یِسوعؔ اُس بڑے ہُجوم کو دیکھ کر پہاڑ پر چڑھ گیٔے اَور جَب بیٹھ گیٔے تو آپ کے شاگرد آپ کے پاس آئے تَب یِسوعؔ اُنہیں تعلیم دینے لگے۔ یِسوعؔ نے فرمایا: ”مُبارک ہیں وہ جو دِل کے حلیم ہیں، کیونکہ آسمان کی بادشاہی اُن ہی کی ہے، مُبارک ہیں وہ جو غمگین ہیں، کیونکہ وہ تسلّی پائیں گے۔ مُبارک ہیں وہ جو حلیم ہیں، کیونکہ وہ زمین کے وارِث ہوں گے۔ مُبارک ہیں وہ جنہیں راستبازی کی بھُوک اَور پیاس ہے، کیونکہ وہ آسُودہ ہوں گے۔ مُبارک ہیں وہ جو رحم دِل ہیں، کیونکہ اُن پر رحم کیا جائے گا۔ مُبارک ہیں وہ جو پاک دِل ہیں، کیونکہ وہ خُدا کو دیکھیں گے۔ مُبارک ہیں وہ جو صُلح کراتے ہیں، کیونکہ وہ خُدا کے بیٹے کہلایٔیں گے۔ مُبارک ہیں وہ جو راستبازی کے سبب ستائے جاتے ہیں، کیونکہ آسمان کی بادشاہی اُن ہی کی ہے۔ ”مُبارک ہو تُم جَب لوگ تُمہیں میرے سبب سے لَعن طَعن کریں اَور ستائیں اَور طرح طرح کی بُری باتیں تمہارے بارے میں ناحق کہیں۔ تو تُم خُوش ہونا اَور جَشن منانا کیونکہ تُمہیں آسمان پر بڑا اجر حاصل ہوگا۔ اِس لیٔے کہ اُنہُوں نے اُن نبیوں کو بھی جو تُم سے پہلے تھے اِسی طرح ستایا تھا۔ ”تُم زمین کے نمک ہو لیکن اگر نمک کی نمکینی جاتی رہے تو اُسے دوبارہ کیسے نمکین کیا جائے گا؟ تَب تو وہ کسی کام کا نہیں رہتا سِوائے اِس کہ اُسے باہر پھینک دیا جائے اَور لوگوں کے پاؤں سے روندا جائے۔ ”تُم دُنیا کے نُور ہو۔ پہاڑی پر بسا ہُوا شہر چھُپ نہیں سَکتا۔ اَور لوگ چراغ جَلا کر پیمانے کے نیچے نہیں لیکن چراغدان پر رکھتے ہیں تاکہ وہ گھر کے سارے لوگوں کو رَوشنی دے۔ اِسی طرح تمہاری رَوشنی لوگوں کے سامنے چمکے تاکہ وہ تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر تمہارے آسمانی باپ کی تمجید کریں۔ ”یہ نہ سمجھو کہ میں توریت یا نبیوں کی کِتابوں کو منسُوخ کرنے آیا ہُوں؛ میں اُنہیں منسُوخ کرنے نہیں لیکن پُورا کرنے آیا ہُوں۔ کیونکہ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جَب تک آسمان اَور زمین نابُود نہیں ہو جاتے، شَریعت سے ایک نُکتہ یا ایک شوشہ تک جَب تک سَب کُچھ پُورا نہ ہو جائے ہرگز مٹنے نہ پایٔےگا۔ اِس لیٔے جو کویٔی اِن چُھوٹے سے چُھوٹے حُکموں میں سے کسی بھی حُکم کو توڑتا ہے اَور دُوسروں کو بھی یہی کرنا سِکھاتا ہے تو وہ آسمان کی بادشاہی میں سَب سے چھوٹا کہلائے گا؛ لیکن جو اِن پر عَمل کرتا اَور تعلیم دیتاہے؛ وہ آسمان کی بادشاہی میں بڑا کہلائے گا۔ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ جَب تک تمہاری راستبازی شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں سے بہتر نہ ہوگی، تو تُم آسمان کی بادشاہی میں ہرگز داخل نہ ہوگے۔ ”تُم سُن چُکے ہو کہ پُرانے زمانہ کے لوگوں سے کہا گیا تھا کہ ’تُم خُون نہ کرنا اَورجو خُون کرےگا وہ عدالت کی طرف سے سزا پایٔےگا۔‘ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ جو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن یا دوست پر ناحق غُصّہ کرتا ہے تو وہ بھی عدالت کی طرف سے سزا پایٔےگا۔ اَورجو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن کو ’راکا،‘ کہے گا وہ عدالتِ عالیہ میں جَوابدہ ہوگا اَورجو اُنہیں ’بےوقُوف اِنسان!‘ کہے گا وہ جہنّم کی آگ کا سزاوار ہوگا۔ ”چنانچہ، اگر قُربان گاہ پر نذر چڑھاتے وقت تُمہیں یاد آئے کہ تمہارے بھایٔی یا بہن کو تُم سے کویٔی شکایت ہے، تو اَپنی نذر وہیں قُربان گاہ کے سامنے چھوڑ دے اَور جا کر پہلے اَپنے بھایٔی یا بہن سے صُلح کر لے، پھر آکر اَپنی نذر چڑھا۔ ”اگر تمہارا دُشمن تُمہیں عدالت میں لے جا رہا ہو تو راستے ہی میں جلدی سے اُس سے صُلح کر لو ورنہ وہ تُمہیں مُنصِف کے حوالے کر دے گا اَور مُنصِف تُمہیں سپاہی کے حوالہ کر دے گا اَور سپاہی تُمہیں لے جا کر قَیدخانہ میں ڈال دیں گے۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جَب تک تُم ایک ایک پیسہ اَدا نہ کر دوگے، وہاں سے ہرگز نکل نہ پاؤگے۔
پڑھیں متّی 5
سنیں متّی 5
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: متّی 1:5-26
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos