جَب یِسوعؔ نے کنارے پر قدم رکھا تو اُنہیں شہر کا ایک آدمی مِلا جِس میں بدرُوحیں تھیں۔ اُس نے مُدّت سے کپڑے پہننے چھوڑ دئیے تھے اَور وہ کسی گھر میں نہیں، بَلکہ قبروں میں رہتا تھا۔ جَب اُس نے یِسوعؔ کو دیکھا تو زور سے چیخ ماری اَور اُن کے سامنے گرا، اَور چِلّا چِلّاکر کہنے لگا، ”اَے یِسوعؔ، خُداتعالیٰ کے بیٹے، آپ کو مُجھ سے کیا کام؟ مَیں آپ کی مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے عذاب میں نہ ڈالیں۔“ بات یہ تھی کہ یِسوعؔ نے بدرُوح کو اُس آدمی میں سے نکل جانے کا حُکم دیا تھا۔ اکثر بدرُوح اُس آدمی کو بڑی شِدّت سے پکڑ لیتی تھی، اَور لوگ اُسے قابُو میں رکھنے کے لیٔے زنجیروں اَور بِیڑیوں سے جکڑ دیتے تھے، لیکن وہ زنجیروں کو توڑ ڈالتا تھا اَور وہ بدرُوح اُسے بیابانوں میں بھگائے پِھرتی تھی۔ یِسوعؔ نے اُس سے پُوچھا، ”تیرا نام کیا ہے؟“ اُس نے کہا، ”میرا نام لشکر،“ کیونکہ اُس میں بہت سِی بدرُوحیں گھُسی ہویٔی تھیں۔ بدرُوحیں اُس کی مِنّت کرنے لگیں کہ ہمیں بڑے اتھاہ گڑھے میں جانے کا حُکم نہ دے۔ وہاں پہاڑ پر سُؤروں کا ایک بڑا غول چَر رہاتھا۔ اُن بدرُوحوں نے یِسوعؔ سے اِلتجا کرکے کہا کہ ہمیں اُن میں داخل ہو جانے دیں، اَور حُضُور نے اُنہیں جانے دیا۔ چنانچہ بدرُوحیں اُس آدمی میں سے نکل کر سُؤروں میں داخل ہو گئیں اَور اُس غول کے سارے سُؤر ڈھلان سے جھیل کی طرف لپکے اَور ڈُوب مَرے۔ یہ ماجرا دیکھ کر سُؤر چَرانے والے بھاگ کھڑے ہویٔے اَور اُنہُوں نے شہر اَور دیہات میں اِس بات کی خبر پہُنچائی۔ لوگ اِس ماجرے کو دیکھنے نکلے اَور یِسوعؔ کے پاس آئے۔ جَب اُنہُوں نے اُس آدمی کو جِس میں سے بدرُوحیں نکلی تھیں، کپڑے پہنے اَور ہوش میں یِسوعؔ کے پاؤں کے پاس بیٹھے دیکھا تو خوفزدہ رہ گیٔے۔ اِس واقعہ کے دیکھنے والوں نے اُنہیں بتایا کہ وہ آدمی جِس میں بدرُوحیں تھیں کس طرح اَچھّا ہُوا۔ چونکہ گِراسینیوں کے آس پاس کے علاقہ کے سارے باشِندے دہشت زدہ ہو گئے تھے اِس لیٔے یِسوعؔ سے مِنّت کی کہ آپ ہمارے پاس سے چلے جایٔیں۔ لہٰذا وہ کشتی میں سوار ہوکر واپس جانے لگے۔ اَور اُس آدمی نے جِس میں سے بدرُوحیں نکلی تھیں یِسوعؔ کی مِنّت کی کہ مُجھے اَپنے ہی ساتھ رہنے دیں۔ لیکن یِسوعؔ نے اُسے رخصت کرکے کہا، ”اَپنے گھر لَوٹ جا اَور لوگوں کو بتا کہ خُدا نے تیرے لیٔے کیا کُچھ کیا ہے۔“ چنانچہ وہ وہاں سے چلا گیا اَور سارے شہر میں اُن مہربانیوں کا جو یِسوعؔ نے اُس پر کی تھیں، چَرچا کرنے لگا۔
پڑھیں لُوقا 8
سنیں لُوقا 8
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: لُوقا 27:8-39
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos