YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 21:1-45

مرقُس 21:1-45 UCV

وہ سَب کَفرنحُومؔ، میں داخل ہویٔے، اَور سَبت کے دِن حُضُور عیسیٰ یہُودی عبادت گاہ میں گیٔے اَور تعلیم دینی شروع کی۔ حُضُور عیسیٰ کی تعلیم سُن کر لوگ دنگ رہ گیٔے، کیونکہ حُضُور اُنہیں شَریعت کے عالِموں کی طرح نہیں، لیکن ایک صاحبِ اِختیّار کی طرح تعلیم دے رہے تھے۔ اُس وقت یہُودی عبادت گاہ میں ایک شخص تھا، جِس میں بَدرُوح تھی، وہ چِلّانے لگا، ”اَے عیسیٰ ناصری، آپ کو ہم سے کیا کام؟ کیا آپ ہمیں ہلاک کرنے آئے ہیں؟ میں جانتا ہُوں کہ آپ کون ہیں؟ آپ خُدا کا قُدُّوس ہیں!“ حُضُور عیسیٰ نے بَدرُوح کو جِھڑکا اَور کہا، ”خاموش ہو جا!“ اَور اِس آدمی میں سے، ”نِکل جا!“ تَب ہی اِن بَدرُوح نے اُس آدمی کو خُوب مروڑا اَور بَڑے زور سے چیخ مارکر اُس میں سے نِکل گئی۔ سَب لوگ اتنے حیران ہوکر ایک دُوسرے سے کہنے لگے، ”یہ کیا ہو رہا ہے؟ یہ تو نئی تعلیم ہے! یہ تو بَدرُوحوں کو بھی اِختیّار کے ساتھ حُکم دیتے ہیں اَور بَدرُوحیں بھی حُضُور عیسیٰ کا حُکم مانتی ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ کی شہرت بڑی تیزی سے صُوبہ گلِیل کے اطراف میں پھیل گئی۔ یہُودی عبادت گاہ سے باہر نکلتے ہی وہ یعقوب اَور یُوحنّؔا کے ساتھ سیدھے شمعُونؔ اَور اَندریاسؔ کے گھر گیٔے۔ اُس وقت شمعُونؔ کی ساس تیز بُخار میں مُبتلا تھیں، دیر کیٔے بغیر آپ کو اُس کے بارے میں بتایا۔ حُضُور عیسیٰ نے پاس جا کر شمعُونؔ کی ساس کا ہاتھ پکڑا اَور اُنہیں اُٹھایا، اُن کا بُخار اُسی دَم اُتر گیا اَور وہ اُن کی خدمت میں لگ گئیں۔ شام کے وقت سُورج ڈُوبتے ہی لوگ وہاں کے سَب مَریضوں کو اَور اُنہیں جِن میں بَدرُوحیں تھیں، حُضُور عیسیٰ کے پاس لانے لگے۔ یہاں تک کہ سارا شہر دروازہ کے پاس جمع ہو گیا، حُضُور عیسیٰ نے بہت سے لوگوں کو اُن کی مُختلف بیماریوں سے شفا بخشی۔ اَور بہت سِی بَدرُوحوں کو نکالا، مگر آپ بَدرُوحوں کو بولنے نہ دیتے تھے کیونکہ بَدرُوحیں اُن کو پہچانتی تھیں۔ اگلے دِن صُبح سویرے جَب کہ اَندھیرا ہی تھا، حُضُور عیسیٰ اُٹھے، اَور گھر سے باہر ایک ویران جگہ میں جا کر، دعا کرنے لگے۔ شمعُونؔ اَور اُن کے دُوسرے ساتھی اُن کی تلاش میں نکلے، جَب آپ اُنہیں مِل گئے، تو وہ سَب کہنے لگے، ”سبھی آپ کو ڈُھونڈ رہے ہیں!“ حُضُور عیسیٰ نے کہا، ”آؤ! ہم کہیں اَور آس پاس کے قصبوں میں چلیں تاکہ میں وہاں بھی مُنادی کروں کیونکہ میں اِسی مقصد کے لیٔے نکلا ہُوں۔“ چنانچہ وہ سارے صُوبہ گلِیل، میں، گھوم پھر کر اُن کے یہُودی عبادت گاہوں میں مُنادی کرتے رہے اَور بَدرُوحوں کو نکالتے رہے۔ ایک کوڑھی حُضُور عیسیٰ کے پاس آیا اَور گُھٹنے ٹیک کر آپ سے مِنّت کرنے لگا، ”اگر آپ چاہیں تو مُجھے کوڑھ سے پاک کرسکتے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُس کوڑھی پر ترس کھا کر اَپنا ہاتھ بڑھا کر اُسے چھُوا اَور فرمایا، ”میں چاہتا ہُوں، تُم پاک صَاف ہو جاؤ!“ اُسی دَم اُس کا کوڑھ جاتا رہا اَور وہ پاک ہو گیا۔ حُضُور عیسیٰ نے اُسے فوراً وہاں سے سخت تنبیہ کرتے ہویٔے رخصت کیا، ”خبردار اِس کا ذِکر، کسی سے نہ کرنا۔ بَلکہ سیدھے کاہِنؔ کے پاس جا کر، اَپنے آپ کو دِکھاؤ اَور اَپنے ساتھ وہ نذریں بھی لے جانا جو حضرت مُوسیٰ نے مُقرّر کی ہیں تاکہ سَب پر گواہی ہو، جائے کہ تُم پاک ہو گئے ہو۔“ لیکن وہ وہاں سے نِکل کر ہر کسی سے اِس بات کااِتنا، چَرچا کرنے لگا۔ آئندہ، حُضُور عیسیٰ کسی شہر میں ظاہری طور پر داخل نہ ہو سکے بَلکہ شہر سے باہر ویران جگہوں میں رہنے لگے۔ اَور پھر بھی لوگ ہر جگہ سے آپ کے پاس آتے رہتے تھے۔

پڑھیں مرقُس 1

سنیں مرقُس 1