YouVersion Logo
تلاش

متّی 20:11-30

متّی 20:11-30 UCV

تَب حُضُور عیسیٰ اُن شہروں کو ملامت کرنے لگے جِن میں حُضُور نے اَپنے سَب سے زِیادہ معجزے دکھائے تھے لیکن اُنہُوں نے تَوبہ نہ کی تھی۔ ”اَے خُرازِینؔ! تُجھ پر افسوس، اَے بیت صیؔدا! تُجھ پر افسوس، کیونکہ جو معجزے تمہارے درمیان دکھائے گیٔے اگر صُورؔ اَور صیؔدا میں دکھائے جاتے، تو وہ ٹاٹ اوڑھ کر اَور سَر پر راکھ ڈال کر کب کے تَوبہ کرچُکے ہوتے۔ لیکن میں تُم سے کہتا ہُوں کہ عدالت کے دِن صُورؔ اَور صیؔدا کا حال تمہارے حال سے زِیادہ قابِل برداشت ہوگا۔ اَور تُو اَے کَفرنحُومؔ، کیا تو آسمان تک بُلند کیا جائے گا؟ ہر گز نہیں، بَلکہ تُو عالمِ اَرواح میں اُتار دیا جائے گا۔ کیونکہ یہ معجزے جو تُجھ میں دکھائے گیٔے اگر سدُومؔ میں دکھائے جاتے تو وہ آج کے دِن تک قائِم رہتا۔ لیکن میں تُم سے کہتا ہُوں کہ عدالت کے دِن سدُومؔ کا حال تمہارے حال سے زِیادہ قابِل برداشت ہوگا۔“ اُسی گھڑی حُضُور عیسیٰ نے فرمایا، ”اَے باپ! آسمان اَور زمین کے خُداوؔند! میں آپ کی حَمد کرتا ہُوں کہ آپ نے یہ باتیں عالِموں اَور دانِشوروں سے پوشیدہ رکھیں، اَور بچّوں پر ظاہر کیں۔ ہاں، اَے باپ! کیونکہ آپ کی خُوشی اِسی میں تھی۔ ”ساری چیزیں میرے باپ کی طرف سے میرے سُپرد کر دی گئی ہیں۔ اَور سِوا باپ کے بیٹے کو کویٔی نہیں جانتا ہے، اَور سِوا بیٹے کے کویٔی نہیں جانتا کہ باپ کون ہے اَور سِوائے اُس شخص کے جِس پر بیٹا باپ کو ظاہر کرنے کا اِرادہ کرے۔ ”اَے محنت کشو اَور بوجھ سے دبے ہوئے لوگوں، میرے پاس آؤ اَور میں تُمہیں آرام بخشُوں گا۔ میرا جؤا اَپنے اُوپر اُٹھالو اَور مُجھ سے سیکھو، کیونکہ میں حلیم ہُوں اَور دل کا فروتن اَور تمہاری رُوحوں کو آرام ملے گا۔ کیونکہ میرا جؤا آسان اَور میرا بوجھ ہلکا ہے۔“

پڑھیں متّی 11