YouVersion Logo
تلاش

متّی 14:17-27

متّی 14:17-27 UCV

اَور جَب وہ ہُجوم کے پاس آئے تو ایک آدمی حُضُور عیسیٰ کے پاس آیا اَور آپ کے سامنے گُھٹنے ٹیک کرکہنے لگا۔ ”اَے خُداوؔند، میرے بیٹے پر رحم کر، کیونکہ اُسے مِرگی کی وجہ سے اَیسے سخت دَورے پڑتے ہیں کہ وہ اکثر آگ یا پانی میں گِر پڑتا ہے۔ اَور میں اُسے آپ کے شاگردوں کے پاس لایاتھا لیکن وہ اُسے شفا نہ دے سکے۔“ حُضُور عیسیٰ نے فرمایا، ”اَے بےاِعتقاد اَور ٹیڑھی پُشت، میں کب تک تمہارے ساتھ تمہاری برداشت کرتا رہُوں گا؟ لڑکے کو یہاں میرے پاس لاؤ۔“ حُضُور عیسیٰ نے بَدرُوح کو ڈانٹا اَور وہ لڑکے میں سے نِکل گئی اَور وہ اُسی وقت اَچھّا ہو گیا۔ تَب شاگردوں نے تنہائی میں حُضُور عیسیٰ کے پاس آکر پُوچھا، ”ہم اِس بَدرُوح کو کیوں نہیں نکال سکے؟“ حُضُور نے جَواب دیا، ”اِس لیٔے کہ تمہارا ایمان کم ہے۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ اگر تمہارا ایمان رائی کے دانے کے بَرابر بھی ہوتا، تو، ’تُم اِس پہاڑ سے کہہ سکوگے کہ یہاں سے وہاں سَرک جا،‘ تو وہ سَرک جائے گا۔ اَور تمہارے لیٔے کویٔی کام بھی ناممکن نہ ہوگا۔ لیکن اِس قِسم کی بَدرُوح دعا اَور روزہ کے بغیر نہیں نکلتی۔“ جَب وہ صُوبہ گلِیل میں ایک ساتھ جمع ہوئے تو حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”اِبن آدمؔ آدمیوں کے حوالہ کیا جائے گا۔ وہ اُسے قتل کر ڈالیں گے اَور وہ تیسرے دِن پھر سے جی اُٹھے گا۔“ شاگرد یہ سُن کر نہایت ہی غمگین ہوئے۔ اَور جَب وہ کَفرنحُومؔ میں پہُنچے تَب، دو دِرہم بیت المُقدّس کا محصُول لینے والے پطرس کے پاس آکر پُوچھنے لگے کہ، ”کیا تمہارا اُستاد بیت المُقدّس کا مُقرّرہ محصُول اَدا نہیں کرتا؟“ پطرس نے جَواب دیا، ”ہاں، اَدا کرتا ہے۔“ جَب پطرس گھر میں داخل ہوئے تو حُضُور عیسیٰ نے پہلے یہی فرمایا، ”اَے شمعُونؔ! تمہارا کیا خیال ہے؟ دُنیا کے بادشاہ کِن لوگوں سے محصُول یا جزیہ لیتے ہیں؟ اَپنے بیٹوں سے یا غیروں سے؟“ جَب پطرس نے کہا، ”غیروں سے۔“ تَب حُضُور عیسیٰ نے فرمایا، ”پھر تو بیٹے بَری ہوئے۔ لیکن ہم اُن کے لیٔے ٹھوکر کا باعث نہ ہوں، اِس لیٔے تُم جھیل پر جا کر بَنسی ڈالو اَورجو مچھلی پہلے ہاتھ آئے، اُس کا مُنہ کھولنا تو تُمہیں چار دِرہم کا سِکّہ ملے گا۔ اُسے لے جانا اَور ہم دونوں کے لیٔے محصُول اَدا کردینا۔“

پڑھیں متّی 17