پھر یِسوعؔ گلِیل کے ایک شہر کَفرنحُومؔ کو چلے گیٔے جہاں وہ سَبت کے دِن تعلیم دیتے تھے۔ اَور لوگ یِسوعؔ کی تعلیم سُن کر دنگ رہ گیٔے کیونکہ حُضُور صاحبِ اِختیار کی طرح تعلیم دے رہے تھے۔ یہُودی عبادت گاہ میں ایک شخص تھا جِس میں بدرُوح تھی۔ وہ بڑی اُونچی آواز سے چِلّانے لگا، ”اَے یِسوعؔ ناصری، یہاں سے چلے جایٔیں! آپ کو ہم سے کیا کام؟ کیا آپ ہمیں ہلاک کرنے آئے ہیں؟ میں جانتا ہُوں کہ آپ کون ہیں؟ آپ ہی خُدا کے قُدُّوس ہیں!“ ”خاموش ہو جا!“ یِسوعؔ نے بدرُوح کو جِھڑکا اَور کہا، اَور اِس آدمی میں سے ”نکل جا!“ اِس پر بدرُوح نے اُس آدمی کو اُن کے درمیان زمین پر پٹکا اَور اُسے ضرر پہُنچائے بغیر اُس میں سے نکل گئی۔ سَب لوگ حیرت زدہ ہوکر ایک دُوسرے سے کہنے لگے کہ، ”یہ کیسا کلام ہے؟ وہ اِختیار اَور قُدرت کے ساتھ بدرُوحوں کو حُکم دیتاہے اَور وہ نکل جاتی ہیں!“ اَور آس پاس کے ہر علاقہ میں حُضُور کی شہرت بڑی تیزی پھیل گئی۔ یہُودی عبادت گاہ سے نکل کر یِسوعؔ شمعُونؔ کے گھر پہُنچے۔ شمعُونؔ کی ساس تیز بُخار میں مُبتلا تھی۔ شاگردوں نے یِسوعؔ سے اُسے ٹھیک کرنے کی درخواست کی۔ اَور یِسوعؔ نے اُس کی طرف جُھک کر بُخار کو جِھڑکا اَور وہ اُتر گیا۔ وہ فوراً اُٹھی اَور اُن کی خدمت میں لگ گئی۔ سُورج ڈُوبتے ہی لوگ گھروں سے مُختلف بیماریوں والے مَریضوں کو یِسوعؔ کے پاس لائے اَور آپ نے ایک ایک پر ہاتھ رکھے اَور اُنہیں شفا بخشی۔ اَور بدرُوحیں بھی چِلّاتی ہُوئی، اَور یہ کہتی ہُوئی کہ، ”تُو خُدا کا بیٹا ہے!“ کیٔی لوگوں میں سے نکل جاتی تھیں چونکہ اُنہیں مَعلُوم تھا کہ، وہ المسیح ہیں۔ یِسوعؔ اُنہیں جھڑکتے تھے اَور بولنے نہ دیتے تھے۔ صُبح ہوتے ہی یِسوعؔ نکل کر کسی ویران جگہ چلے جاتے تھے۔ لوگ ہُجوم در ہُجوم آپ کو ڈھونڈتے ہُوئے آپ کے پاس آ جاتے تھے اَور آپ کو روکنے کی کوشش کرتے تھے کہ ہمارے پاس سے نہ جایٔیں۔ لیکن یِسوعؔ نے اُن سے کہا، ”مُجھے دُوسرے شہروں میں بھی خُدا کی بادشاہی کی خُوشخبری سُنانا ضروُری ہے کیونکہ مَیں اِسی مقصد سے بھیجا گیا ہُوں۔“ اَور یِسوعؔ یہُودیؔہ صُوبہ کے یہُودی عبادت گاہوں میں مُنادی کرتے رہے۔
پڑھیں لُوقا 4
سنیں لُوقا 4
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: لُوقا 31:4-44
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos