لُوقا 50:23-56

لُوقا 50:23-56 UCV

یُوسیفؔ نام کا ایک آدمی تھا، وہ یہُودیوں کی عدالتِ عالیہ کا ایک رُکن تھا اَور بڑا نیک اَور راستباز تھا، وہ عدالتِ عالیہ کے اراکین کے فیصلہ اَور عَمل کے حق میں نہ تھا۔ وہ یہُودیوں کے شہر ارِمَتِیاؔہ کا باشِندہ تھا، اَور خُدا کی بادشاہی کا مُنتظر تھا۔ اُس نے پِیلاطُسؔ کے پاس جا کر یِسوعؔ کی لاش مانگی۔ اَور لاش کو صلیب پر سے اُتار کر مہین سُوتی چادر میں کفنایا، اَور اُسے ایک قبر میں رکھ دیا، جو چٹّان میں کھودی گئی تھی، جِس میں کبھی کسی کو دفنایا نہیں گیا تھا۔ وہ تیّاری کا دِن تھا، اَور سَبت کا دِن شروع ہونے ہی والا تھا۔ وہ عورتیں جو گلِیل سے یِسوعؔ کے ساتھ آئی تھیں، یُوسیفؔ کے پیچھے پیچھے گئیں اَور اُنہُوں نے اُس قبر کو اَور یِسوعؔ کی لاش کو دیکھا کہ کس طرح اُس میں رکھا گیا ہے۔ تَب وہ گھر لَوٹ گئیں اَور اُنہُوں نے خُوشبودار مَسالے اَور عِطر تیّار کیا اَور شَریعت کے حُکم کے مُطابق سَبت کے دِن آرام کیا۔