پھر حُضُور عیسیٰ نے اَپنے بَارہ شاگردوں کو پاس بُلایا اَور اُنہیں بَدرُوحوں کو نکالنے اَور ہر طرح کی بِیماری اَور تکلیف کو دُور کرنے کا اِختیّار عطا فرمایا۔ اَور بَارہ رسولوں کے نام یہ ہیں: پہلا شمعُونؔ جو پطرس کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں اَور پھر اُن کا بھایٔی اَندریاسؔ؛ زبدیؔ کا بیٹا یعقُوب اَور اُن کا بھایٔی یُوحنّؔا؛ فِلِپُّسؔ اَور برتلماؔئی، توماؔ اَور متّیؔ محصُول لینے والا؛ حلفئؔی کا بیٹا یعقُوب اَور تدّیؔ؛ شمعُونؔ قنانی اَور یہُوداؔہ اِسکریوتی، جِس نے حُضُور سے دغابازی بھی کی تھی۔ حُضُور عیسیٰ نے بَارہ کو اِن ہدایات کے ساتھ روانہ کیا: ”غَیریہُودیوں کے درمیان مت جانا اَور نہ سامریوں کے کسی شہر میں داخل ہونا۔ لیکن اِسرائیلؔ کے گھرانے کی کھوئی ہُوئی بھیڑوں کے پاس جانا اَور چلتے چلتے، اِس پیغام کی مُنادی کرنا: ’آسمان کی بادشاہی نزدیک آ گئی ہے۔‘ بیِماروں کو شفا دینا، مُردوں کو زندہ کرنا، اَور کوڑھیوں کو پاک صَاف کرنا، بَدرُوحوں کو نکالنا۔ تُم نے مُفت میں پایا ہے؛ مُفت ہی دینا۔ ”اَپنے کمربند میں نہ سونا نہ چاندی نہ ہی پَیسے رکھنا، نہ راستے کے لیٔے تھیلا لینا نہ دو دو کُرتے، نہ جُوتے اَور نہ لاٹھی کیونکہ مزدُور اَپنی مزدُوری کا حقدار ہے۔ جَب تُم کسی شہر یا گاؤں میں داخل ہو تو، کسی اَیسے شخص کا پتہ کرو جو اعتبار کے لائق ہو اَور جَب تک تمہارے رخصت ہونے کا وقت نہ آ جائے، اُسی گھر میں ٹھہرے رہو۔ کسی گھر میں داخل ہوتے وقت، سلام کرو۔ اگر وہ گھر تمہاری سلامتی کے لائق ہوگا تو تمہاری سلامتی کی برکت اُس تک پہُنچے گی، اگر لائق نہ ہوگا تو تمہاری سلامتی کی برکت تمہارے پاس واپس آ جائے گی۔ اگر کویٔی تُمہیں قبُول نہ کرے اَور تمہاری بات سُننا نہ چاہیں تو اُس گھر یا شہر کو چھوڑتے وقت اَپنے پاؤں کی گَرد بھی وہاں جھاڑ دینا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ عدالت کے دِن اُس شہر کی نسبت سدُومؔ اَور عمُورہؔ کے علاقہ کا حال زِیادہ برداشت کے لائق ہوگا۔ ”دیکھو، میں تُمہیں گویا بھیڑوں کو بھیڑیوں کے درمیان بھیج رہا ہُوں۔ لہٰذا تُم سانپوں کی طرح ہوشیار اَور کبُوتروں کی مانِند معصُوم بنو۔ مگر خبردار رہنا؛ کیونکہ وہ تُمہیں پکڑکر عدالتوں کے حوالہ کریں گے اَور تُم یہُودی عبادت گاہوں میں کوڑوں سے پیٹے جاؤگے۔ اَور تُم میری وجہ سے حُکاّم اَور بادشاہوں کے سامنے حاضِر کیٔے جاؤگے تاکہ اُن کے اَور غَیریہُودیوں کے درمیان میری گواہی دے سکو۔ لیکن جَب وہ تُمہیں گرفتار کریں تو فکر نہ کرنا کہ ہم کیا کہیں گے اَور کیسے کہیں گے کیونکہ جو کُچھ کہنا ہوگا اُسی گھڑی تُمہیں بتا دیا جائے گا۔ اِس لیٔے کہ بولنے والے تُم نہیں بَلکہ تمہارے آسمانی باپ کا رُوح ہوگا جو تمہارے ذریعہ کلام کرے گا۔ ”بھایٔی اَپنے بھایٔی کو اَور باپ اَپنے بیٹے کو قتل کے لیٔے حوالہ کرے گا، اَور بچّے اَپنے والدین کے خِلاف کھڑے ہوکر اُنہیں قتل کروا ڈالیں گے۔ اَور میرے نام کے سبب سے لوگ تُم سے دُشمنی رکھیں گے، لیکن جو آخِر تک برداشت کرے گا وہ نَجات پایٔےگا۔ جَب لوگ تُمہیں ایک شہر میں ستائیں تو دُوسرے شہر کو بھاگ جانا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ تمہارے اِسرائیلؔ کے سَب شہروں میں سفر ختم کرنے سے پہلے ہی اِبن آدمؔ دوبارہ آ جائے گا۔
پڑھیں متّی 10
سنیں متّی 10
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: متّی 1:10-23
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos