لیکن جَب یُوحنّا نے دیکھا کہ بہت سے فرِیسی اَور صدُوقی پاک غُسل لینے کے لیٔے اُن کے پاس آ رہے ہیں تو اُن سے کہا: ”اَے زہریلے سانپ کے بچّو! تُمہیں کس نے آگاہ کر دیا کہ آنے والے غضب سے بچ کر بھاگ نکلو؟ اَپنی تَوبہ کے لائق پھل بھی لاؤ۔ اَور خُود سے اِس گُمان میں نہ رہنا کہ تُم کہہ سکتے ہو، ’ہم تو حضرت اَبراہامؔ کی اَولاد ہیں۔‘ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ خُدا اِن پتھّروں سے بھی حضرت اَبراہامؔ کے لیٔے اَولاد پیدا کر سَکتا ہے۔ اَب درختوں کی جڑ پر کُلہاڑا رکھ دیا گیا ہے، لہٰذا جو درخت اَچھّا پھل نہیں لاتا وہ کاٹا اَور آگ میں جھونکا جاتا ہے۔ ”میں تو تُمہیں تَوبہ کے لیٔے صِرف پانی سے پاک غُسل دیتا ہُوں لیکن جو میرے بعد آنے والا ہے، وہ مُجھ سے بھی زِیادہ زورآور ہے۔ میں تو اُن کے جُوتوں کو بھی اُٹھانے کے لائق نہیں ہُوں۔ وہ تُمہیں پاک رُوح اَور آگ سے پاک غُسل دیں گے۔ اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے، اَور وہ اَپنی کھلیان کو خُوب پھٹکے گا، گیہُوں کو تو اَپنے کھتّے میں جمع کرےگا لیکن بھُوسے کو اُس جہنّم کی آگ میں جھونک دے گا جو کبھی نہ بُجھےگی۔“ اُس وقت یِسوعؔ صُوبہ گلِیل سے دریائے یردنؔ کے کنارے یُوحنّا سے پاک غُسل لینے آئے۔ لیکن یُوحنّا نے اُنہیں منع کرتے ہُوئے کہا، ”مُجھے تو آپ سے پاک غُسل لینے کی ضروُرت ہے اَور آپ میرے پاس آئے ہیں؟“ یِسوعؔ نے جَواب دیا، ”ابھی تو اَیسا ہی ہونے دو؛ کیونکہ ہمارے لیٔے تو یہی مُناسب ہے کہ ہم ساری راستبازی کو اِسی طرح پُورا کریں۔“ تَب یُوحنّا راضی ہو گیٔے۔ جَیسے ہی یِسوعؔ پاک غُسل لینے کے بعد پانی سے باہر آئے تو آسمان کھُل گیا اَور خُدا کی رُوح کو کبُوتر کی شکل میں اَپنے اُوپر نازل ہوتے دیکھا۔ اَور آسمان سے ایک آواز آئی، ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے، جِس سے میں مَحَبّت کرتا ہُوں؛ جِس سے میں بہت خُوش ہُوں۔“
پڑھیں متّی 3
سنیں متّی 3
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: متّی 7:3-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos