YouVersion Logo
تلاش

متّی 1:13-12, 14-35

متّی 1:13-12 UCV

اُسی دِن حُضُور عیسیٰ گھر سے باہر نِکل کر جھیل کے کنارے جا بَیٹھے۔ حُضُور کے چاروں طرف لوگوں کااِتنا ہُجوم جمع ہو گیا کہ حُضُور عیسیٰ ایک کشتی میں جا بَیٹھے اَور سارا ہُجوم کنارے پر ہی کھڑا رہا۔ تَب حُضُور اُن سے تمثیلوں میں بہت سِی باتیں یُوں کہنے لگے: ”ایک بیج بونے والا بیج بونے نکلا۔ بوتے وقت کُچھ بیج، راہ کے کنارے، گِرے اَور پرندوں نے آکر اُنہیں چُگ لیا۔ کُچھ پتھریلی زمین پر گِرے جہاں مِٹّی کم تھی۔ چونکہ مِٹّی گہری نہ تھی، وہ جلد ہی اُگ آئے۔ لیکن جَب سُورج نکلا، تو جَل گیٔے اَور جڑ نہ پکڑنے کے باعث سُوکھ گیٔے۔ کچھ بیج جھاڑیوں میں گِرے، اَور جھاڑیوں نے پھیل کر اُنہیں دبا لیا۔ لیکن کُچھ اَچھّی زمین پر گِرے اَور پھل لایٔے، کُچھ سَو گُنا، کُچھ ساٹھ گُنا، کُچھ تیس گُنا۔ جِس کے پاس سُننے کے کان ہوں وہ سُن لے۔“ تَب شاگردوں نے حُضُور عیسیٰ کے پاس آکر پُوچھا، ”آپ لوگوں سے تمثیلوں میں باتیں کیوں کرتے ہیں؟“ حُضُور نے جَواب دیا، ”تُمہیں تو آسمان کی بادشاہی کے رازوں کو سمجھنے کی قابِلیّت دی گئی ہے، لیکن اُنہیں نہیں دی گئی ہے۔“ کیونکہ جِس کے پاس ہے اُسے اَور بھی دیا جائے گا اَور اُس کے پاس اِفراط سے ہوگا لیکن جِس کے پاس نہیں ہے، اُس سے وہ بھی جو اُس کے پاس ہے، لے لیا جائے گا۔

پڑھیں متّی 13

متّی 14:13-35 UCV

یسعیاؔہ نبی کی یہ پیشن گوئی اُن کے حق میں پُوری ہوتی ہے: ” ’تُم سُنتے تو رہوگے لیکن سمجھوگے نہیں؛ دیکھتے تو رہوگے لیکن پہچان نہ پاؤگے۔ کیونکہ اِس قوم کے دل شکستہ ہو گئے ہیں؛ وہ اُونچا سُننے لگے ہیں، اَور اُنہُوں نے اَپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ اُن کی آنکھیں دیکھ لیں، اَور اُن کے کان سُن لیں، اَور اُن کے دل سمجھ لیں، اَور وہ میری طرف پھریں، اَور میں اُنہیں شفا بخشُوں۔‘ لیکن تمہاری آنکھیں مُبارک ہیں کیونکہ وہ دیکھتی ہیں اَور تمہارے کان مُبارک ہیں کیونکہ وہ سُنتے ہیں۔ کیونکہ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ بہت سے نَبیوں اَور راستبازوں کی یہ آرزُو تھی کہ جو تُم دیکھتے ہو وہ بھی دیکھیں مگر نہ دیکھ سکے اَورجو تُم سُنتے ہو سُنیں، مگر نہ سُن سکے۔ ”اَب بیج بونے والے کی تمثیل کے معنی سُنو: جَب کویٔی آسمانی بادشاہی کا پیغام سُنتا ہے لیکن سمجھتا نہیں تو جو بیج اُس کے دل میں بویا گیا تھا، شیطان آتا ہے اَور اُسے چھین لے جاتا ہے۔ یہ وُہی بیج ہے جو راہ کے کنارے بویا گیا تھا۔ اَورجو بیج پتھریلی زمین پر گِرا، یہ اُس شخص کی مانِند ہے جو کلام کو سُنتے ہی اُسے خُوشی سے قبُول کر لیتا ہے۔ لیکن وہ اُس کے اَندر جڑ نہیں پکڑ پاتا اَور تھوڑے دِنوں تک ہی قائِم رہ پاتاہے۔ کیونکہ جَب کلام کے سبب سے ظُلم یا مُصیبت آتی ہے تو وہ فوراً گِر پڑتا ہے۔ اَور جھاڑیوں میں گِرنے والے بیج سے مُراد وہ ہیں جو کلام کو سُنتے تو ہیں لیکن دُنیا کی فکر اَور دولت کا فریب اُسے دبا دیتے ہیں اَور وہ پھل نہیں لا پاتاہے۔ لیکن اَچھّی زمین میں بوئے گیٔے بیج، وہ لوگ ہیں جو کلام کو سُنتے اَور سمجھتے ہیں اَور پھل لاتے ہیں، کویٔی سَو گُنا، کویٔی ساٹھ گُنا اَور کویٔی تیس گُنا۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں ایک اَور تمثیل سُنایٔی: ”آسمان کی بادشاہی اُس شخص کی مانِند ہے جِس نے اَپنے کھیت میں اَچھّا بیج بویا۔ لیکن جَب لوگ سو رہے تھے تو اُس کا دُشمن آیا اَور گیہُوں میں زہریلی بُوٹیوں کا بیج بو گیا۔ پس جَب پتّیاں نکلیں اَور بالیں آئیں تو وہ زہریلی بُوٹیاں بھی نموُدار ہو گئیں۔ ”مالک کے خادِموں نے آکر اُس سے کہا، ’حُضُور، کیا آپ نے اَپنے کھیت میں اَچھّا بیج نہیں بویا تھا؟ پھر یہ زہریلی بُوٹیاں کہاں سے آ گئیں؟‘ ”مالک نے جَواب دیا، ’یہ کسی دُشمن کا کام ہے۔‘ ”تَب خادِموں نے مالک سے پُوچھا، ’کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم جا کر اُنہیں اُکھاڑ پھینکیں؟‘ ”لیکن آپ نے فرمایا نہیں، ’کہیں اَیسا نہ ہو کہ زہریلی بُوٹیاں اُکھاڑتے وقت تُم گیہُوں کو بھی نُقصان پہنچا بیٹھو۔ کٹائی تک دونوں کو اِکٹھّا بڑھنے دو اَور کٹائی کے وقت میں کٹائی کرنے وَالوں سے کہہ دُوں گا کہ پہلے زہریلی بُوٹیوں کو جمع کرو اَور جَلانے کے لیٔے اُن کے گٹھّے باندھ لو؛ اَور گیہُوں کو میرے کھتّے میں جمع کردو۔‘ “ حُضُور نے اُنہیں ایک اَور تمثیل سُنایٔی: ”آسمان کی بادشاہی رائی کے دانے کی مانِند ہے، جسے ایک آدمی نے لیا اَور اَپنے کھیت میں بو دیا۔ حالانکہ یہ سَب بیجوں میں سَب سے چھوٹا ہوتاہے مگر جَب بڑھتا ہے تو، باغیچہ کے پودوں میں سَب سے بڑا ہو جاتا ہے اَور گویا اَیسا درخت بَن جاتا ہے کہ ہَوا کے پرندے آکر اُس کی ڈالیوں پر بسیرا کرنے لگتے ہیں۔“ حُضُور نے اُنہیں ایک اَور تمثیل سُنایٔی: ”آسمان کی بادشاہی خمیر کی مانِند ہے جسے ایک خاتُون نے لے کر 27 کِلو آٹے میں مِلا دیا اَور یہاں تک کہ سارا آٹا خمیر ہو گیا۔“ یہ ساری باتیں حُضُور عیسیٰ نے ہُجوم سے تمثیلوں میں کہیں؛ اَور بغیر تمثیل کے وہ اُن سے کُچھ نہ کہتے تھے۔ تاکہ جو بات نبی کی مَعرفت کہی گئی تھی وہ پُوری ہو جائے: ”میں تمثیلوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولوں گا، اَور وہ باتیں بتاؤں گا جو بِنائے عالِم کے وقت سے پوشیدہ رہی ہیں۔“

پڑھیں متّی 13