اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم نے آسمان کی بادشاہی کو لوگوں کے داخلہ کے لیٔے بند کر دیتے ہو، کیونکہ نہ تو خُود داخل ہوتے ہو اَور نہ تو داخل ہونے والے کو داخل ہونے دیتے ہو۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم بیواؤں کے بیواؤں کے گھروں کو ہڑپ کرلیتے ہو اَور دِکھاوے کے طور پر لمبی لمبی دعائیں کرتے ہو۔ تُمہیں زِیادہ سزا ملے گی۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم کسی کو اَپنا مُرید بنانے کے لیٔے سمُندر اَور خُشکی کا سفر کرتے ہو، اَور جَب اَپنا بنا لیتے ہو تو اُسے اَپنے سے دُگنا جہنّمی بنا دیتے ہو۔ ”اَے اَندھے رہنماؤ! تُم پر افسوس! تُم کہتے ہو، ’اگر کویٔی بیت المُقدّس کی قَسم کھائے تو کویٔی حرج نہیں لیکن اگر بیت المُقدّس کے سونے کی قَسم کھائے تو قَسم کا پابند ہوگا۔‘ اَے اَندھوں اَور احمقوں! بڑا کیا ہے: سونا یا بیت المُقدّس جِس کی وجہ سے سونا پاک سمجھا جاتا ہے؟ تُم کہتے ہو کہ، ’اگر کویٔی قُربان گاہ کی قَسم کھائے تو کویٔی حرج نہیں لیکن اگر نذر کی جو اُس پر چڑھائی جاتی ہے، قَسم کھائے تو قَسم کا پابند ہوگا۔‘ اَے اَندھوں! بڑی چیز کون سِی ہے، نذر یا قُربان گاہ جِس کی وجہ سے نذر کو مُقدّس سمجھا جاتا ہے؟ چنانچہ جو کویٔی قُربان گاہ کی قَسم کھاتا ہے وہ قُربان گاہ کی اَور اُس پر چڑھائی جانے والی سَب چیزوں کی قَسم کھاتا ہے۔ اَورجو کویٔی بیت المُقدّس کی قَسم کھاتا ہے وہ بیت المُقدّس کی اَور اُس میں رہنے والے کی قَسم کھاتا ہے۔ اَورجو کویٔی آسمان کی قَسم کھاتا ہے وہ خُدا کے تخت اَور اُس پر بیٹھنے والے کی قَسم کھاتا ہے۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم پودینہ، سونف اَور زیرہ کا دسواں حِصّہ تو خُدا کے نام پر دیتے ہو لیکن شَریعت کی زِیادہ وزنی باتوں یعنی اِنصاف، اَور رحمدلی اَور ایمان کو فراموش کر بیٹھے ہو۔ تُمہیں لازِم تھا کہ یہ بھی کرتے اَور وہ بھی نہ چھوڑتے۔ اَے اَندھے رہنماؤ! تُم مچھّر کو چھانتے ہو مگر اُونٹ کو نگل لیتے ہو۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم پیالے اَور رکابی کو باہر سے تو صَاف کرتے ہو مگر اَندر سے وہ لُوٹ اَور ناراستی سے بھری پڑی ہے۔ اَے اَندھے فرِیسی! پہلے پیالے اَور رکابی کو اَندر سے صَاف کر تاکہ وہ باہر سے بھی صَاف ہو جایٔیں۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم اُن قبروں کی طرح ہو جِن پر سفیدی پھری ہُوئی ہے۔ وہ باہر سے تو خُوبصورت دِکھائی دیتی ہیں لیکن اَندر مُردوں کی ہڈّیوں اَور ہر طرح کی نَجاست سے بھری ہوتی ہیں۔ اِسی طرح تُم بھی باہر سے تو لوگوں کو راستباز نظر آتے ہو لیکن اَندر ریاکاری اَور بے دینی سے بھرے ہُوئے ہو۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم نبیوں کے لیٔے مقبرے بناتے ہو، اَور راستبازوں کی قبریں آراستہ کرتے ہو، اَور تُم کہتے ہو، ’اگر ہم اَپنے باپ دادا کے زمانہ میں ہوتے تو نبیوں کو قتل کرنے میں اُن کا ساتھ نہ دیتے۔‘ یُوں تُم خُود ہی گواہی دیتے ہو کہ تُم نبیوں کو قتل کرنے والوں کی اَولاد ہو۔ غرض تُم اَپنے باپ دادا کی رہی سہی کسر پُوری کر دو۔ ”اَے سانپوں! اَے زہریلے سانپ کے بچّو! تُم جہنّم کی سزا سے کیسے بچوگے؟ اِس لیٔے میں نبیوں، داناؤں اَور شَریعت کے عالِموں کو تمہارے پاس بھیج رہا ہُوں۔ تُم اُن میں سے بعض کو قتل کر ڈالوگے، بعض کو صلیب پر لٹکا دوگے اَور بعض کو اَپنے یہُودی عبادت گاہوں میں کوڑوں سے ماروگے اَور شہر بہ شہر اُن کو ستاتے پھروگے۔ تاکہ تمام راستبازوں کا خُون جو زمین پر بہایا گیا ہے، اُس کا عذاب تُم پر آئے۔ یعنی راستباز ہابلؔ کے خُون سے لے کر بیرکیاہ کے بیٹے زکریاؔہ کے خُون تک کا، جسے تُم نے بیت المُقدّس اَور قُربان گاہ کے درمیان قتل کیا تھا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ یہ سَب کُچھ اِسی زمانہ کے لوگوں پر آئے گا۔ ”اَے یروشلیمؔ! اَے یروشلیمؔ! تُو جو نبیوں کو قتل کرتی ہے اَورجو تیرے پاس بھیجے گیٔے اُنہیں سنگسار کر ڈالتی ہے، مَیں نے کیٔی دفعہ چاہا کہ تیرے بچّوں کو ایک ساتھ جمع کرلُوں، جِس طرح مُرغی اَپنے چُوزوں کو اَپنے پروں کے نیچے جمع کر لیتی ہے، لیکن تُم نے نہ چاہا۔ دیکھو! تمہارا گھر تمہارے ہی لیٔے ویران چھوڑا جا رہاہے۔ اَور مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ تُم مُجھے اُس وقت تک ہرگز نہ دیکھوگے جَب تک یہ نہ کہو گے، ’مُبارک ہے وہ جو خُداوؔند کے نام سے آتا ہے۔‘ “
پڑھیں متّی 23
سنیں متّی 23
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: متّی 13:23-39
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos