YouVersion Logo
تلاش

متّی 57:26-68

متّی 57:26-68 UCV

جِن لوگوں نے حُضُور عیسیٰ کو گِرفتار کیا تھا وہ آپ کو اعلیٰ کاہِنؔ کائِفؔا کے پاس لے گیٔے جہاں شَریعت کے عالِم اَور بُزرگ لوگ جمع تھے۔ اَور پطرس بھی دُور سے حُضُور عیسیٰ کا پیچھا کرتے ہویٔے اعلیٰ کاہِنؔ کی حویلی کے اَندر دیوان خانہ تک جاپہنچے۔ وہ وہاں پہرہ داروں کے ساتھ بَیٹھ کر نتیجہ کا اِنتظار کرنے لگے۔ اہم کاہِنؔ اَور عدالتِ عالیہ کے سَب اَرکان اَیسی جھوٹی گواہی کی تلاش میں تھے جِس کی بِنا پر اہم کاہِنؔ حُضُور عیسیٰ کو قتل کروا سکیں۔ مگر کُچھ نہ پا سکے، حالانکہ کیٔی جھُوٹے گواہ پیش بھی ہوئے۔ آخِر میں دو گواہ سامنے آئے اَور گواہی دی، ” ’اِس شخص نے کہاتھا کہ میں خُدا کے بیت المُقدّس کو ڈھا کر تین دِن میں پھر سے کھڑا کر سَکتا ہُوں۔‘ “ تَب اعلیٰ کاہِنؔ اُن کے بیچ میں کھڑے ہوکر حُضُور عیسیٰ سے پُوچھنے لگا، ”کیا تیرے پاس کویٔی جَواب نہیں؟ یہ تیرے خِلاف کیا گواہی دے رہے ہیں؟“ مگر حُضُور عیسیٰ خاموش رہے۔ اعلیٰ کاہِنؔ نے پھر پُوچھا، ”میں تُجھے زندہ خُدا کی قَسم دیتا ہُوں: ہمیں بتا کہ کیا تُو خُدا کا بیٹا المسیؔح ہے؟“ حُضُور عیسیٰ نے اُسے جَواب دیا، ”تُم نے خُود ہی کہہ دیا ہے، پھر بھی میں تُم سَب کو بتاتا ہُوں کہ آئندہ تُم اِبن آدمؔ کو قادرمُطلق کی داہنی طرف بیَٹھا اَور آسمان کے بادلوں پر آتا دیکھوگے۔“ تَب اعلیٰ کاہِنؔ نے اَپنے کپڑے پھاڑ کر کہا، ”اِس نے کُفر بکا ہے! اَب ہمیں گواہوں کی کیا ضروُرت ہے؟ تُم نے ابھی ابھی اِس کا کُفر سُنا ہے۔ تمہاری کیا رائے ہے؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”وہ قتل کے لائق ہے۔“ اِس پر آپ کے مُنہ پر تھُوکا، آپ کے مُکّے مارے اَور بعض نے طمانچے مارکر کہا، ”اَے المسیؔح، اگر تو نبی ہے تو نبُوّت کر کہ تُجھے کِس نے مارا؟“

پڑھیں متّی 26

سنیں متّی 26