؟ کیا ہم قَیصؔر کو محصُول اَدا کریں یا نہیں؟“ حُضُور اُن کی منافقت کو سمجھ گیٔے اَور فرمایا۔ ”مُجھے کیوں آزماتے ہو؟ مُجھے ایک دینار لاکر دِکھاؤ۔“ وہ ایک دینار لے آئے، تَب حُضُور نے پُوچھا، ”اِس دینار پر کِس کی صورت اَور کِس کا نام لِکھّا ہُواہے؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”قَیصؔر کا۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”جو قَیصؔر کاہے وہ قَیصؔر کو اَورجو خُدا کاہے وہ خُدا کو اَدا کرو۔“ اَور وہ یہ جَواب سُن کر حیران رہ گیٔے۔ پھر صدُوقی جو قیامت کے مُنکر ہیں، اُن کے پاس آئے، اَور پُوچھنے لگے۔ ”اُستاد محترم، ہمارے لیٔے حضرت مُوسیٰ کا حُکم ہے کہ اگر کسی آدمی کا بھایٔی اَپنی بیوی کی زندگی میں بے اَولاد مَر جائے، تو وہ اَپنے بھایٔی کی بِیوہ سے شادی کر لے تاکہ اَپنے بھایٔی کے لیٔے نَسل پیدا کر سکے۔ چنانچہ سات بھایٔی تھے۔ پہلے نے شادی کی اَور بے اَولاد مَرجاتا ہے۔ تَب دُوسرا بھایٔی اُس بِیوہ سے شادی کر لیتا ہے، لیکن وہ بھی، بے اَولاد مَرجاتا ہے۔ تیسرا بھی یہی کرتا ہے اَور مَرجاتا ہے۔ درحقیقت وہ ساتوں بے اَولاد مَر جاتے ہیں۔ اَور آخرکار، وہ خاتُون بھی مَر جاتی ہے۔ اَب بتائیں کہ قیامت کے دِن وہ کِس کی بیوی ہوگی کیونکہ وہ اُن ساتوں کی بیوی رہ چُکی تھی؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”کیاتُم گُمراہ ہو گئے ہو کہ تُم نہ تو کِتاب مُقدّس کو ہی جانتے ہو اَور نہ ہی خُدا کی قُدرت کو؟ کیونکہ جَب قیامت میں مُردے زندہ ہوں گے، تو وہ شادی بیاہ نہیں کریں گے؛ بَلکہ آسمان پر فرشتوں کی مانِند ہوں گے۔ اَور جہاں تک قیامت یعنی مُردوں کے جی اُٹھنے کا سوال ہے کیاتُم نے حضرت مُوسیٰ کی کِتاب میں، جلتی ہویٔی جھاڑی کے بَیان میں یہ نہیں پڑھا، خُدا نے حضرت مُوسیٰ سے فرمایا، ’میں حضرت اِبراہیمؔ کا، اِضحاقؔ، کا اَور یعقوب کا خُدا ہُوں‘؟ وہ مُردوں کا خُدا نہیں، بَلکہ زندوں کا خُدا ہے۔ دیکھا تُم کِس قدر گمراہی میں پڑے ہو!“ شَریعت کے عُلما میں سے ایک عالِم وہاں مَوجُود تھا اُس نے اُن کی بحث سُنی تھی۔ اَور اُنہیں حُضُور عیسیٰ کا جَواب بہت پسند آیاتھا، چنانچہ وہ آپ کے پاس آکر اُن سے پُوچھنے لگا، ”سَب سے بڑا حُکم کون سا ہے؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”پہلا یہ ہے: ’سُن، اَے اِسرائیلؔ: خُداوؔند ہمارا خُدا ہی واحد خُداوؔند ہے۔ اَپنے خُداوؔند خُدا سے اَپنے سارے دل اَپنی ساری جان ساری عقل اَور ساری طاقت سے مَحَبّت رکھو۔‘ اَور دُوسرا یہ ہے: ’تُم اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھو۔‘ اِن سے بڑا اَور کویٔی حُکم نہیں۔“ شَریعت کے عالِم نے اُن سے کہا، ”اُستاد محترم، بہت خُوب آپ سچ کہتے ہیں کہ خُدا ایک ہے اَور اُن کے سِوا اَور کویٔی نہیں۔ اَور اُن سے اَپنے سارے دل، اَپنی ساری عقل اَور اَپنی ساری طاقت، سے مَحَبّت رکھو اَور اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھنا ساری سوختنی قُربانیوں اَور ذبیحوں سے بڑھ کر ہے۔“ آپ نے دیکھا کہ اُنہُوں نے بڑی عقلمندی سے جَواب دیا، اَور حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”تُم سے خُدا کی بادشاہی دُور نہیں ہو۔“ اَور اِس کے بعد کسی نے بھی حُضُور سے اَور کویٔی سوال کرنے کی جُرأت نہ کی۔ جِس وقت حُضُور عیسیٰ بیت المُقدّس کے صحنوں میں تعلیم دے رہے تھے، اُنہُوں نے پُوچھا، ”شَریعت کے عُلما کِس طرح کہتے ہیں کہ المسیؔح داؤؔد کا بیٹا ہے؟ داؤؔد نے تو خُود، پاک رُوح کی ہدایت سے، بَیان کیا ہے: ” ’خُداتعالیٰ نے میرے خُداوؔند سے کہا: ”میری داہنی طرف بیٹھو جَب تک کہ میں تمہارے دُشمنوں کو تمہارے پاؤں کے نیچے نہ کردُوں۔“ ‘ جَب داؤؔد ہی خُود اُنہیں ’خُداوؔند‘ کہتے ہیں۔ تو وہ کِس طرح داؤؔد کا بیٹاہو سکتے ہیں؟“ تمام حاضرین کو اُن کی باتیں سُن کر بڑی خُوشی ہویٔی۔

پڑھیں مرقُس 12

سنیں مرقُس 12