YouVersion Logo
تلاش

متّی 13:16-28

متّی 13:16-28 UCV

جَب حُضُور عیسیٰ قَیصؔریہ فِلِپّی کے علاقہ میں آئے تو آپ نے اَپنے شاگردوں سے پُوچھا، ”لوگ اِبن آدمؔ کو کیا کہتے ہیں؟“ اُنہُوں نے کہا، ”بعض حضرت یحییٰ پاک غُسل دینے والا کہتے ہیں؛ بعض ایلیاؔہ، اَور بعض یرمیاہؔ یا نَبیوں میں سے کویٔی ایک۔“ حُضُور نے اُن سے پُوچھا، ”مگر تُم مُجھے کیا کہتے ہو؟“ شمعُونؔ پطرس نے جَواب دیا، ”آپ زندہ خُدا کے بیٹے المسیؔح ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”اَے یُوناہ کے بیٹے شمعُونؔ! تُو مُبارک ہے کیونکہ یہ بات گوشت اَور خُون نے نہیں لیکن میرے آسمانی باپ نے تُجھ پر ظاہر کی ہے۔ اَور میں تُجھ سے کہتا ہُوں کہ تُو پطرس ہے اَور میں اِس چٹّان پر اَپنی عبادت گاہ قائِم کروں گا اَور عالمِ اَرواح کے دروازے اُس پر غالب نہ آئیں گے۔ میں آسمانی بادشاہی کی کُنجِیاں تُجھے دُوں گا؛ اَورجو کُچھ تُم زمین پر باندھو گے وہ آسمان پر باندھا جائے گا اَورجو کُچھ تُم زمین پر کھولو گے وہ آسمان پر بھی کھولا جائے گا۔“ تَب حُضُور عیسیٰ نے شاگردوں کو حُکم دیا کہ کسی کو مت بتانا کہ میں ہی المسیؔح ہُوں۔ اُس کے بعد حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں پر ظاہر کرنا شروع کر دیا کہ اُنہیں یروشلیمؔ جانا لازمی ہے تاکہ وہ بُزرگوں، اہم کاہِنؔوں اَور شَریعت کے عالِموں کے ہاتھوں بہت دُکھ اُٹھائے، قتل کیاجایٔے اَور تیسرے دِن پھر سے جی اُٹھے۔ تَب پطرس حُضُور کو الگ لے جا کر ملامت کرنے لگے، ”اَے خُداوؔند، خُدا نہ کرے کہ آپ کے ساتھ اَیسا کبھی ہو۔“ حُضُور عیسیٰ نے مُڑ کر پطرس سے فرمایا، ”اَے شیطان! میرے سامنے سے دُورہو جا! تُو میرے لیٔے ٹھوکر کا باعث ہے؛ کیونکہ تیرا دل خُدا کی باتوں میں نہیں، لیکن آدمیوں کی باتوں میں لگا ہے۔“ تَب حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں سے فرمایا، ”اگر کویٔی میری پیروی کرنا چاہتاہے تو اِس کے لیٔے ضروُری ہے کہ وہ اَپنی خُودی کا اِنکار کرے اَور اَپنی صلیب اُٹھائے اَور میرے پیچھے ہولے۔ کیونکہ جو کویٔی اَپنی جان کو باقی رکھنا چاہتاہے وہ اُسے کھویٔے گا لیکن جو کویٔی میری خاطِر اَپنی جان کھویٔے گا وہ اُسے محفوظ رکھےگا۔ اگر کویٔی آدمی ساری دُنیا حاصل کر لے، لیکن اَپنی جان کا نُقصان اُٹھائے تو اُسے کیا فائدہ ہوگا؟ یا آدمی اَپنی جان کے بدلے میں کیا دے گا؟ کیونکہ جَب اِبن آدمؔ اَپنے باپ کے جلال میں اَپنے فرشتوں کے ساتھ آئے گا تَب وہ ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مُطابق اجر دے گا۔ ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ بعض لوگ جو یہاں کھڑے ہیں، جَب تک اِبن آدمؔ کو اَپنی بادشاہی میں آتے ہوئے نہ دیکھ لیں گے، ہر گز نہ مَریں گے۔“

پڑھیں متّی 16