اَور اَیسا ہُوا کہ ایک خاتُون نے جسے بَارہ بَرس سے خُون بہنے کی اَندرونی بیماری تھی، اُس نے یِسوعؔ کے پیچھے سے آکر یِسوعؔ کی پوشاک کا کنارہ چھُوا۔ کیونکہ وہ اَپنے دِل میں یہ کہتی تھی، ”اگر مَیں صِرف یِسوعؔ کی پوشاک کا کنارہ ہی چھُو لُوں گی تو شفا پا جاؤں گی۔“ یِسوعؔ نے مُڑ کر اُسے دیکھا اَور فرمایا، ”بیٹی! اِطمینان رکھ، تمہارے ایمان نے تُمہیں شفا بخشی۔“ اَور وہ خاتُون اُسی گھڑی اَچھّی ہو گئی۔ اَور جَب یِسوعؔ عبادت گاہ کے رہنما کے گھر پہُنچے تو لوگوں کے ہُجوم کو بانسری بجاتے اَور ماتم کرتے دیکھا۔ یِسوعؔ نے فرمایا، ”ہٹ جاؤ! لڑکی مَری نہیں لیکن سو رہی ہے۔“ لیکن وہ حُضُور پر ہنسنے لگے۔ مگر جَب ہُجوم کو وہاں سے نکال دیا گیا تو یِسوعؔ نے اَندر جا کر لڑکی کا ہاتھ پکڑکر جگایا اَور وہ اُٹھ بیٹھی۔ اَور اِس بات کی خبر اُس تمام علاقہ میں پھیل گئی۔ یِسوعؔ جَب وہاں سے آگے روانہ ہویٔے تو دو اَندھے آپ کے پیچھے یہ چِلاّتے ہویٔے آ رہے تھے، ”اَے اِبن داویؔد! ہم پر رحم فرمائیے۔“ اَور جَب یِسوعؔ گھر میں داخل ہویٔے تو وہ اَندھے بھی اُن کے پاس آئے اَور یِسوعؔ نے اُن سے پُوچھا، ”کیا تُمہیں یقین ہے کہ میں تُمہیں شفا دے سَکتا ہُوں؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہاں خُداوؔند۔“ تَب یِسوعؔ نے اُن کی آنکھوں کو چھُوا اَور فرمایا، ”تمہارے ایمان کے مُطابق تُمہیں شفا ملے۔“ اَور اُن کی آنکھوں میں رَوشنی آ گئی۔ یِسوعؔ نے اُنہیں تاکیداً خبردار کرتے ہویٔے فرمایا، ”دیکھو یہ بات کسی کو مَعلُوم نہ ہونے پایٔے۔“ لیکن اُنہُوں نے باہر نکل کر اُس تمام علاقہ میں حُضُور کی شہرت پھیلا دی۔ جَب وہ باہر جا رہے تھے تو لوگ ایک گُونگے کو جِس میں بدرُوح کا سایہ تھا، یِسوعؔ کے پاس لایٔے۔ جَب بدرُوح اُس میں سے نکال دی گئی تو گُونگا بولنے لگا۔ یہ دیکھ کر ہُجوم کو بڑا تعجُّب ہُوا اَور وہ کہنے لگے، ”اَیسا واقعہ تو اِسرائیلؔ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔“ لیکن فریسیوں نے کہا، ”یہ تو بدرُوحوں کے رہنما کی مدد سے بدرُوحوں کو نکالتا ہے۔“ یِسوعؔ سَب شہروں اَور گاؤں میں جا کر اُن کے یہُودی عبادت گاہوں میں تعلیم دیتے، اَور آسمانی بادشاہی کی خُوشخبری کی مُنادی کرتے رہے، اَور لوگوں کی ہر قِسم کی بیماری اَور کمزوریوں کو شفا بخشتے رہے۔ اَور جَب آپ نے ہُجوم کو دیکھا، تو آپ کو اُن پر بڑا ترس آیا، کیونکہ وہ لوگ اُن بھیڑوں کی مانِند بےبس اَور خستہ حال تھے جِن کا کویٔی گلّہ بان نہ ہو۔ تَب حُضُور نے اَپنے شاگردوں سے فرمایا، ”فصل تو بہت ہے، لیکن مزدُور کم ہیں۔ اِس لیٔے فصل کے خُداوؔند سے اِلتجا کرو کہ، وہ اَپنی فصل کاٹنے کے لیٔے مزدُور بھیج دے۔“
پڑھیں متّی 9
سنیں متّی 9
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: متّی 20:9-38
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos