YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 20:11-33

مرقُس 20:11-33 UCV

اگلی صُبح جَب، وہ اُدھر سے گزرے، اُنہُوں نے دیکھا کہ اَنجیر کا درخت جڑ تک سُوکھا ہُواہے۔ پطرس کو حُضُور عیسیٰ کی بات یاد آئی اَور وہ کہنے لگے، ”ربّی، دیکھئے! اَنجیر کا وہ درخت جِس پر آپ نے لعنت بھیجی تھی، سُوکھ گیا ہے!“ حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں جَواب دیا، ”خُدا پر ایمان رکھو، میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اگر کویٔی اِس پہاڑ سے کہے، ’اَپنی جگہ سے اُکھڑ جا اَور سمُندر میں جا گِر،‘ اَور اَپنے دل میں شک نہ کرے بَلکہ یقین رکھے کہ جو کچھ وہ کہتاہے وہ ہو جائے گا، تو اُس کے لیٔے وَہی ہو جائے گا۔ لہٰذا میں تُم سے کہتا ہُوں، تُم دعا میں جو کُچھ مانگتے ہو، یقین رکھو کہ تُم نے پا لیا، تو تُمہیں وہ مِل جائے گا۔ جَب تُم دعا کے لیٔے کھڑے ہوتے ہو، اَور تُمہیں کسی سے کُچھ شکایت ہو تو، اُسے مُعاف کردو، تاکہ تمہارا آسمانی باپ بھی تمہارے گُناہ مُعاف کر دے۔ اگر تُم مُعاف نہ کرو گے تو تمہارا آسمانی باپ بھی تمہارے گُناہ مُعاف نہ کرے گا۔“ وہ پھر یروشلیمؔ میں آئے، اَور جَب حُضُور عیسیٰ بیت المُقدّس کے صحن میں سے گزر رہے تھے، اہم کاہِنؔ، شَریعت کے عالِم اَور بُزرگ لوگ حُضُور کے پاس پہُنچے۔ اَور اُن سے پُوچھنے لگے، ”آپ کِس کے اِختیّار سے یہ کام کرتے ہیں؟ اَور اَیسے کام کرنے کا اِختیّار کِس نے آپ کو دیا ہے؟“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے کہا، ”میں بھی تُم سے ایک بات پُوچھتا ہُوں۔ اگر تُم اُس کا جَواب دوگے، تو میں بھی بتاؤں گا کہ میں یہ کام کِس کے اِختیّار سے کرتا ہُوں۔ مُجھے یہ بتاؤ! یحییٰ کا پاک غُسل آسمان کی طرف سے تھا، یا اِنسان کی طرف سے؟“ وہ آپَس میں بحث کرنے لگے، ”اگر ہم کہیں، ’وہ آسمان کی طرف سے تھا،‘ تو وہ کہیں گے، ’پھر تُم نے اُس کا یقین کیوں نہ کیا؟‘ اَور اگر کہیں، ’اِنسان کی طرف سے‘ “ (تو عوام کا خوف تھا، کیونکہ وہ حضرت یحییٰ کو واقعی نبی مانتے تھے۔) لہٰذا اُنہُوں نے آپ کو جَواب دیا، ”ہم نہیں جانتے۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے کہا، ”میں بھی تُمہیں نہیں بتاتا کہ میں یہ کام کِس کے اِختیّار سے کرتا ہُوں۔“

پڑھیں مرقُس 11

سنیں مرقُس 11